حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(27؍جنوری ۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 363,519,439

صحت یاب ہونے والے: 287,810,066

وفات یافتگان: 5,646,942

٭… چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے یوکرین کے تنازعے پر امریکی نائب وزیر خارجہ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے فوجی اتحاد نیٹو کو ‘سرد جنگ والی ذہنیت’ اور ‘نظریاتی تعصبات’ چھوڑ کر امن اور استحکام کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ امریکی ڈپٹی سیکرٹری خارجہ وینڈی شرمین نے روس کی جانب سے یورپ میں نیٹو کے پھیلاؤ پر قدغن لگانے کی درخواست کو رد کر دیا تھا۔ادھر امریکی صدر جو بائیڈن نے تنبیہہ کی ہے کہ اگر روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو وہ صدر ولادمیر پوتن کے خلاف ذاتی پابندیاں لگانے پر غور کریں گے۔

روس نے یوکرین کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کی مبینہ منصوبہ بندی کے دعوؤں کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ امریکہ اور دیگر مغربی ممالک حالات کی کشیدگی میں اضافہ کر رہے ہیں تاہم یوکرین کے ساتھ سرحد پر روس نے ایک لاکھ کے قریب فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کے جائز سیکیورٹی خدشات پر مکمل غور کریں۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ دشمنی اور تصادم سے گریز کیا جائے اور باہمی احترام کی بنیاد پر مشاورت کے ذریعے اختلافات اور تنازعات کو مناسب طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جائے۔

٭…روسی ترجمان کریملن کا کہنا ہے کہ روس کو امریکی اقدامات پر انتہائی تشویش ہے۔ امریکہ 8 ہزار سے زائد امریکی فوجیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایات دے کر کشیدگی بڑھا رہا ہے۔ ترجمان نے تصدیق کی کہ روسی صدر رواں ہفتے کے آخر میں فرانسیسی صدر سے گفتگو کریں گے۔ یاد رہے کہ امریکا نے گذشتہ روز یوکرین بحرا ن کے سبب ساڑھے آٹھ ہزار امریکی فوجیوں کو الرٹ رہنےکا حکم دیا تھا۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یوکرین کی سرحد پر جاری کشیدگی کی وجہ سے امریکی شہری روس کا سفر نہ کریں۔ روس میں امریکی شہریوں کو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ امریکا نے یوکرین میں امریکی سفارتخانے کے عملے کے اہل خانہ کو یوکرین چھوڑنے کا حکم دےدیا۔ برطانوی سفارتخانہ کا کچھ عملہ بھی یوکرین سے واپس آ رہا ہے، یہ اقدامات روس کی جانب سے بڑھتے خطرے کے باعث کیے جارہے ہیں۔ آسٹریا کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ یوکرین میں سفارتخانے کے عملے کے انخلا کا منصوبہ ہے۔

٭…مغربی افریقہ کےملک برکینافاسو میں فوج نے صدر روچ کابورے کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد حکومت اور پارلیمنٹ کوتحلیل کردیا ۔فوج نے ٹی وی پر اعلان کیا کہ برکینا فاسو کی تمام سرحدیں بند کردی گئی ہیں، مناسب وقت میں آئینی نظام کی طرف واپس آئیں گے۔ فوج کے مطابق اس دوران جتنے بھی لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے وہ سب محفوظ مقام پر ہیں۔معزول صدر روچ کابورے کے حوالے سے فوج نے کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔

٭…سعودی عرب کو تہران میں سفارتخانہ کھولنےکی دعوت دیتے ہوئےایران کے وزیر خارجہ امیر عبدالہیان نے کہا کہ دونوں ملک سفارت خانےکھولیں اور تعلقات بحال کر کے انہیں مزید بہتر بنائیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب نے بھی ایران کو او آئی سی میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد ایرانی سفارتکار سعودی عرب پہنچ گئے تھے۔

٭…جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے دو میزائلوں کا تجربہ کیا گیا ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے داغے گئے میزائل جو مشرقی سمندر میں گرے ممکنہ طور پر کروز میزائل ہوسکتے ہیں۔ جنوبی کوریا کی فوج شمالی کورین میزائل کی نوعیت جاننے کیلئے جائزہ لے رہی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل شمالی کوریا 5، 11، 14 اور 17جنوری کو بھی میزائل کے تجربات کر چکا ہے۔

٭…روس نے اپوزیشن لیڈر الیکسی ناولنی کو دہشت گرد اور انتہاپسندوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔ اپوزیشن لیڈر کے دیگر کئی ساتھی بھی اس فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔ روسی حکومت نے پچھلے سال ناولنی کے سیاسی نیٹ ورک کو بھی انتہاپسند قرار دے کر پابندی لگا دی تھی جبکہ وہ مختلف الزامات میں اسیر ہیں۔

٭…سعودی عرب کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی دارالحکومت ریاض کے شاہی محل میں ہوا۔ اس اجلاس میں سعودی عرب کے اہم مسائل پر غور کرنے کے ساتھ ساتھ دوست ممالک سے طے پائے گئے معاہدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر 10 معاہدوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں حوثی باغیوں کے سعودی عرب سمیت خطے کے ممالک پر حملوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔ اس موقع پر سعودی کابینہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل حوثی باغیوں کی مسلسل کارروائیوں کا نوٹس لے۔

