افریقہ (رپورٹس)

گیارھواں سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر

محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر کو اپنا گیارھواں سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ سیّدنا حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری کے بعد خدام پورے جوش و جذبہ سے اجتماع کی تیاریوں میں مشغول ہوگئے۔ یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ دو سال سے جب سے دنیا کورونا کی وبا سے دوچار ہے جماعت احمدیہ نائیجر کی طرف سے اِس طرح کے کسی بھی بڑے اجتماع یا جلسے کا اہتمام نہیں کیا گیا، اِس وجہ سے بھی ناصرف خدام بلکہ مربیان و دیگر عہدیداران کا جوش و ولولہ قابلِ دید تھا۔ چنانچہ دو ماہ قبل ہی مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مشنری انچارج اور صدر خدام الاحمدیہ مکرم یوسف ایرو صاحب کے ہمراہ میٹنگ کی گئی نیز اجتماع کی تواریخ 31؍ دسمبر 2021ء تا یکم جنوری 2022ء اور ملک کے دارالحکومت نیامے کو بطورمقام اجتماع مقرر کر لیا گیا۔ نیز وقت کی قلّت کو محسوس کرتے ہوئے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا۔

محترم یوسف ایرو صاحب صدر خدام الاحمدیہ نائیجر اور مکرم محمد جمال صاحب مبلغ سلسلہ و نائب صدر خدام الاحمدیہ نائیجر کی راہنمائی میں تمام نظامتیں قائم کی گئیں اور مکمل ٹیم تشکیل دی گئی۔ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کو دعائیہ خط لکھ کر تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا۔ اجتماع کے پروگرام کو ترتیب دیتے ہوئے اِس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ شامل ہونے والے خدام میں سے کافی بڑی تعداد نو مبائعین کی ہے لہٰذا ناصرف علمی مقابلہ جات کا معیار کچھ بنیادی دینی معلومات وغیرہ پر رکھا گیا بلکہ سالانہ اجتماع کا عنوان ’خلافت‘ رکھا گیا تا کہ زیادہ سے زیادہ احمدی و نومبائعین خدام کو خلافت سے متصل کیا جاسکے اور اُن کی زندگیوں میں خلافت سے تعلق کے ذریعہ ایک انقلاب پیدا کیا جا سکے۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام تر کاوشیں رنگ لائیں اور مورخہ 30؍دسمبر تک ہی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں اور نیامے شہر میں موجود جماعت کے سکول و مسجد ناصر کے احاطہ کو خوبصورت انداز میں سجا دیا گیا اور خدام کی محنت و وقارِ عمل کے ذریعے تمام احاطے کو صاف و روشن کر دیا گیا، نیز تمام ریجنز سے خدام کی آمد بھی 30؍دسمبر بعد دوپہر سے ہی شروع ہو گئی اور رات گئے تک تمام وفود مسجد ناصر نیامے میں پہنچ گئے۔ تمام وفود کی آمد سے ہی احاطے میں ایک روحانی ماحول طاری ہو گیا اور تکبیر و محمدﷺ اور مسیح پاک علیہ السلام کے نعروں سے فِضا گونج اُٹھی۔

الحمدللہ31؍ دسمبر کا سورج طلوع ہوا اور حضرت مسیحِ موعودؑ کے دوسرے خلیفہ حضرت مصلح موعودؓ کے ہاتھوں سے قائم کردہ تنظیم مجلس خدام الاحمدیہ اپنی سال کی سب سے بڑی تقریب کی طرف بڑھی۔ مکرم امیر صاحب نائیجر اور مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ نے عَلم فِضا میں لہرائے اور دعا کروائی گئی۔ بعدازاں افتتاحی تقریب کا آغاز ہوا۔ مکرم عبد الفتاح صاحب نے تلاوتِ قرآنِ کریم کی۔ پھرتمام خدام نے مکرم صدرصاحب خدام الاحمدیہ کے ساتھ عہد دہرایا۔ عہد کے بعد مکرم امیر صاحب کی صدارت میں افتتاحی اجلاس کی کارروائی کو آگے بڑھایا گیا اور مکرم عبد الرحمٰن صاحب معلم سلسلہ نے ترانۂ خدام از حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ ترنم سے پڑھا۔ اِس خوبصورت منظوم کلام کے بعد مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ نے خلافت کے عنوان پر تقریر کی اور حضرت مسیح موعودؑ و خلفاء کی تحریرات کی روشنی میں خلافت کی اہمیت و برکات کو بیان کیا۔ آخر پر امیر صاحب نائیجر نے دعا کروائی۔ اِس کے معاً بعد علمی مقابلہ جات کا آغاز کر دیا گیا جس میں ہر ریجن سے آئے ہوئےخدام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اِس کے بعد مکرم امیر صاحب کنےجمعہ پڑھایا۔ خطبہ جمعہ میں امیر صاحب نے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں نئے سال کے آغاز کو منانے کے اسلامی انداز بیان کیے۔

نمازِ جمعہ کی ادائیگی اور حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبہ اور طعام کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا جس میں فٹبال، رسہ کشی، لانگ جمپ، تین ٹانگ دوڑ، سو میٹر دوڑ وغیرہ کے مقابلے شامل رہے۔ نمازِ مغرب کے بعد علمی مقابلہ جات کا دوسرا اور آخری حصّہ مکمل کیا گیا۔ تمام علمی و ورزشی مقابلہ جات میں ہر ایک ریجن کے خدام نے ناصرف بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا بلکہ دیگر خدام تمام مقابلوں میں ہمہ وقت موجود رہے اور حصّہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔

