نمازِ جنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 21؍فروری 2022ء بروز سوموار 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم چودھری حمید احمد صاحب (ایسٹ لندن۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 06مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم چودھری حمید احمدصاحب ( ایسٹ لندن۔یوکے) 15؍فروری2022ء کو84سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم چودھری رشید احمد صاحب مرحوم(سابق پریس سیکرٹری) اور مکرم ڈاکٹر چودھری ناصر احمد صاحب (چیئر مین مرزا شریف احمد فاؤنڈیشن) کے بھائی تھے۔ آپ پاکستان سے 2012ءمیں لندن آئے اور اپنی بیٹی کے پاس رہ رہے تھے۔ مرحوم نے فیکٹری ایریا شاہدرہ لاہور میں بطور قائد مجلس خدام الاحمدیہ خدمت کی توفیق پائی اور اس دوران آپ کی قیادت نے علم انعامی بھی حاصل کیا۔ اسی طرح 1973ءکے خوفناک سیلاب کے دوران خدمت خلق کی توفیق پائی۔ مرحوم خود بھی نمازوں کے پابند تھے اور اپنی اولاد کو بھی اس کی تلقین کیا کرتے تھے۔ خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا گہراتعلق تھا ۔اپنی اولاد میں بھی خلافت سے محبت پید ا کی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔
نماز جناز ہ غائب
-1مکرم معین الدین احمد صاحب (سابق امیر جماعت واہ کینٹ ۔حال کیلگری ۔کینیڈا)
12؍جنوری 2022ءکو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے نانا حضر ت میاں مولا بخش صاحب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔واہ کینٹ کی جماعت میں امین ، نائب امیر اور امیر جماعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ واہ آرڈیننس فیکٹری سے جنرل مینیجر کے عہدہ سے ریٹائر ہونے کے بعد1996ءمیں کینیڈا شفٹ ہو گئے اور وہاں بھی دو تین سال کیلگری جماعت میں جنرل سیکرٹری کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ جماعتی خدمت کو نہ صرف خود ہر کام پر ترجیح دیتے بلکہ بچوں کو بھی اس کی ترغیب دلاتے تھے۔خلافت کے ساتھ نہایت عقیدت کا تعلق تھا۔ بہت زندہ دل اور ہمدرد انسان تھے ۔ کسی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے جہاں تک ممکن ہوتاکوشش کرتے ۔ بہت مہمان نواز تھے ۔ باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت اورحضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کا مطالعہ کرتے تھے۔ اللہ تعالی کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک پوتے مکرم قاصد معین احمد صاحب مربی سلسلہ ہیں اور آجکل بطور ایڈیٹر اخبار الحکم( یوکے) خدمت کی توفیق پا رہے ہیں ۔
-2مکرمہ امۃ الحفیظ صاحبہ اہلیہ مکرم محبوب احمد خان صاحب(لاہور)
9؍مئی 2021ءکو 82 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ نے لاہور کے حلقہ رحمان پورہ میں صدر لجنہ کے علاوہ بعض اور عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھاتی تھیں۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔
-3مکرم محمود احمد چیمہ صاحب ابن مکرم میاں خان چیمہ صاحب(دلاور چیمہ ضلع گوجرانوالہ)
27؍اگست 2021ءکو 64 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم نہایت شریف النفس اور مخلص انسان تھے۔لمبا عرصہ نگران حلقہ کھیوے والی اور زعیم انصاراللہ دلاور چیمہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی ۔مرکزی اور ضلعی عہدیداران کا بہت احترام کرتے اور مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔مقامی مسجد کے قیام اور تعمیر میں بنیادی کردار ادا کیا۔ایک مرتبہ ضلع گوجرانوالہ میں مقامی تعمیر نو کے لیے دس لاکھ روپے کی خطیر رقم دینے کا وعدہ کیا اور ایک ماہ کی قلیل مدت میں ادائیگی بھی کردی ۔ مرحوم موصی تھے۔
-4مکرم شریف الدین صاحب ابن مکرم احمد دین صاحب (کلر کہارضلع چکوال)
30؍اکتوبر 2021ءکو 58سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے صدر جماعت کلر کہار کے علاوہ سیکرٹری مال اور زعیم انصار اللہ کے طورپر بھی خدمت کی توفیق پائی ۔بہت اطاعت گزار اور نظام جماعت اور خلافت کے ساتھ وفا کا تعلق رکھنے والے ایک مخلص انسان تھے۔ مربیان اور ضلعی عہدیدران کا بہت احترام کرتے تھے۔مرحوم موصی تھے۔
-5مکرمہ عظمت فرزانہ صاحبہ(سکندر آباد۔انڈیا)8؍ فروری 2022ءکو 56سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے پڑنانا محترم غلام قادر شرق صاحب بنگلوری نے خط کے ذریعہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کی سعادت حاصل کی۔ مرحومہ نہایت نیک ، ہمدرد ، خلافت سے بے پناہ محبت کرنے والی ، ہرایک کے ساتھ نیک سلوک کرنے والی ایک باوفا خاتون تھیں۔آپ نے مقامی سطح پر لجنہ کی سیکرٹری ضیافت کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹا شامل ہے ۔آپ مکرم عمر شریف ساحل صاحب (ایم ٹی اے لندن) کی خالہ زاد بہن تھیں۔
-6مکرم عبد النور ناصر صاحب (المعروف نور سائیکل ورکس ربوہ۔حال کینیڈا)
14؍جنوری 2022ءکو58سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ سابق درویش قادیان مکرم عبد الستار ناصر صاحب مرحوم کے بیٹے تھے۔صوم وصلوٰۃ کے پابند اور روزانہ باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والے ، محنتی ، ملنسار، غریب پروراور خوش اخلاق انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ عشق کی حدتک پیار تھا۔ چندوں میں باقاعدہ تھے اور بچوں کو بھی اس کی تلقین کیا کرتے تھے ۔مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔
اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭
مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 23؍فروری 2022ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ بشریٰ وسیم ورک صاحبہ (اہلیہ مکرم وسیم احمد ورک صاحب ۔ صدر جماعت ومبلڈن ، یوکے )کی نماز جنازہ حاضر اور 06مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرمہ بشریٰ وسیم صاحبہ (اہلیہ مکرم وسیم احمد ورک صاحب۔صدر جماعت وِمبلڈن، یوکے)
19؍فروری2022ء کو 43 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ کے والد مکرم محمد اقبال چیمہ صاحب کا تعلق ضلع گوجرانوالہ سے تھا جنہوں نے 1971ءمیں خود بیعت کی تھی۔ مرحومہ پیدائشی احمدی تھیں ۔ مرحومہ انتہائی خوش گفتار، خوش اخلاق، مہمان نواز، لازمی چندہ جات میں باقاعدہ اور مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں ۔ خلافت سے ہمیشہ وفا کا تعلق رکھنے والی خاتون تھیں اور اپنے بچوں کو بھی ہمیشہ خلافت کا وفادار رہنے کی تلقین کرتیں ۔ جماعتی خدمت میں پیش پیش رہتی تھیں۔ لجنہ کی لوکل مجلس میں مختلف حیثیتوں سے خدمت کی توفیق پائی ۔آپ بڑی پرہیز گار ، صوم وصلوٰۃ کی پابند اور غرباء کا خیال رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں ۔ مرحومہ موصیہ تھیں ۔پسماندگان میں شوہر کے علاوہ ایک بیٹی ، دو بیٹے اور تین ہمشیرگان شامل ہیں۔
نماز جناز ہ غائب
-1مکرم سی سلیم احمد صاحب(کیرلہ ۔بھارت۔ سابق صدر جماعت دبئی )
29؍جنوری 2022ءکو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔1963ءمیں دبئی آئے اور آتے ہی دوسرے احمدیوں کی تلاش شروع کی اور پھر جماعتی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ 1972میں ایک بڑا گھر کرائے پر لے کر دبئی میں باقاعدہ جمعوں کا آغاز کیا۔ 1989ء میں جب دبئی کو شارجہ سے الگ جماعت بنا دیا گیا تو سی سلیم احمد صاحب اس کے پہلے صدر جماعت مقرر ہوئے ۔ مرحوم نہایت محنت اور اخلاص کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔ مرحوم بہت مخلص اور خلافت سے عقیدت اور محبت کا تعلق رکھنے والے ایک نیک دل انسان تھے۔
-2مکرمہ جمیلہ کوثر صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الغفار احمد صاحب(رلیوکے ضلع سیالکوٹ)
16؍دسمبر2021ءکو58سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ کو سیکرٹری مال اور نگران حلقہ کے طور پر مختلف جماعتی خدمتوں کی توفیق ملی۔ قرآن کریم سے بہت لگاؤ تھا ۔جب بھی موقع ملتا قرآن کریم کی تلاوت کرنے بیٹھ جاتیں۔ احمدی بچیوں کے علاوہ بہت سے غیر احمدی بچوں کو بھی قرآن کریم پڑھایا ۔ آپ ایک دعا گو، عبادت گزار، نمازیں باقاعدگی سے ادا کرنے والی ، صابرہ شاکرہ ، اطاعت گزار، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔بہت سادہ زندگی گزاری۔ اللہ تعالیٰ پر بہت توکل اور بھروسہ تھا۔
-3مکرمہ ظہرہ بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم عطا ء اللہ صاحب (شہید گھٹیالیاں ،سیالکوٹ ۔حال کینیڈا)
15؍دسمبر 2021ءکو کینیڈا میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ نے حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کے دور میں بیعت کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد کا باقاعدگی سے التزام کرنے والی ،قرآن کریم سے گہرا لگاؤ رکھنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ تبلیغ کا بہت شوق اور جذبہ رکھتی تھیں ۔
-4 مکرمہ امۃ المجید سلطان صاحبہ بنت مکرم بشیر احمد صاحب(لاہور)
25؍ اکتوبر 2021ءکو 62 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ نے مجلس دہلی گیٹ کے حلقہ پراچہ کالونی میں بطورصدر لجنہ خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجدگزار،قرآن کریم کی باقاعدگی سے تلاوت کرنے والی ایک نیک فطرت خاتون تھیں ۔
-5 عزیزم ثاقب محمود ابن مکرم ارشد محمود صاحب (ربوہ)
12؍دسمبر 2021ءکو 17 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ وقف نو کی تحریک میں شامل تھے اور میٹرک کے بعد جامعہ میں داخلہ کے خواہش مند تھے۔اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ ہمیشہ بڑی خوش مزاجی سے پیش آتے۔نمازوں کے پابند ،بہت صابر ، والدین کی خدمت کرنے والے اور ان کا خیال رکھنے والے ایک فرمانبردار نوجوان تھے۔قرآن کریم کا دور ساڑھے چار سال کی عمر میں مکمل کیا۔
-6عزیزم حسبان احمد صاحب ابن مکرم عثما ن احمد صاحب ( حلقہ گلشن سرسید کراچی)
عزیز12؍جنوری 2022ء کو اچانک گھر سے لاپتہ ہوا اور پھر 20؍جنوری2022ء کو اس کی نعش قریبی نالہ سے برآمدہوئی ۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔عزیز کی عمر ساڑھے چار سال تھی اور وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل تھا۔پسماندگان میں والدین کے علاوہ ایک بھائی بعمرڈیڑھ سال شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔
اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