ایشیا (رپورٹس)

جاپان میں تقریب آمین

(انیس رئیس۔ مبلغ انچارج جاپان)

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے عزیزہ عنایہ خلود بنت مکرم عبد القیوم صاحب و مکرمہ راضیہ قیوم صاحبہ نے تقریباً چار سال کی عمر میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے کی توفیق حاصل کی ہے۔ عزیزہ عنایہ خلود سے قبل جاپان میں پیدا ہونے والے بچوں میں سے مزنی ظفر صاحبہ ایسی بچی ہیں جنہوں نے چار سال کی عمر میں قرآن کریم کا دور مکمل کیا ہے۔ اس لحاظ سے جماعت احمدیہ جاپان کے بچوں میں سے یہ ایک ریکارڈ مدت ہے۔

بچی کو قرآن کریم پڑھانے کی سعادت بیٹی کی والدہ محترمہ راضیہ قیوم صاحبہ نے حاصل کی۔ عنایہ خلود صاحبہ مکرم منظور احمد صاحب آف گجرانوالہ حال مقیم کینیڈا کی پوتی اور مکرم منظور احمد صاحب آف راولپنڈی کی نواسی ہیں۔

بیٹی کے قرآن کریم مکمل کرنے کی خوشی میں والدین کی طرف سے تہنیتی تقریب مورخہ 18دسمبر 2021ء مسجد بیت الاحد جاپان میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں خاکسار نے تلاوت قرآن کریم کے فضائل و برکات بیان کرنے کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بچوں کی آمین کی تقریبات کے بارہ بتایا۔ اسی طرح نظم ‘‘محمود کی آمین’’ تحت اللفظ پڑھتے ہوئے، اس نظم کے مختلف حصوں کی وضاحت کی۔ نیز والدین کو توجہ دلائی کہ قرآن کریم کی تعلیم کا ذوق وشوق اجاگر کرنے، بچوں کے دلوں میں اللہ تعالیٰ کے پاک کلام اور محبت الٰہی پیدا کرنے کے لیے قرآن کریم کی تعلیم و تدریس پر خاص توجہ دینی چاہیے۔ نیز والدین کو تحریک کی گئی کہ پرائمری سکول میں داخلہ سے قبل ہی بچوں کو قرآن کریم کا دور مکمل کروانے کی کوشش کریں ، تاکہ دنیوی تعلیم کے میدان میں قدم رکھنے سے پہلے پہلے ہماری اولاد کلام الٰہی سے رُوشناس ہوجائے ۔

عزیزہ عنایہ نے اس موقع پر قرآن کریم کی آخری سورتیں سنانے کے بعد نظم ‘‘قرآن سب سے اچھا قرآن سب سے پیارا’’ کے بعض اشعار پڑھے۔ اسی طرح اس موقع پر ایک اور ننھے احمدی بچے عزیزم عارض ڈار نے سورت فاتحہ پڑھ کر قرآن کریم کی تعلیم کا آغاز کیا۔

اس مبارک موقع پر عزیزہ عنایہ کے والدین کی طرف سے احباب جماعت احمدیہ ناگویا کی خدمت میں دعوتِ طعام پیش کی گئی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان بچوں کا سینہ و دل کھول دے اور قرآن کریم کی پاکیزہ تاثیرات اور برکات سے انہیں فیضاب فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button