افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سیرالیون کی سرگرمیاں

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

سیرالیون میں ماہ دسمبر 2021ء میں ہونے والے دو پروگراموں کی رپورٹ قارئین کے پیشِ خدمت ہے۔

تقریبِ آمین۔ لنگے ریجن

مکرم میر وسیم الرشید صاحب ریجنل مبلغ تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 11؍دسمبر 2021ء کو لنگے ریجن کی جماعت ٹاگرن (Tagrin) میں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچے اور بچیوں کی آمین کا پروگرام ہوا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن ساڑھے دس بجے مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون کی صدارت میں تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا جو مکرم ابوبکر جیگولا صاحب نے کی۔ جس کے بعد بچوں کے ایک گروپ نے کورس میں نظم پیش کی۔

مہمانوں کے تعارف کے بعد مکرم امیر صاحب نے قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچوں اور بچیوں سے قرآنِ مجید سنا اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔ کل 16 اطفال، ناصرات اور ایک ناصرکو قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ مکرم مولوی احمد کروما صاحب کو ان بچوں اور بچیوں کو قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کروانے کی سعادت حاصل ہوئی۔ فجزاہ اللہ احسن الجزاء۔

آمین کے علاوہ اطفال و ناصرات نے کورس میں چالیس احادیث، اطفال و ناصرات کے عہد، مکمل نماز باترجمہ اور قرآنی دعائیں پیش کیں۔

مکرم امیرصاحب نے اپنی تقریر میں کہا کہ حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت کا مقصد قرآنِ کریم کی حقیقی تعلیمات کو لوگوں تک پہنچانا ہے اور اللہ کے فضل سےیہی کام جماعت احمدیہ دنیا بھر میں کر رہی ہے۔

دعا کے ساتھ اس بابرکت پروگرام کا اختتام ہوا۔

پروگرام کے بعد ظہر کی نماز باجماعت ادا کی گئی اور حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس بابرکت پروگرام میں لوکل امام، لوکل چیف سمیت 150 سے زائد افراد نے شرکت کی۔

بُک سٹال۔ میامبا ریجن

مکرم انصر محمود صاحب ریجنل مبلغ میامبا ریجن تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 17؍دسمبر 2021ء بروز جمعہ مقامی لوما (ہفتہ وار تجارتی مارکیٹ) میں ایک جماعتی بک سٹال لگایا گیا۔ بک سٹال لگانے کامقصد اردگرد کے دیہات سے آنے والے لوگوں کو جماعتی لٹریچر اور تعلیمات سے آگاہی اور ریجن میں ہونے والے پروگراموں میں شمولیت کے لیے مدعو کرنا تھا۔

الحمدللہ، لوگوں نے اس بک سٹال کا وزٹ کیا اور جماعتی کتب بھی خریدیں اس کے علاوہ جماعتی فلائرز مفت تقسیم کیے گئے۔ اس بُک سٹال پر قرآنِ کریم معہ انگریزی ترجمہ اور دیگر کتب رکھی گئیں۔ 600 سے زائد افراد نے اس بک سٹال کا وزٹ کیا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button