اجتماع کا دوسرا روز جو نئے سال کا آغاز تھا تمام خدام نے با جماعت تہجد کی نماز اداکی۔ نمازِ تہجد کی امامت مکرم حافظ عامر لطیف صاحب مبلغ سلسلہ نے کی۔ نمازِ تہجد میں خلیفۂ وقت کی صحت و عافیت اور جماعت کی ترقیات کے علاوہ ملک و دنیا کے امن کے لیے دعائیں کی گئیں اور اِس طرح خدّام کو عملی طور پر نئے سال کے ابتدا کی تربیت دی گئی۔ نمازِ فجر کے بعد درس ہوا۔ بعد ازاں ورزشی مقابلہ جات کے فائنلز کا انعقاد کیا گیا۔

تمام مقابلہ جات کے حتمی نتائج حاصل ہونے کے بعد سالانہ اجتماع کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اِس تقریب کے مہمانِ خصوصی مکرم امیر صاحب نائیجر تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے کیا گیا جو علمی مقابلہ جات کے مقابلہ تلاوت میں اوّل آنے والے خادم مکرم عبد الکریم صاحب نے کی اور پھر عہد دہرایا گیا۔ بعد ازاں صدر صاحب خدام الاحمدیہ نے سالانہ اجتماع کی رپورٹ پیش کی اور مقابلوں میں نمایاں کارکردگی خدام میں انعامات تقسیم کیے گیے۔ اِس کے بعد مہمانِ خصوصی نے تقریر کی۔آپ نے سالانہ اجتماع کے ذریعہ خدام کے اندر پیدا ہونے والی مثبت تبدیلی کو اپنی زندگیوں کا حصّہ بنانے اور علمی و ورزشی میدان میں توجہ دینے اور ترقی کرنے کے حوالہ سے نصائح کیں۔ بعد ازاں دعا کے ساتھ اِس پُر وقار تقریب کا اختتام ہوا۔

اختتامی تقریب کے بعد جو خدام زیادہ فاصلہ طے کر کے آئے ہوئے تھے (جِن میں سے بعض نو سو کلومیٹر اور بعض سات سو کلومیٹر کی مسافت طے کر کے آئے تھے) وہ اپنے اپنے ریجنز کو روانہ ہوئے۔ خدام میں سے بعض جو نیامے شہر اور دیگرقریبی ریجنز سے تشریف لائے تھے، انہوں نے مکرم محمد جمال صاحب نائب صدر خدام الاحمدیہ نائیجر کے ہمراہ وقارِ عمل کر کے وائنڈ اَپ کے مرحلہ کو انجام دیا۔ اِن اختتامی مراحل میں بھی خدام کا جذبہ قابلِ دید تھا۔ اِس وقارِ عمل کے بعد قریبی ریجنز سے آئے خدام بھی اپنی منزل کو روانہ ہوئے اور مسجد ناصر کے احاطے میں دو دن سے جاری یہ روحانی ماحول اپنے اختتام کو پہنچا، لیکن اختتام سے قبل یہ روحانی مناظر خدام کے دلوں میں روحانیت کی ایک لو روشن کر گئے۔ اللہ کرے کہ اجتماع کے نتیجہ میں روشن ہونے والی اِس شمع کی لپٹیں ہمیشہ روشن رہیں اور تمام شامل ہونے والے خدام کو اخلاص و وفا میں آگے سے آگے بڑھنے میں مددگار رہیں۔ آمین

سالانہ اجتماع خدام الاحمدیہ میں ملک کے ہر گوشہ سے خدام شامل ہوئے اور سفر کی صعوبتیں برداشت کر کے اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لیے تشریف لائے۔ اِن میں سے بعض کو جدید ذرائع مواصلات تک پہنچنے کے لئے کئی کلو میٹر پیدل سفر کرنا پڑا اور دیگر بھی اِسی طرح کے دشوار گذار راہوں سے ہو کر اجتماع کے لیے پہنچے اور حضرت مصلحِ موعودؓ نے احمدی نوجوانوں کی اصلاح کی جو توقعات خدام الاحمدیہ سے وابستہ کی تھیں، اُن توقعات کے حصول کے لئے نائیجر کے احمدی نوجوانوں نے اپنا قدم بڑھایا۔ اللہ تعالیٰ تمام شامل ہونے والوں کو اپنی جناب سے اجر عطا فرمائے اور حضرت مصلحِ موعودؓ کی خدام سے وابستہ توقعات کے اعلیٰ میعاروں کے حصول کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

اِس اجتماع کی تیاری اور اِس کے تمام مراحل کو کامیاب بنانے کے لئے خدام الاحمدیہ کو ہر وقت مکرم امیر صاحب نائیجر کا تعاون حاصل رہا نیز صدر و نائب صدر خدام الاحمدیہ نائیجر صاحبان کے علاوہ تمام مبلغین اور اُن کے ریجنز سے ٹیم کا حصّہ بننے والے خدام نے اپنی بھرپور محنت اور دعاؤں سے اِس اجتماع کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button