نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِجنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 16؍فروری 2022ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم چودھری محمد اشرف سندھی صاحب (لندن۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 09مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم چودھری محمد اشرف سندھی صاحب (لندن۔ یوکے)

13؍فروری 2022ء کو87سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق گورداسپور سے تھا۔ آپ نے 11سال کی عمر میں حضرت مصلح موعود ؓ کے ہاتھ پر بیعت کی تو فیق پائی اور پھر اپنے خاندان کے باقی افراد کو بھی جماعت میں شامل کیا۔ پارٹیشن کے بعد سندھ میں جماعت کی اراضی پر کام کیا۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند تھے۔ حضرت مسیح موعودؑ اور خلفاء کی تحریرات اور کلام پڑھ کر ہمیشہ اشکبارہو جاتے تھے۔ 2006ء میں پاکستان سے ڈبلن آئر لینڈ منتقل ہو گئے۔ گزشتہ سال اپنے بیٹے کے پاس ٹوٹنگ (لندن )آگئے اور یہیں پر وفات پائی۔آپ کو اسیر راہ مولیٰ رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور آٹھ بیٹیاں شامل ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

1۔ مکرمہ ممتاز بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری شبیر احمد صاحب (فیصل آباد)

8؍جنوری 2022ء کو 78سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند ،باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی نرم مزاج ، ملنسار، مہمان نواز، غریبوں کی ہمدرد،ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔خلافت سے والہانہ عقیدت رکھتی تھیں۔مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

2۔ مکرم چودھری سلطان احمد صاحب گھمن(ڈگری گھمناں۔ضلع سیالکوٹ)

23؍جنوری 2022ء کو 102سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند، دعا گو، خوش اخلاق ، ہنس مکھ، نیک ، مخلص اور ہر دلعزیز انسان تھے۔چندہ جات کی ادائیگی میں بہت باقاعدہ تھے۔ مرحوم موصی تھے۔

3۔ مکرمہ نذیر بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم ملک بہاول بخش صاحب(کھوکھر غربی ضلع گجرات)

26؍دسمبر 2021ء کو 93سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ لجنہ کی فعال رکن تھیں اور مختلف عہدوں پر بڑی دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ خدمت کرتی رہیں۔ دعوت الی اللہ کا بھی بہت شوق تھااور چار بیعتیںکروانے کی بھی توفیق پائی۔ صوم و صلوٰۃ کی پابند، باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والی، بہت ملنسار، غریب پرور، ہمدرداور نیک خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ وفا اور اخلاص کا تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

4۔ مکرم ملک سراج دین صاحب ابن مکرم ملک جان محمد صاحب (ربوہ)

16؍دسمبر 2021ء کو 81سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے 1963ء میں بیعت کرکے جماعت میں شمولیت اختیار کی۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، دعا گو، ہمدرد، غریب پرور، ایک دیندار اور مخلص انسان تھے۔ چندہ جات بڑی باقاعدگی سے ادا کرتے اور خلافت اور نظام جماعت کا بہت احترام کرتے تھے ۔مرحوم موصی تھے۔

5۔ مکرم عبدالعزیز خان صاحب (سٹن۔یوکے)

26؍جون 2021ء کو 79سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم عبدالحئی خان صاحب (آف صوابی ،مردان) کے بیٹے اور مکرم مولوی محمدالیاس خان صاحب کے پوتے تھے۔ مرحوم کو جماعت میں مختلف عہدوں پر خدمات بجالانے کی توفیق ملی ۔ مرحوم کو اپنے پشاور قیام کے دوران بطور صدر جماعت اور جنرل سیکرٹری اور جرمنی قیام کے دوران ممبر مجلس شوریٰ اور MTA جرمنی کی انتظامیہ میں خدمت کرنے کا موقع ملا۔آپ انتہائی نیک، جماعت کی خدمت کر نے والے،خلافت کے گرویدہ اور ایک فدائی احمدی تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ مکرمہ پروین سعید صاحبہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں ۔

6۔ مکرمہ خورشید بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم محمود احمد سراء صاحب (چک نمبر 6/11L ضلع ساہیوال)

27؍دسمبر2021ءکو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ ایک نیک مخلص اور باوفا خاتون تھیں اور اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔آپ مکرم محمد آصف سراء صاحب( مربی سلسلہ ضلع ملتان) کی والدہ تھیں۔

7۔ مکرم مبشراحمد کلیم صاحب (لندن۔یوکے)

3؍فروری 2022ء کو 76سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق چک مراد ضلع بہاولپور سے تھا۔ آپ ایک سیکنڈری سکول ٹیچر تھے اور 2005ء میں ریٹائر ہوئے۔ دو سال سے یو کے میں اپنے بیٹوں کے پاس رہ رہے تھے۔ آپ کے دادامکرم حاجی کریم بخش صاحب آف قادیان کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دستی بیعت کا شرف حاصل ہوا۔ مرحوم کو چک مراد بہاولپور میں مختلف حیثیتوں سے جماعتی خدمت کی توفیق ملی۔ آپ کو دعوت الی اللہ کا بہت شوق تھا اور تو کل علی اللہ میں بھی بہت بڑھے ہوئے تھے۔ کینسر کی تکلیف دہ بیماری کے دوران مرحوم نے بہت صبرواستقامت کا مظاہرہ کیا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں ۔

8۔ مکرم ڈاکٹر ماجد حامد صاحب ابن مکرم ڈاکٹر عبد المغنی صاحب(کینیڈا)

جنوری 2022ء میں 85سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت بابو عبد الغنی صاحب ؓصحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔مرحوم نماز با جماعت کے پابندتھے۔ روزانہ صبح بآواز بلند تلاوت قرآن کریم کرتے اور اپنے بچوں کو بھی پابند کیا ہوا تھا کہ وہ صبح تلاوت قرآن کریم کیے بغیر گھر سے باہر نہیں جاسکتے۔ پاکستان قیام کے دوران مسجد سے دور رہنے کی وجہ سے روزانہ نماز مغرب و عشاءبچوں کے ساتھ باجماعت ادا کر تے تاکہ بچوں کو نماز با جماعت کی عادت ہو۔ ہمیشہ بچوں کو دعا کرنے اور نظام جماعت کے ساتھ منسلک رہنے کی تلقین کرتے ۔آپ کو 6سال بطور ناظم دار القضاء کینیڈ اخدمت کی توفیق ملی ۔

9۔ مکرمہ کے پی Kunjaminaصاحبہ (کیرلہ۔ بھارت)

7؍فروری 2022ء کو97سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ مولانا بی عبداللہ صاحب مرحوم کی اہلیہ تھیں جو Ceylon اور ساؤتھ انڈیا کے پہلے مشنری تھے۔ آپ خلافت کی بے حد فرمانبردار اور وفادار خاتون تھیں۔ آخری عمر میں بینائی سے محروم ہونے کے بعد بھی ایم ٹی اے پر حضور کے خطبات سننے کے لیے ٹی وی کے سامنے بیٹھتی تھیں۔ مسکراتے چہرے کے ساتھ ہر ملنے والے شخص سے ملتیں اور ان کے گھر والوں کے لیے بھی دعا کرتی تھیں۔مرحومہ نماز اور قرآن پاک کی تلاوت کی بہت پابند تھیں۔ مرض کی حالت میں بستر پر ہوتے ہوئے بھی حافظے سے قرآن مجید کی آیات اور کلمہ شہادت پڑھتی رہتیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں جبکہ ایک بیٹی وفات پاچکی ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔

اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button