حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(20؍جنوری ۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 339,666,049

صحت یاب ہونے والے: 273,249,320

وفات یافتگان: 5,584,394

٭…اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نےٹوئٹر پر دئیے گئے پیغام میں کہا ہے موجودہ عالمی مالیاتی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ ترقی پزیر ملکوں کو وسائل، قرضوں میں نرمی اور سرمایہ کاری سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے بڑے صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ مالیاتی اصلاحات کی حمایت کریں تاکہ اس سے تمام ملکوں اور ان کے عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔

٭…روسی نائب وزیر خارجہ نے یورپی سیکیورٹی کے ارد گرد کی صورتحال کو نازک قرار دیتے ہوئے مغربی ممالک سے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یوکرین نے آج امریکا کی بڑھتی ہوئی فوجی امداد پر وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا شکریہ ادا کیا تھا جو سرکاری دورے پر یوکرین پہنچے تھے۔

٭…برطانیہ کے وزیرِ دفاع بین والیس نے کہا ہے کہ وہ یوکرین کو اپنے دفاع کے لیے قلیل فاصلے تک مار کرنے والے ٹینک شکن میزائل فراہم کر رہا ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس یوکرین کے ساتھ سرحد پر تقریباً ایک لاکھ سپاہی تعینات کر چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جائز اور حقیقی تشویش موجود ہے کہ روسی فوجیوں کو حملے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب روس نے حملے کے کسی بھی منصوبے کی تردید کرتے ہوئے مغرب پر جارحیت کا الزام عائد کیا ہے۔پیر کو ہلکے بکتر شکن اسلحے کی پہلی کھیپ بھیجی گئی تاہم وزیرِ دفاع نے ان کی قسم کے بارے میں نہیں بتایا۔ اُنھوں نے ارکانِ پارلیمنٹ کو بتایا کہ یوکرین کو اپنی سرحدوں کے تحفظ کا پورا حق حاصل ہے اور امداد کا یہ نیا پیکیج ایسا کرنے کی اس کی صلاحیت کو مزید بہتر بنائے گا۔

٭…یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے روسی اپوزیشن راہنما الیکسی ناولنی کی گرفتاری اور سزا کا ایک سال مکمل ہونے پر کہا کہ یورپین یونین نے مسٹر ناولنی کے خلاف قانونی چارہ جوئی پر ہمیشہ کھل کر بات کی ہے اور یورپ اسے ایک سیاسی طور پر کیا گیا فیصلہ سمجھتا ہے۔ ہم روسی حکام سے بغیر کسی تاخیر کے ان کی فوری اور غیرمشروط رہائی اور مسٹر ناولنی کی جان کو لاحق خطرے کی نوعیت اور حد کے حوالے سے یورپی عدالت برائے انسانی حقوق کی طرف سے دیے گئے عبوری اقدام کی تعمیل کرنے کے لیے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ روسی قانونی نظام کو مسٹر ناولنی کے خلاف آلہ کار بنایا جا رہا ہے کیونکہ اب انہیں نئے مجرمانہ الزامات کا سامنا ہے۔

٭…یورپین پارلیمنٹ کے اسٹراسبرگ میں منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران مالٹا سے تعلق رکھنے والی روبرٹا میٹسولا یورپین پارلیمنٹ کی نئی صدر منتخب ہوگئیں۔ ممبران نے آن لائن اور آف لائن دونوں طرح سے ووٹ کاسٹ کیا۔ انہوں نے 458 ووٹ حاصل کیے۔ ان کا تعلق پارلیمنٹ کے (EPP) یورپین پیپلز پارٹی گروپ سے ہے۔ روبرٹا میٹسولا اس الیکٹڈ پارلیمنٹ کی پہلی خاتون صدر ہیں۔ وہ پارلیمنٹ کی باقی ڈھائی سالہ مدت کے لیے خدمات سر انجام دیں گی۔ وہ اب تک منتخب کیے جانے والے تمام صدور میں سے سب سے کم عمر منتخب صدر ہیں۔ ان کے انتخاب کے بعد پارلیمنٹ کے تمام بڑے گروپوں کے رہنماؤں نے انہیں اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ پیشے کے لحاظ سے وہ وکیل ہیں اس سے قبل وہ پارلیمنٹ کی نائب صدر تھیں اور 2013ء میں پہلی مرتبہ یورپین پارلیمنٹ کی ممبر منتخب ہوئیں۔

