از مرکز

مکان حضرت خلیفۃ المسیح الاوّلؓ کی رینوویشن کے بعد افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل سے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا الہام ’’وسع مکانک‘‘ خلافت خامسہ کے بابرکت دور میں ایک نئی شان کے ساتھ پورا ہورہا ہے جبکہ قادیان کے مقامات مقدسہ کی renovationکر کے ان کو اپنی اصل حالت میں محفوظ کرنے کا تاریخی کام ہورہا ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک۔

اسی ضمن میں قادیان کے محلہ احمدیہ میں دارالمسیح کے نزدیک مکان حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ کی رینوویشن کے بعد افتتاح کی تقریب مورخہ 21؍دسمبر 2021ء کو عمل میں آئی۔

حضرت الحاج مولوی حکیم نورالدین صاحب خلیفۃ المسیح الاوّل رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے حکم پر اپنا آبائی وطن چھوڑ کر قادیان میں مستقل رہائش اختیار کرلی تھی۔ 1891ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الاول رضی اللہ عنہ نے یہ مکان تعمیر کروایا تھا اور 1893ء سے آپؓ نے اس مکان میں رہائش اختیار فرمائی۔ اور حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ سنہ 1914ء تک اسی مکان میں قیام پذیر رہے۔

اس کے بعد یہ مکان مختلف جماعتی ضروریات میں زیر استعمال رہا۔ اگرچہ وقتاً فوقتاً اس مکان کی دیکھ ریکھ ہوتی رہی لیکن مرور زمانہ کے ساتھ مکان کی خستہ حالی کے پیش نظر سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس مکان کو رینوویٹ (renovate)کر کے اس کو اپنی اصل حالت میں محفوظ کرنے کا ارشاد فرمایا۔ چنانچہ حسب ارشاد اس تاریخی مکان کو رینوویٹ کیا گیا ہے۔ البتہ اس مکان کے صحن میں کچھ غیر تاریخی حصے بھی تھے جن کو منہدم کر کے ایک نئی عمارت بھی تعمیر کی گئی ہے جس میں دو ہالز بنائے گئے ہیں۔

اس مکان کی رینوویشن کا کام ماہ دسمبر2021ء میں پایۂ تکمیل تک پہنچا۔ سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خصوصی توجہ و راہنمائی میں اس تاریخی مکان کو نہایت ہی دلکش طریق پرrenovateکر کے محفوظ کیا گیاہے۔ اس مکان کے احاطہ کے ایک حصہ میں جو نئی عمارت تعمیر کی گئی ہے اس کے ایک ہال میں نظارت نشرواشاعت قادیان کی بُک شاپ قائم کی گئی ہے جہاں جماعتی کتب نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں اور زائرین یہاں سے جماعتی لٹریچر خرید بھی سکتے ہیں۔ اسی طرح اس خوبصورت عمارت کے دوسرے ہال میں حسب منظوری سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ابھی ایک نمائش قائم کی جانی ہے۔ انشاء اللہ تعالیٰ

مورخہ21؍دسمبر 2021ء بروز منگل تعمیر نو کے بعد شکرو حمد کے جذبات اور دعاؤں کے ساتھ اس مکان کا رسمی افتتاح عمل میں آیا۔ افتتاح کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا۔ اس کے بعد اس مکان کا مختصر تعارف، تاریخی پس منظر اور رینوویشن سے متعلق تفاصیل مکرم ناظم صاحب تعمیرات نے پیش کیں۔ بعد ازاں محترم صدر صاحب صدر انجمن احمدیہ قادیان نے اجتماعی دعا کروائی۔ اس تقریب کے موقع پر صدر انجمن احمدیہ، انجمن تحریک جدید اور انجمن وقف جدید کے جملہ ممبران، ناظران، وکلاء، ناظمین اور ان کے نائبین و افسران صیغہ جات شامل رہے۔

اللہ تعالیٰ اس مکان حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ کے اس مکان کی رینوویشن کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:منصور احمد۔ ایڈیٹر بدر قادیان)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button