٭…واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے اختتام پر امریکی صدر جو بائیڈن سے مہنگائی سے متعلق سوال پوچھنے پر صحافی کو امریکی صدر کی جانب سے برہمی کا سامنا کرنا پڑا گیا۔ صدر نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔ بعض رپورٹس کے مطابق انہوں نے صحافی کے لیے غیر پارلیمانی الفاظ بھی استعمال کیے۔

٭…دبئی ایکسپو 2020ء میں دنیا کے سب سے بڑے قرآن مجید کے نسخے کی تیاری کا افتتاح بدست عبدالرزاق داؤد مشیر تجارت و سرمایہ کاری پاکستان کیا گیا۔ پاکستان کے عالمی ایوارڈ یافتہ آرٹسٹ شاہد رسام 200 شاگردوں کے ساتھ یہ انمول نسخہ تیار کررہے ہیں۔ اس موقع پر سورۂ رحمان کے ابتدائی 6 صفحات نمائش کے لیے رکھے گئے تھے۔ سونے اور پیتل سے تیار ہونے والا یہ نسخہ قرآن پاکستان پویلین کے سنگم پر نصب کیا گیا ہے۔ اس ٹیم کا ارادہ ہے کہ یہ نسخہ چند سال میں مکمل ہو جائے۔

٭… انڈین پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے ایک ایسے سائبر جرائم پیشہ گروہ کا پتہ لگایا ہے جس نے انڈیا سے کروڑوں روپے مالیت کی کرپٹو کرنسی چرا کر اسے فلسطینی تنظیم ‘حماس’ کی عسکریت پسند شاخ کے اکاؤنٹس میں منتقل کیا ہے۔دہلی کے مغربی علاقے کے ایک تاجر نے سال 2019ء میں پولیس رپورٹ درج کروائی تھی کہ اُن کے بٹ کوائن کے الیکٹرانک بٹوے (ای والیٹ) سے کسی نے فراڈ کے ذریعے تقریباً ساڑھے تیس لاکھ انڈین روپے کی کرپٹو کرنسی چوری کر لی ہے۔ اس ڈیجیٹل کرنسی کی مالیت اب چار کروڑ سے زیادہ ہے۔اس کیس کی تفتیش ابتدا میں معمولی مالی فراڈ کے کیس کے طور پر کی گئی لیکن بعد میں اسرائیلی دفاعی حکام کی طرف سے مزید اطلاعات حاصل ہونے پر دہلی پولیس کے سائبر سیل نے اس معاملے پر تفتیش کا آغاز کیا۔سائبر سیل کے ڈپٹی پولیس کمشنر کے پی ایس ملہوترا نے بتایا کہ کرپٹو کرنسی دہلی کے تاجر کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کو ہیک کر کے چرائی گئی تھی۔

تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ 6.7 بٹ کوائن، 9.79 ایتھیریم اور 2.44 بٹ کوائن کیش تین مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے تھے۔پولیس کے مطابق بٹ کوائن کو حماس سے منسلک القاسم بریگیڈ کے والٹ (اکاؤنٹ) میں منتقل کیا گیا جبکہ باقی کرپٹو کرنسی دیگر اکاؤنٹس میں ڈالی گئی۔ڈپٹی پولیس کمشنر کے پی ایس ملہوترا نے بتایا کہ چوری کی گئی کرپٹو کرنسی مختلف ہاتھوں سے ہوتی ہوئی مشتبہ والٹ میں پہنچی۔ ہمیں پتہ چلا کہ وہ اکاؤنٹ جس کا تعلق فلسطینی تنظیم حماس سے ہے، اسے اسرائیل کے انسداد دہشتگردی کے ادارے نے سیل کر دیا ہے۔

٭…ایران کی عدالت نے ملک کی سب سے نامور انسانی حقوق کی کارکن نرگس محمدی کو آٹھ سال قید اور 70سے زیادہ کوڑوں کی سزا سنادی۔ فرانس میں مقیم نرگس محمدی کے شوہر تقی رحمانی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ سزا صرف پانچ منٹ تک جاری رہنے والی سماعت کے بعد سنائی گئی۔ کچھ وجوہات کی بنا پر اس مقدمے اور نئے فیصلے کی تفصیلات ہمارے لیے واضح نہیں ہیں۔ نرگس محمدی نےایران میں سزائے موت کے خلاف سرگرم ترین کارکن رہنے کے ساتھ ساتھ سیاسی قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کے خلاف متعدد بار بھوک ہڑتال کیں۔سالڈ اسٹیٹ فزکس کی گریجویٹ نرگس محمدی پچھلے کچھ برسوں سے انسانی حقوق کے شعبے میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے 2018ء میں آندرے سخاروف پرائز جیتا تھا۔