٭…چین کے صدر شی جن پنگ نے پیر کے روز عالمی اقتصادی فورم 2022ء کے ورچوئل اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کو وسائل کی کمی اور ماحولیاتی انحطاط کی قیمت پر کبھی بھی معیشت کو ترقی نہیں دینی چاہیے۔چینی صدر نے ماحولیات کی قیمت پر معاشی ترقی کو ’’مچھلی حاصل کرنے کے لیے تالاب کو خشک کرنا‘‘ اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے ترقی کی قربانی کو ’’مچھلی پکڑنے کے لیے درخت پر چڑھنا‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہمارے اس فلسفے کی رہنمائی میں کہ صاف پانی اور سرسبز پہاڑ سونے اور چاندی کی طرح قیمتی ہیں، چین اپنے پہاڑوں، دریاؤں، جنگلات، کھیتوں، جھیلوں، گھاس کے میدانوں اور صحراؤں کا مجموعی ماحولیاتی تحفظ اور ان کی منظم نگرانی کر رہا ہے۔

٭…افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند نے ایک پریس کانفرنس میں مسلم ممالک سے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کی اپیل کردی۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم نے تمام شرائط مکمل کردی ہیں، اب بین الاقوامی برادری طالبان حکومت کو باضابطہ تسلیم کرے۔انہوں نے اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ مسلمان ممالک کسی کا انتظار نہ کریں اور پہل کرتے ہوئے طالبان حکومت کو تسلیم کریں، ایسا کرنے سے امید ہے کہ ہم بہت جلد ترقی کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔

٭…اقوام متحدہ کے ماہرین کی جانب سے افغانستان پر ایک رپورٹ میں حکومت کی طرف سے خواتین کو حقوق نہ دینے کا ذکر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان حکومت خواتین کو عام زندگی سے محروم کررہی ہے۔ افغان طالبان نے لڑکیوں پر سخت ڈریس کوڈ نافذ کردیا ہے جبکہ خواتین کو ملازمت، پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے سے منع کردیا گیا ہے۔طالبان ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے غیرملکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں لڑکیوں کے تمام اسکول مارچ کے آخر تک کھلنےکی امید ہے۔ اسکول کھولنے میں رکاوٹ لڑکیوں کے الگ کلاس رومز اور ہاسٹل کے لیے جگہ کی تلاش ہے۔ طالبان تعلیم کے خلاف نہیں، تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

٭…امریکا نےشمالی کوریا کے میزائل تجربات پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا۔ یہ اجلاس جمعرات کے روز ہوگا جبکہ برطانیہ، فرانس،آئرلینڈ،البانیہ اور میکسیکو نےاجلاس کی حمایت ہے۔جاپان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائلوں کے تجربات بین الاقوامی برادری کے لیے سنگین مسئلہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔واضح رہے کہ شمالی کوریا نے رواں ماہ سپر سونک سمیت چار میزائل تجربات کیے ہیں۔

٭…اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں اپنے عہدے سنبھالنے کے لیے 3 ایرانی سفارتکار سعودی عرب پہنچ گئے۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ عراق میں ہونے والے مذاکرات میں سعودی عرب کو ایران کی توقعات کے بارے میں بتا دیا تھا، مستقبل میں ہونے والی بات چیت میں نتائج ملنے کی امید ہے تاہم اس کے لیے سعودی حکام کو اپنے بیانات اور عمل پرتوجہ دینی ہوگی۔ ایران نے ہمیشہ سعودی عرب میں اپنا سفارت خانہ کھولنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔خیال رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات بہتر کرنے کے لیے بات چیت کے چار دور عراق میں ہوچکے ہیں۔

٭…متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی پر حوثیوں کے حملے پر سلامتی کونسل کااجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے ناروے کو خط لکھ دیا گیا ہے جس کے پاس جنوری کے لیے سلامتی کونسل کی سربراہی ہے۔دوسری جانب سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیزکی زیر صدارت کابینہ کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں عرب امارات نے ابوظہبی میں حوثیوں کی جانب سے ہونے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اس اجلاس میں خلیجی ریاستوں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور تحفظ کے معاہدے کی منظوری پر بھی بات کی گئی۔یاد رہے کہ دو روز قبل ابوظبی میں حوثی باغیوں کے مبینہ ڈرون حملوں میں 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے تھے۔

٭…یمن کے دارالحکومت صنعا کے شمال میں عرب اتحاد نے فضائی حملوں میں جبل النبی شعیب میں حوثیوں کے ڈرون ڈپو اور مواصلات کا نظام تباہ کردیا گیا۔ ترجمان عرب اتحاد بریگیڈیئر ترکی المالکی نے کہا کہ حملے میں حوثی دہشت گردوں کے لیڈرز کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات پر حملہ جارحیت ہے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

