اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

سانحہ ارتحال

٭…شاہد معین احمد صاحب واقفِ زندی شعبہ مرکزی ایمز (AIMS) اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کے والد محترم معین الدین احمد صاحب سابق امیر جماعت احمدیہ واہ کینٹ (پاکستان) مورخہ 12؍ جنوری 2022ء کو کینیڈا میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

آپ فروری 1934ء میں گڑھ شنکر ضلع ہوشیار پور میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کی۔ قیامِ پاکستان کے بعد جڑانوالہ میں قیام پذیر ہوئے۔ 1953ء میں تعلیم الاسلام کالج لاہور سے بی ایس سی کیا اور پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ کینٹ میں ملازمت اختیار کر لی۔ آپ نے دورانِ ملازمت ایم ایس سی کیمیا کا امتحان پاس کیا۔ مزید برآں اپنے ادارے کے ایک اندرونی امتحان میں متحدہ پاکستان بھر میں اوّل پوزیشن حاصل کی۔ 1994ء میں بطور جنرل مینیجر ریٹائرڈ ہوئے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے ازراہِ شفقت ان کی اس کامیابی کے ساتھ سروس کرنے پر اظہارِ خوشنودی بھی فرمایا۔ والد محترم 1996ء میں کینیڈا منتقل ہو گئے۔

آپ 1991ءسے1996ء تک بطور امیر جماعت واہ کینٹ خدمات سرانجام دیتے رہے نیز عرصہ قریباً بیس سال جماعت احمدیہ واہ کینٹ کے ’امین‘ رہے۔ کینیڈا منتقل ہونے کے بعد دو سے تین سال تک بطور جنرل سیکرٹری جماعت کیلگری خدمت کی توفیق پائی۔

جماعتی خدمت کو نہ صرف خود ہر کام پر ترجیح دیتے بلکہ بچوں کو بھی ہمیشہ اس کی ترغیب دلاتے۔ خلافت کے ساتھ نہایت عقیدت کا تعلق تھا۔ نہایت زندہ دل اور ہمدرد انسان تھے۔ کسی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے جہاں تک ممکن ہوتا کوشش کرتے۔ بہت مہمان نواز تھے۔

1989ءمیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز خلافت سے پہلے ایک وفد کے ساتھ واہ کینٹ تشریف لائے تو محترم مربی صاحب کی درخواست پر ہمارے زیر تعمیر گھر میں دعا کے لیے تشریف لائے جو ہمارے لیے ایک نہایت تاریخی موقع تھا۔

2012ءکے بعد زیادہ تر وقت باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب پڑھنے میں گزارا اور اس دوران پانچ مرتبہ روحانی خزائن کا دور مکمل کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک پوتے مکرم قاصد معین احمد صاحب مربی سلسلہ ہیں اور آجکل بطور ایڈیٹر اخبار الحکم خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

احباب جماعت سے ان کی مغفرت اور بلندی ٔدرجات کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button