افریقہ (رپورٹس)

ماہ اکتوبر اور نومبر میں سیرا لیون کے دارو ریجن میں ہونے والی سرگرمیاں

مکرم حافظ صلاح الدین صاحب ریجنل مبلغ دارو ریجن سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ سیرالیون کے جنوب مشرق میں آخری ضلع کیلاہوں ہے۔ جماعتی لحاظ سے اس ریجن کا نام دارو DARU ہے۔ اس ریجن کے جنوب میں لائبیریا جبکہ مشرق و شمال میں گنی کراکری ہے۔ الحمد للہ یہاں پر جماعت احمدیہ ایک لمبے عرصہ سے قائم ہے ۔

محض اللہ کے فضل سےماہ نومبر و دسمبر 2021ء میں داروریجن میں جلسہ ہائے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور اجتماعات مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ و انصاراللہ کے انعقاد کی توفیق ملی الحمد للہ علیٰ ذالک۔ جس کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔

اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ

مورخہ 3تا10 اکتوبر 2021ء ریجن کے 3 سرکٹس اور3 مجالس میں اجتماعات کےانعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

اجتماعات سے کئی روز قبل مقابلہ جات کی تیاری شروع کروادی گئی اس سلسلے میں تمام جماعتوں میں علمی مقابلہ جات کا نصاب بھجوایا گیا۔ اجتماع سے قبل ریجنل مجلس عاملہ کے ساتھ میٹنگز کی گئیں۔ ریجن کے پانچ سرکٹس میں اجتماع کا انعقاد کرایا گیا جس میں کل 24 مجالس کے خدام و اطفال نے شرکت کی۔ ہر اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ اختتام سے قبل لوکل مشنریز و معلمین کرام نے تربیت اور عملی اصلاح کے حوالے سے تقاریر کیں۔ نمازِ ظہر و عصر کے بعد طعام پیش کیا گیا۔ آخر میں علمی مقابلہ جات میں اعزاز پانے والے خدام واطفال میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ ان اجتماعات میں خدام اور اطفال کی کل حاضری 310 رہی۔ الحمد للہ

جلسہ ہائے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم

مورخہ 17 اکتوبر تا 30 اکتوبر ریجن کی 14 جماعتوں اور 15 سکولز میں جلسہ ہائے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کروانے کی توفیق ملی۔ ماہ اکتوبر کے آغاز سے اس کے لیے تیاری شروع کر دی گئی تھی۔

جماعتوں میں جلسوں کی تفصیل

ریجن کی کل 14 جماعتوں میں جلسہ جات کا انعقاد ہوا۔ احباب جماعت کو سیرت طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر تیار کروائی گئیں۔ ہر جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور حدیث مبارکہ سے ہوا جس کے بعد عہدیداران جماعت و دیگر احباب نے کریول زبان میں آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سیرت حسنہ پر تقاریر کیں۔ جلسہ کے دوران نعرہ ہائے تکبیر بلند ہوتے رہے۔ تمام جلسہ جات کا اختتام دعا سے ہوا۔

سکولز میں جلسوں کی تفصیل

ریجن کے5 سیکنڈری سکولز اور 10 پرائمری سکولز میں جلسوں کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جس کے بعد نعتیہ منظوم کلام پیش کیا گیا۔ جلسہ سے قبل اساتذہ کرام اور طلباء کی تقاریر اور اقتباسات کی تیاری کروائی گئی۔ طلباء اور اساتذہ کرام نے سیرت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ جلسے کے دوران نعرہ ہائے تکبیر بلند ہوتے رہے۔ جلسوںکے اختتام پر طلباءسے آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات بابرکت اور سیرت کے حوالے سے سوالات پوچھے گئے اور طلباء میں حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعام تقسیم کیے گئے۔

اجلاسات کا اختتام دعا سے کیا گیا۔ سکولز میں منعقد شاملین اجلاسات کی تعداد 5430 رہی۔ الحمد للہ

سالانہ ریجنل اجتماع مجلس انصار اللہ

مورخہ 13 نومبر کو مجلس انصاراللہ کو سالانہ ریجنل اجتماع کروانے کی توفیق ملی۔ اجتماع سے قبل ریجنل مجلس عاملہ کے ساتھ میٹنگ کی گئی جس میں عہدیداران کی ذمہ داریاں اور اجتماع کے حوالے سے تمام مجالس تک بروقت اطلاع پہنچانے کے حوالے سے سکیم بنائی گئی۔ الحمد للہ ہر مجلس تک بر وقت اطلاع اور علمی مقابلہ جات کا نصاب پہنچایا گیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں اجتماع کے بابرکت انعقاد کے لیے دعائیہ خط لکھا گیا۔ اجتماع کی صدارت مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ سیرالیون نے کی۔ اجتماع کا آغاز معلم فواد صاحب نے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے کیا بعد ازاں PA kawusu sessay صاحب نےعہد انصاراللہ دہرایا جس کے بعد مولوی یوسف سعید منسری صاحب نے خلافت کی اہمیت اور برکات کے حوالے سے تقریر کی۔ اس کے بعد علمی مقابلہ جات کروائے گئے تمام انصار نے بڑھ چڑھ کر مقابلوں میں حصہ لیا۔ تمام شاملین اجتماع سےحضور انور کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھوائے گئے۔

اس کے بعد خاکسار نے مجلس انصاراللہ کے قیام و مقاصد اور ذمہ داریوں کے حوالے سے تقریر کی۔ اجتماع کے اختتام پرصدر صاحب مجلس انصاراللہ نے شاملین اجتماع سے خطاب کیا اور خلیفہ وقت کی انصار اللہ سے توقعات پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں اعزاز لینے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اجتماع کا اختتام صدر صاحب نے دعا سے کروایا۔ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد طعام پیش کیا گیا۔ اجتماع میں 21 مجالس کے کل 71 انصار نے شرکت کی۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعا کی بدولت یہ اجتماع کامیاب رہا۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام احباب جماعت کی مساعی کو قبول فرمائے اور ہر فرد جماعت کے علم و ایقان میں برکت دے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button