٭…انڈونیشیا نے اپنے دارالحکومت کو تبدیل کرنے کافیصلہ کرلیا۔ یہ فیصلہ ماحولیاتی تبدیلیوں اوربڑھتی آبادی کے سبب کیا گیا ہے۔ جکارتہ کی بجائے بورنیوکے جنگلات میں دارالحکومت آباد کیا جائے گاجس کا قانون منظور کرلیا گیا ہے جب کہ نئے دارالحکومت کا نام Nusantara رکھا گیا ہے۔

٭…شہزادہ ہیری نے برطانیہ میں سکیورٹی اخراجات کی پیشکش کے باوجودبرطانوی حکومت کی جانب سے سکیورٹی فراہم کرنے سے انکار پر عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ شہزادے کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ امریکا سے اپنے آبائی ملک انگلینڈ جانا چاہتے ہیں لیکن ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔شہزادہ ہیری کے نمائندے کا کہنا ہے کہ ہیری اپنے سکیورٹی انتظامات کے اخراجات خود اٹھا نا چاہتے ہیں۔

٭…برطانوی پولیس نے ٹیکساس واقعے میں شک کی بنیاد پر گرفتار برطانوی شخص ملک فیصل کے دونوں بیٹوں کو رہا کردیا۔دو روز قبل امریکی ریاست ٹیکساس میں ملک فیصل نے سیناگاگ میں گھس کر ربی سمیت 4 افراد کو یرغمال بنایا تھا۔ بعد ازاں ملزم کی شناخت 44 سالہ برطانوی شہری ملک فیصل اکرم کے نام سے ہوئی تھی۔ ملزم کا تعلق لنکاشائر کے علاقہ بلیک برن سے تھا جسے امریکن سکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیاتھا۔

٭…افغانستان کے صوبے بادغیس میں آنے والے 5.6شدت کےزلزلے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ افغان حکام کے مطابق زلزلے سے ضلع قادیس میں مکانات کو نقصان پہنچا۔ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

٭…امریکی دارالحکومت واشنگٹن اور نزدیکی ریاستوں میں برفانی طوفان کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ دارالحکومت واشنگٹن سمیت مشرقی ریاستوں ورجینیا، جارجیا اور شمالی اور جنوبی کیرولائنا میں تیز ہواؤں، بارش اور برف باری نے بجلی کا نظام درہم برہم کردیا ہے۔

٭…فائیو جی ٹیکنالوجی کے تباہ کن اور خطرناک اثرات کے خدشات پر امارات اور جاپان سمیت مختلف فضائی کمپنیوں نے امریکا کے لیے پروازیں منسوخ کر دیں۔ ان ایئر لائنز میں ایئر انڈیا، اے این اے، جاپان ایئر لائنز اور ایمریٹس شامل ہیں۔ امریکا میں جیٹ بلیو، امریکن ایئر لائنز، ساؤتھ ویسٹ، یونائیٹڈ ڈیلٹا، یو پی ایس اور فیڈ ایکس اُن کمپنیوں میں شامل ہیں جنہوں نے خط لکھ کر خبردار کیا ہے کہ فائیو جی سی بینڈ ٹیکنالوجی کے ایئر لائنز کے آپریشنز پر منفی اثرات کے ساتھ زبردست معاشی بحران پیدا ہوں گے۔ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ 1100 پروازیں اور 1 لاکھ مسافروں کو روزانہ تاخیر اور فلائٹس کی منسوخی جیسے مسائل کا سامنا ہو گا۔

خیال رہے کہ امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹرین (ایف اے اے) نے فائیو جی سگنل والے ائیرپورٹس کو متعدد طیاروں کے لیے محفوظ قرار دیا ہے تاہم اس فہرست میں بوئنگ 777 شامل نہیں ہیں۔ اس سے قبل فائیو جی ٹیکنالوجی کے جہازوں کے لیے خطرہ بننے کے حوالے سے کپتانوں کی عالمی تنظیم ایفالپا کی جانب سے بھی خبردارکیا جاچکا ہے۔

٭…سعودی عرب نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے بڑھتے کیسز کے باعث غیر ممالک سے آنے والوں پر نئی پابندیاں عائد کردیں۔ اب پاکستان سمیت غیر ممالک سے سعودیہ آنے والوں کے لیے قرنطینہ لازم قرار دیا گیا ہے جس کی بکنگ سعودی عرب آمد سے قبل لازم ہوگی۔ قرنطینہ بکنگ کے بغیر مسافر سعودی عرب لانے پر ائیرلائن کو جرمانہ ہوگا۔اس کے علاوہ مسافروں پر سعودی حکومت سے منظور شدہ لیبارٹریز سے کورونا ٹیسٹ کرانا بھی لازم قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button