افریقہ (رپورٹس)

داسا ریجن، بینن میں ایک خوبصورت احمدیہ مسجد کا افتتاح

(منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بینن)

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ بینن کو ریجن داسا میں ایک نہایت ہی خوبصورت مسجد کی تعمیر کی سعادت ملی جس کا افتتاح مکرم میاں قمر احمد صاحب امیر جماعت بینن نے مورخہ 28؍جنوری 2022ء کو کیا۔

مسجد کی تعمیر داسا شہر سے 12کلومیٹرکی مسافت پر موجود ایک گاؤںCamatéمیں ہوئی جہاں فُلانی قبیلہ سے تعلق رکھنے والی ایک مخلص جماعت موجود ہے۔ 2016ء میں اس گاؤں میں اُس وقت کے ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم انوار الحق صاحب کے ذریعہ ایک مخلص جماعت کا نفوذ ہوا تھا۔ صدر صاحب جماعت نے اپنےبیٹےمکرم Nasir Gominéکو وقف کر کے جامعہ احمدیہ کے لیے بھجوایا تھا جو اب بینن میں بطور لوکل مشنری خدمتِ دین کی توفیق پارہے ہیں۔

مورخہ 28اکتوبر2021ء کو ریجنل مبلغ سلسلہ داسا مکرم رانا یاسر احمد صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں دعائیہ خط اور صدقات کے بعد مسجد کا سنگِ بنیاد رکھا۔ مسجد کی طرزِ تعمیر میں مبلغ سلسلہ نے مسجد مبارک ٹلفورڈ ، یوکےکو مدِّنظر رکھتے ہوئے ذاتی نگرانی اور توجہ سے مسجد کی تعمیر کا کام مکمل کروایا۔ گاؤں کے احمدی احباب نے نہایت جانفشانی، خلوص اور شوق سے حصہ لیا بالخصوص Gominé Usmanصاحب صدر جماعت نے باوجود اپنی پیرانہ سالی کے غیر معمولی جوش اور اخلاص سے خود کو اس کام کے لیے وقف رکھا۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء

تقریبِ افتتاح

مسجد کے افتتاح کے لیے مورخہ 28جنوری 2022ء بروز جمعۃ المبارک مکرم امیر صاحب بینن اپنے وفد کے ساتھ گاؤں میں پہنچے جہاں مقامی احباب جماعت نے اس وفد کا استقبال کیا۔

پروگرام کا آغاز 10بجے تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ تلاوت اور قصیدہ کے بعد لوکل اتھارٹیز میں سے موجود مہمانان نے مسجد کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور جماعت کی ترقی اور توسیع کے لیے دعا دی۔

ان تقاریر اور نصائح کے بعد احبابِ جماعت نعرہ ہائے تکبیربلند کرتے اوردعائیں پڑھتے ہوئے مکرم امیر صاحب کی قیادت میں مسجد میں داخل ہوئے جہاں احبابِ جماعت نے جمعہ ادا کیا۔ خطبہ جمعہ میں مکرم امیر صاحب بینن نے مساجد کی خوبصورتی ان کے نمازیوں سے ہوتی ہے، کے حوالے سے نصائح کیں۔ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس پُرمسرت تقریب میں 300کے قریب احباب نے شرکت کی۔(رپورٹ: منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button