کینیا کے مختلف ریجنز میں جلسہ یوم مصلح موعود
کیٹوبو جماعت ٹاویویٹا ریجن، کینیا
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ٹاویٹا ریجن میں کیٹوبو جماعت کو 20؍فروری 2022ء بروز اتوار جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسے کا آغاز صبح دس بجے زیر صدارت مکرم عبداللہ حسین جمعہ صاحب ریجنل مشنری ٹاویٹا احمدیہ مسجد کٹوبومیں ہوا۔ تلاوت کلام پاک اور نظم کے بعد مقامی معلم مکرم ناصر حاجی وسیو صاحب اور ریجنل مبلغ مکرم عبد اللہ حسین جمعہ صاحب اوردیگر مقررین نے سیدنا حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی سیرت و سوانح اور پیشگوئی مصلح موعود کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر کیں اور حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی جماعتی و علمی خدمات، علم قرآن، اسیروں کی رہائی کے لیے آپ کی سیاسی کاوشوں اور آپ کی اولوالعزمی کے حوالے سے آپ کو خراج تحسین پیش کیا۔
پروگرام کے آخر میں ریجنل مبلغ مکرم عبد اللہ حسین جمعہ صاحب نے دعا کروائی پھر نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ جس کے بعد حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا جو مقامی لجنہ نے اپنی طرف سےتیار کیا تھا۔
اس پروگرام میں مقامی سینئر چیف مکرم یونس جریج صاحب اور ویلج ایلڈر کٹوبو سمیت 101 افراد جماعت شامل ہوئے۔ مکرم چیف صاحب اور ویلج ایلڈر صاحب دونوں بفضلِ خدا جماعت احمدیہ کے دیرینہ خادم ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس مبارک تقریب کے شرکاء کو اپنے فضلوں سے نوازے اور جماعت کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔ آمین
اکونڈا جماعت کوسٹ بی ریجن کینیا
الحمد للہ جماعت احمدیہ اکونڈا کو 20؍فروری بروز اتوار جلسہ یوم مصلح موعود احمدیہ مسجد اکونڈا میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ عالمی وبا کورونا کی پابندیوں میں نرمی کے بعد یہ اس جماعت کا پہلا اجتماعی پروگرام تھا۔ جلسہ ہٰذا کا آغاز 10 بجے صبح مقامی جماعت کے صدر صاحب کی زیر صدارت ہوا ۔تلاوت کلام پاک مکرم معلم مواریجے صاحب نے کی اور متلو آیات کا سواحیلی ترجمہ بھی پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم محمد موازوزوصاحب نے اس موقع کے لیے سواحیلی زبان میں لکھی ہوئی اپنی ایک نظم پیش کی۔ بعد ازاں مزے موزوزو رشید صاحب نے پیشگوئی مصلح موعود کا سواحیلی ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مقامی قائد خدام الاحمدیہ مکرم محمد رائے صاحب نے سید نا حضرت مصلح موعودؓ کی جماعتی خدمات پر تقریر کی۔ پھر ریجنل مبلغ مکرم یوسف رشید صاحب نے پیشگوئی مصلح موعود احمدیت کی صداقت کا ایک روشن نشان کے موضوع پر ٹھوس تقریر کی اور پیشگوئی کے متعدد پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔آخر میں مقامی صدر صاحب نے اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی جس کے بعد نماز ظہر ادا کی گئی اور حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔اس پرگرام میں 27 احباب جماعت نے شرکت کی۔ فجزاہم اللہ تعالیٰ احسن الجزاء
ممباسہ ریجن کینیا
کینیا کے ممباسہ ریجن میں یوم مصلح موعود پر مختلف جماعتوں میں کیے جانے والے جلسوں کے حوالے سےمکرم بشارت احمد طاہر صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ کی رپورٹ پیش ہے۔
جماعت احمدیہ ممباسہ شہر
