یورپ (رپورٹس)

ریفریشر کورس مجلس خدام الاحمدیہ سویڈن

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ04؍دسمبر 2021ء کو مجلس خدام الاحمدیہ سویڈن کو مسجد ناصر گوتھن برگ میںنیشنل ریفریشر کورس منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں نیشنل عاملہ، تمام مجالس کے قائدین اور معتمدین نے شرکت کی۔ پروگرام کے آغاز سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خط لکھا گیا۔ ریفریشر کورس کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔

ریفریشر کورس میں شمولیت کےلیے دُور کی مجالس کے ممبران ایک روز قبل ہی مسجد پہنچ گئے تھے۔ پروگرام سے قبل صبح ناشتہ کا انتظام کیا گیا اور افتتاحی اجلاس گیارہ بجے شروع ہوا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی مکرم آغا یحیٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن تھے۔ تلاوت قرآن کریم اور اردو ترجمہ مکرم حافظ جاذب صاحب قائد مقامی نے پیش کیا۔ مکرم سالک حمید صاحب مہتمم تجنید نے سویڈش ترجمہ پیش کیا۔ مکرم کاشف محمود ورک صاحب مربی سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ سویڈن نے عہد دہرایا۔ مکرم مہمان خصوصی صاحب نے اپنے افتتاحی خطاب میں عاملہ ممبرز کو ان کی ذمہ داریوں اور ان کے مقام کی یاد دہانی کرواتے ہوئے قیمتی نصائح کیں۔

ریفریشر کورس کو افتتاحی اجلاس سمیت چار حصّوں میں تقسیم کیا گیا۔ اس کے دوسرے حصّہ میں صدر مجلس خدام الاحمدیہ صاحب نے خدام الاحمدیہ کے دستور اساسی سے چند نکات پیش کیے اور ممبران کو اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ ہر عاملہ ممبر کو دستور اساسی لازمی دہرانا چاہیے اور یہ کہ اپنے شعبے کا خاص طور پر زبانی علم ہونا چاہیے۔ خاکسار کے ذمہ ماہانہ رپورٹنگ پر چند نکات تیار کرنا تھا چنانچہ خاکسار نے رپورٹ جمع کروانے کی تاریخ، نئے طریقہ کار اور اعتماد کے شعبہ کے حوالے سے چندگزارشات پیش کیں۔ امسال ایک گوگل ایپلیکیشنکو رپورٹنگ کے لیے اپنایا گیا ہے۔ جس کے اندر رپورٹ کے ساتھ ساتھ تمام مجالس کی عاملہ، سالانہ بجٹ، سالانہ نیشنل پلان، نیشنل اور مجالس کی رپورٹس اور ماہانہ عاملہ اجلاس کی کارروائی کو ایک جگہ پر دیکھا جا سکتا ہے۔ صدر مجلس تمام مہتممین کی رپورٹس پر انفرادی تبصرہ بھی کر سکتے ہیں۔

ایک مختصر وقفے کے بعد علم انعامی کمیٹی نے نئے سال کے لیے وضع کردہ قوانین پیش کیے او ر ساتھ سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ مہتمم مال مکرم محسن احمد کاہلوں صاحب نے نئے سال کے بجٹ کے بارہ میں تفصیل پیش کی اور مکرم یحیٰ مبشر صاحب نیشنل محاسب نے اپنی شعبہ کی پلاننگ پیش کی۔

دوپہر دو بجے ظہر و عصر کی نماز اور کھانے کے وقفے کے بعد ریفریشر کورس کا تیسرا حصّہ شروع ہوا جس میں شاملین کو چار عدد گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ہر گروپ میں چار مہتمم، قائد مجلس اور معتمد مجلس کو شامل کیا گیا جس میں مہتمم صاحبان نے اپنا سالانہ منصوبہ پیش کیا اور اس پر ایک دوسرے کی رائے لی گئی۔

گروپ ڈسکشن کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئی جس کے بعد تمام گروپس واپس مرکزی ہال میں آ کر سوال و جواب میں شامل ہوئے۔ ساتھ ہی شاملین کو پہلےسے تیار اپنی اپنی رائے بابت سالانہ اجتماع پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ جس کا مقصد سالانہ اجتماع کو بہتر رنگ میں منعقد کرنا اور نئے انداز کو اپنانے کی منصوبہ بندی کرنا تھا۔

اختتامی اجلاس کی صدارت مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے کی۔ اجلاس کے اختتام میں صدر صاحب نے تقریر کی اور شاملین کو مجلس عاملہ کے قیام کی غرض بالفاظ حضرت مصلح موعودرضی اللہ عنہ پیش کیا ۔ جس میں خدام کو اپنے اندر قومی خدمت کی روح پیدا کرنا، خدمت دین کا شوق اپنے اندر پیدا کرنا، اسلام کی اشاعت ، ہاتھ سے کام کرنا، مستقل مزاجی پیدا کرنا ، صحت کا خیال رکھنا وغیرہ شامل ہیں۔

دعا سے اس بابرکت پروگرام کا اختتام ہوا۔ ریفریشر کورس میں کل 24ممبران نے شرکت کی۔

(رپورٹ:رضوان احمد۔معتمد مجلس خدام الاحمدیہ سویڈن)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button