یورپ (رپورٹس)

جلسہ یوم مصلح موعود جماعت احمدیہ فرانس

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرانس نے مورخہ 20؍فروری 2022ء کو جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کیا۔ یہ جلسہ کووڈ کی پابندیاں ہٹنے کے بعد پہلا اجتماع تھا۔ ابھی انتظامیہ کو علم نہیں تھا کہ 20؍ فروری تک کیا ملکی حالات ہوں گے۔ لہٰذا یہی فیصلہ کیا گیا کہ اس جلسہ کو آن لائن کیا جائے۔ چنانچہ اس جلسہ کی کارروائی MTA فرانس کے Youtube چینل پر دو لنکس کے ذریعہ، ایک اردو سننے والوں کے لیے اور دوسرا فرنچ سننے والوں کے لیے لائیو نشر کی گئی۔ اس جلسہ کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ مسجد مہدی سٹراس برگ، جماعت لل والنسیین اور بیت العافیت لیوں سے بھی احباب جماعت جماعتی انتظام کے تحت ویڈیو لنک کے ذریعہ شامل ہوئے۔

مگر جب حکومت کی طرف سے پابندی ہٹادی گئی تو پھر اعلان کیا گیا کہ جو مسجد مبارک سینٹ پری میں آنا چاہتا ہے وہ آسکتا ہے مگر ماسک اور ویکسین پاس کے ساتھ۔

اس جلسہ کا آغاز سورۃ الجمعہ کی آیات 1تا 5کی تلاوت سے ہوا جو مکرم ابصار احمد نے مع اردو ترجمہ کی۔ بعد ازاں مکرم فہیم احمد نیاز صاحب نے بڑی خوش الحانی سے منظوم کلام حضرت مصلح موعودؓ ’’نو نہالان جماعت مجھے کچھ کہنا ہے‘‘ میں سے چند اشعار پڑھے۔ اس کے بعد ایک فرنچ تقریر مکرم عدنان حیدر صاحب کی ’پیشگوئی مصلح موعود‘ کے موضوع پر تھی۔ ان کی گزارشات کے بعد مکرم عطاءالعلیم صاحب صدر جماعت لیوں نے ’حضرت مصلح موعودؓ کی تبلیغ اسلام‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ آپ کی تقریر فرنچ زبان میں تھی۔ اس کے بعد مکرم بلال اکبر صاحب مربی سلسلہ سٹراس برگ نے آن لائن مسجد مہدی سٹراس برگ سے تقریر کی۔ آپ کی تقریر کا عنوان تھاحضرت مصلح موعودؓ کی علمی خدمت۔ اس کے بعد مکرم اطہر کاہلوں صاحب صدر جماعت سٹراس برگ نے کورونا کے حوالہ سے حکومتی قوانین بتائے۔ جس کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ لل والنسیین کے ایک گروپ نے آن لائن ترانہ

اے فضل عمر تیرے اوصاف کریمانہ

پیش کیا۔

ترانے کے بعد مشنری انچارج مکرم نصیر احمد شاہد صاحب نے اپنی گزارشات پیش کیں۔ آپ نے حضرت مصلح موعودؓ کے صبر اور حوصلہ کے بارہ میں بتایا کہ کس طرح حضورؓ نے غیرمبائعین کی بد سلوکیوں کے سامنے حوصلے اور صبر کا مظاہرہ کیا۔ اس جلسہ کی آخری تقریر مکرم اسلم دوبوری صاحب قائم مقام امیر جماعت فرانس کی تھی جنہوں نے یوم مصلح موعودؓ کے حوالہ سے بتایا کہ ہم یہ دن کیوں مناتے ہیں۔

دعا کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ بعد ازاں احباب کی خدمت میں کھانا پیک کر کے دیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اردو لنک کے 913جبکہ فرنچ لنک کے 855 viewsتھے جبکہ حاضر احباب و خواتین کی تعداد 103تھی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ فرانس کو مزید ترقیات سے نوازے۔ آمین ثم آمین۔

(رپورٹ: منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button