نماز جمعہ کی اہمیت
آیت اَلۡیَوۡمَ اَکۡمَلۡتُ لَکُمۡ دِیۡنَکُمۡ (المائدہ: 4)کے متعلق فرمایا: ’’کہتے ہیں جب یہ آیت اتری وہ جمعہ کا دن تھا۔ حضرت عمررضی اللہ تعالیٰ عنہ سے کسی یہودی نے کہا کہ اس آیت کے نزول کے دن عید کرلیتے۔ حضرت عمرؓ نے کہا کہ جمعہ عید ہی ہے۔ مگر بہت سے لوگ اس عید سے بے خبر ہیں۔ دوسری عیدوں کو کپڑے بدلتے ہیں لیکن اس عید کی پروا نہیں کرتے اور میلے کچیلے کپڑوں کے ساتھ آتے ہیں۔ میرے نزدیک یہ عید دوسری عیدوں سے افضل ہے۔ اسی عید کے لئے سورہ جمعہ ہے اور اسی کے لئے قصر نماز ہے۔‘‘
(ملفوظات جلد 8 صفحہ 399 ایڈیشن 1984ء)
’’روز جمعہ ایک اسلامی عظیم الشان تہوار ہےاور قرآن شریف نے خاص کر کے اس دن کو تعطیل کا دن ٹھہرایا ہے اور اس بارے میں خاص ایک سورۃ قرآن شریف میں موجودہے جس کانام سورۃ الجمعۃ ہےاور اس میں حکم ہے کہ جب جمعہ کی بانگ دی جائے تو تم دنیا کا ہر ایک کام بند کر دو اور مسجدوں میں جمع ہو جاؤ اور نماز جمعہ اس کی تمام شرائط کے ساتھ ادا کرو اور جو شخص ایسا نہ کرے گا وہ سخت گنہ گار ہے…‘‘۔
(الحکم24؍جنوری1903ءصفحہ5)