جماعت احمدیہ ممباسہ شہر کو 20؍فروری بروز اتوار 11 بجے دن مسجد رحمان ممباسہ میں جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد اللہ علی ذٰلک۔ اس جلسہ میں 50 خواتین و حضرات شامل ہوئے۔ تلاوت قرآن پاک اور سواحیلی نظم کے بعد پیشگوئی مصلح موعود کا سواحیلی ترجمہ پڑھ کر سنایا گیا۔ بعدہ مقامی معلم مکرم سعیدی مریج صاحب اور ریجنل مبلغ مکرم بشارت احمد طاہر صاحب نے سواحیلی میں تقاریر کیں اور پیشگوئی کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سےاس کے مصداق مرزا بشیرالدین محمود احمد صاحب حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی سیرت مطاہرہ اور آپ کے کارناموں کو تفصیلاً بیان کیا۔ آخر میں خاکسار (بشارت احمد طاہر۔ مبلغ سلسلہ) نے دعا کروائی اور جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ نماز ظہر و عصر کے بعد حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا۔
کواکاڈوگو جماعت
ممباسہ ریجن کی کواکاڈوگو جماعت میں جلسہ یوم مصلح موعود 20؍ فروری کو نماز ظہر سے قبل منعقد ہوا جس میں 160 مردوخواتین نے شمولیت اختیارکی۔ نزدیکی جماعت کاٹولانی سے بھی احباب جماعت اپنے معلم صاحب کی معیت میں اس جلسہ میں شامل ہوئے۔ تلاوت قرآن پاک اور نظم کے بعد مقررین نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ دعا کے ساتھ جلسے کا اختتام ہوا جس کے بعد نماز ظہر ادا کی گئی اور شرکائے جلسہ کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
کبرانی جماعت
20؍فروری کو بعد نماز عصر احمدیہ مسجد کبرانی میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم کے بعد دو نظمیں اور تین تقاریر ہوئیں جن میں پیشگوئی مصلح موعود کے مختلف پہلوؤں کو بیان کیا گیا اور اسے آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت کا عظیم الشان نشان قرار دیا گیا۔ جلسہ ہٰذا میں غیر از جماعت احباب اورمعلمین کے علاوہ متعدد غیر مسلم مہمانوں نے بھی شرکت کی۔جلسہ کی کل حاضری 90تھی۔ دعا کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا۔ بعدہ حاضرین جلسہ کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
نزوومی جماعت
نزوومی جماعت میں جلسہ یوم مصلح موعود 18؍فروری کو بعد نماز جمعہ منعقد کیا گیا جس میں 72 افراد نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن مجید اور نظم کے بعد متعدد تقاریر ہوئیں جن میں مقررین نے پیشگوئی مصلح موعود کے حوالے سے سیدنا حضرت مصلح موعودؓ کی سیرت اور آپ کے عظیم الشان کارناموں کا ذکر کیا۔جلسہ دعا کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔
چیبوگاہ جماعت
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے چیبوگاہ جماعت میں جلسہ یوم مصلح موعود 20؍فروری کو منعقد ہوا جس میں کل 37 خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ تلاوت اور نظم کے بعد پیشگوئی مصلح موعود کے حوالے سے مختلف تقاریر ہوئیں جن میں مقررین نے سیدنا حضرت مصلح موعوؓد کی سیرت اور آپ کی خلافت کے مختلف ادوار اور واقعات کا ذکر کیا۔ جلسے کا اختتام دعا پر ہوا۔
مٹونڈیہ جماعت
مٹونڈیہ جماعت ایک چھوٹی سی جماعت ہے جہاں پیشگوئی مصلح موعود کے حوالے سے مسجد احمدیہ میں جلسہ منعقد کیا گیا جس میں 13؍افراد شریک ہوئے۔ مقامی معلم صاحب اور دیگر حضرات نے سیدنا حضرت مصلح موعوؓد کی سیرت اور آپ کے کارہائے نمایاں سے متعلق تقاریر کیں۔
مواکی جیمبے جماعت
مواکی جیمبے جماعت میں بھی جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد ہوا جس میں کل 41 افراد شریک ہوئے۔ تلاوت و نظم کے بعدپیشگوئی مصلح موعود کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر ہوئیں اور حضرت مصلح موعوؓد کی سیرت اور زندگی کے مختلف واقعات کا ذکر کیا گیا دعا پر جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