افریقہ (رپورٹس)

نصرت جہاں سکیم کے تحت لائبیریا کے شہر گانٹا میں احمدیہ کلینک کا افتتاح

سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے اپنےمتبعین سے یہ عہد لیا کہ ہر ایک عام خلق اللہ کی ہمدردی میں محض للہ مشغول رہے گا اور جہاں تک بس چل سکتا ہے اپنی خداداد طاقتوں اور نعمتوں سےبنی نوع کو فائدہ پہنچائے گا۔ اسی عہد بیعت کی روشنی میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر ایک احمدی اپنی ذاتی حیثیت میں اور نظام جماعت کے ماتحت خدمت خلق بجالانے کی کاوشوں میں مصروف رہتا ہے۔ خدمت انسانیت کے لیے سیدنا حضرت خلیفة المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ نے 1970ء میں نصرت جہاں آگے بڑھو سکیم کا اجراء فرمایا جس کا مقصد افریقی ممالک میں پائی جانے والی تعلیمی و طبّی محرومیوں کا ازالہ کرنا تھا۔ آغاز سے اب تک سینکڑوں ڈاکٹرز اور اساتذہ خدمت انسانیت کے جذبہ سے سرشار ہوکر اپنی زندگیاں وقف کرتے ہوئے مختلف ممالک میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری وساری ہے۔

محض خداتعالیٰ کے فضل سے حال ہی میں جماعت احمدیہ لائبیریا کو اسی بابرکت سکیم کے تحت ایک نئے کلینک کے افتتاح کی سعادت حاصل ہوئی۔ الحمد للہ علیٰ ذلک۔

یہ کلینک آبادی کے لحاظ سے ملک کے دوسرے بڑے شہر گانٹا (نمبا کاؤنٹی) میں قائم ہوا ہے جو ملکی دار الحکومت منروویا سے قریباً 323کلومیڑ کے فاصلہ پر شمال میں واقع ہے اور جنوب میں اس کی سرحد ہمسایہ ملک گنی سے جا ملتی ہے۔

مورخہ 4؍دسمبر 2021ء کو اس کے افتتاح کی باقاعدہ تقریب منعقد کی گئی۔ سہ پہر 3بجے مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر ومشنری انچارج لائبیریا کی زیر صدرات تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت استاذ مرتضیٰ پاساوے صاحب کو حاصل ہوئی۔ تلاوت قران کریم کے بعد Hon. Amos G.Suah میئرگانٹاشہر کو دعوت خطاب دی گئی جس میں انہوں نے تمام شاملین تقریب کو خوش آمدید کہتے ہوئے جماعت احمدیہ کی لائبیریا کے لئے مختلف خدمات کو سراہا اور بالخصوص گانٹا شہر میں تعمیر ہونے والے سٹی ہال میں جماعت کی کنٹریبیوشن اور مختلف کمیونٹیز میں ہیومینٹی فرسٹ کے تعاون سے لگائے جانے والے واٹر پمپس پرشکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر مکرم محمد زکریا صاحب مبلغ سلسلہ نمبا کاؤنٹی نےمختصراً جماعت احمدیہ کا تعارف بھی پیش کیا۔

مکرم ڈاکٹر محمود احمد صاحب ڈاکٹرانچارج احمدیہ کلینک گانٹا نےنصرت جہاں سکیم کا تعارف کروانے کے بعد کلینک میں میسرطبی سہولیات پر بریفنگ دیتےہوئے بتایا کہ یہ کلینک 24گھنٹے آپ کی خدمت کے لئے کھلا ہے۔ اس میں بنیادی ضرورت کے تمام لیب ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ الٹراساؤنڈ اورمیٹرنٹی کی سہولت بھی موجود ہے۔ سب سے اہم اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ پہلی مرتبہ اس علاقہ کے لوگوں کے لئے امراض قلب کی تشخیص کے لئے EKG/ECG بھی کی جاسکے گی۔ احمدیہ کلینک گانٹا کل 13بیڈزپر مشتمل مردانہ، زنانہ وارڈ کے ساتھ پرائیویٹ روم کی سہولت سے بھی لیس ہے۔ الحمد للہ