٭… افغانستان کی طالبان حکومت کی جانب سے صوبہ ہلمند کی جیل سے 80 قیدیوں کی رہائی کی تصدیق کی گئی ہے۔ طالبان حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رہائی پانے والے افراد منشیات کے استعمال کے الزام میں گرفتار تھے۔ یہ قیدی علاج کے بعد تندرست ہو گئے تھے جس کے بعد اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کی ضمانت پر رہا کیے گئے۔

٭…شمالی امریکی ملک میکسیکو میں دو ہفتوں کے دوران 3 صحافی قتل کردیے گئے۔ چند روز قبل ایک خاتون صحافی کو بھی گولی مار کر قتل کیا گیا۔ کرپشن اور سیاست پر رپورٹنگ کرنے والی خاتون صحافی پر ماضی میں بھی حملے ہوئے تھے۔ دوسری جانب کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے میکسیکو کے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ صحافیوں پر ہونے والے حملوں کی شفاف تحقیقات کروائے۔

٭…25؍ جنوری کو ترکی میں برفانی طوفان کے بعد استنبول ایئرپورٹ کا 24گھنٹوں بعدایک رن وے کلیئر کیا گیا جس پر وینزویلا سے آنے والی پرواز نے لینڈنگ کی۔ ترک ایئر لائنز کی تمام پروازیں رات تک کے لیے بند رکھی گئیں۔ برفانی طوفان کے باعث ترکی اور یونان میں اہم ہائی ویز بھی بندر ہیں اور استنبول ایئرپورٹ کے کارگو ویئر ہاؤس کی چھت گر گئی جبکہ رن ویز اور طیارے برف سے ڈھک گئے۔ ایئرپورٹس بند ہونے سے ترکی اور یونان میں ہزاروں افراد پھنسے رہے، استنبول ایئرپورٹ پر 2دنوں سے پھنسے ہوئے مسافروں نے احتجاج کیا۔

دوسری جانب برفانی طوفان کے باعث یونان میں عام تعطیل کر دی گئی جبکہ دارالحکومت ایتھنز میں فوج سڑکوں پر پھنسے افراد کی مدد کے لیے نکل آئی۔ انطالیہ کے ساحلوں پر 29سال بعد برف باری دیکھنے میں آئی۔ترکی کے وزیر مواصلات عادل قارا اسماعیل اولو نے کہا ہے کہ استنبول ایئر پورٹ ہر قسم کی پروازوں کے لیے اور تمام شاہراہوں کو بھی عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا اور ریلوے سسٹم تمام مسافروں کو فری سفری سہولت فراہم کی۔

٭…جرمنی کی فضائی حدود میں سفر کے دوران پولینڈ کی سرکاری ایئرلائن کی دو مختلف پروازوں ایل او 233 اور ایل او 335 کو ایک ہی وقت میں ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک طیارے کو جرمنی کے ڈوزلڈورف ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا جبکہ دوسرا طیارہ ایمرجنسی سگنل دینے کے 45 منٹ بعد منزل مقصود پر بحفاظت اتر گیا۔

٭…جاپان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے حکومت نے پہلی بار پٹرول کی قیمت کو بڑھنے سے روکتے ہوئے ہنگامی اقدام اٹھاتے ہوئے پٹرول کی تقسیم کار کمپنیوں کو جمعرات سبسڈی دینے کا فیصلہ کر لیا۔ یہ اقدام ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے، جب ریگولر پٹرول کی اوسط خوردہ قیمت حکومت کی مقرر کردہ حد 170 ین یا تقریباً 1.5ڈالرز فی لیٹر سے تجاوز کر گئی۔

٭…عالمی ادارۂ صحت کا کورونا وائرس سے متعلق جاری کی گئی ہفتہ وار رپورٹ میں کہنا ہے کہ عالمی سطح پر کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کا خطرہ ابھی بھی برقرار ہے، البتہ ڈیلٹا اور الفا سمیت دیگر ویرینٹس کے پھیلاؤ میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کے پھیلاؤ سے متاثرہ ممالک میں اب کورونا کیسز میں کمی شروع ہو گئی ہے۔ گزشتہ 30 دنوں کے دوران کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویرینٹ کے کیسز کی شرح 10 فیصد سے زائد رہی ہے۔

٭…اومی کرون ویرینٹ کیلئے بنائی گئی مخصوص کورونا ویکسین کے ٹرائل کے متعلق فائزر اور بائیو این ٹیک کا کہنا ہے کہ ویکسین کے کلینکل ٹرائل کیلئے اندراج شروع کر دیا گیا ہے، اس حوالےسے 1400 سے زائد بالغ افراد کا اندراج متوقع ہے۔ ٹرائل میں55 سال تک کے افراد میں ویکسین کی حفاظت اور مدافعتی ردعمل کو جانچا جائے گا۔ دوسری جانب امریکا کی دواسازکمپنی موڈرنا بھی جلد ہی اومی کرون کیلئے مخصوص ویکسین کے ٹرائلز کا آغاز کرے گی ۔ ایسٹرازینیکا نے بھی اومی کرون کیلئے ویکسین کے نئے ورژن پر کام شروع کر دیا ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button