اس تعارف کے بعد چند دیگر معززشاملین تقریب کو بھی دعوت خطاب دی گئی جن میں سب سے پہلے ممبرآف پارلیمنٹ کے نمائندہ Mr. Shakie A.Brown سٹیج پر تشریف لائے۔ انہوں نے جماعت احمدیہ کی لائبیریا کے لئے تعلیمی و طبی خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ جماعت احمدیہ آئندہ چند سالوں میں اس کلینک کو ایک بڑے ہاسپٹل میں تبدیل کرکے اس علاقہ کے لوگوں کو بطور تحفہ پیش کرے نیز ایک یونیورسٹی کابھی قیام عمل میں لا کر اس علاقہ کی تعلیمی و طبی محرومیوں کو دور کرے۔

کاؤنٹی ہیلتھ آفیسر کے نمائندہ Mr. Alphanso Nuah نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ جماعت احمدیہ نے ہمارے شہر میں جدید سہولیات کےساتھ کلینک کھولنےکافیصلہ کیا ہے جس کی ہمیں اشد ضرورت تھی۔ جس پر میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے آپ کا ممنون ہوں۔

سب سے آخر پرپوسٹ اور کمیونیکیشن کے منسٹر Hon. Mr. Cooper W. Kruah نے حاضرین سے خطاب کیا۔ انہوں نے کلینک کےافتتاح پر جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت ہماری حکومت کی بنیادی ترجیحات میں سے ہیں۔ اس علاقہ میں کلینک قائم کرنے پر ہم تہ دل سے جماعت احمدیہ لائبیریا کو ان کی تعلیمی و طبی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو حکومت کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں ہماری ممد ومعاون ہے اور ان کا یہ اقدام لائبیریا میں ترقیات کا نیا باب کھول رہا ہے۔ مزید یہ کہ جب ہم جماعت احمدیہ کے ساتھ مل کرکام کرتے ہیں تو ہمیں اس بات کا بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے کہ یہ ایسا مذہب ہے جو اپنے پیروکاروں کو نیک انسان اور وفادار شہری بن کر مذہب اور حکومت دونوں کے تقدس کا احترام کرنے کا درس دیتا ہے۔

اس تقریب کے آخر پر مکرم نوید احمدعادل صاحب امیر ومشنری انچارج لائبیریا نے مختصراً خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ بلا تمیز رنگ ومذہب، امیر وغریب کی خدمت انسانیت پر یقین رکھتی ہے اور احمدیہ کلینکس پر آنے والے ہر شخص کو طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ قطع نظر اس کے کہ اس کے پاس اپنے علاج کے لئے رقم دستیاب ہے یا نہیں۔ مکرم امیر صاحب نے دعا کے ساتھ اس پر وقار تقریب کا اختتام شام پانچ بجے کیا۔

معاً بعد Hon. Minster Kruh نے فیتہ کاٹ کر کلینک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ پھر ڈاکٹرمحمود احمد صاحب نے معززمہمانوں کو کلینک کا دورہ کروایا۔ جس میں منسٹر آف پوسٹ اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن، میئرآف گانٹا سٹی،نمائندہ ممبرآف پارلیمنٹ، نمائندہ کاؤنٹی ہیلتھ آفیسر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر،کاؤنٹی ہیلتھ انسپکٹر،کمیونٹی چیئرمین، نمائندہ امیگریشن کمانڈر، چیف امام گانٹا شامل تھے۔

اس تقریب میں تقریباً 100 افراد نے شمولیت کی۔ جن کی بعد ازاں کھانے سے تواضع بھی کی گئی۔

اس تقریب کی فیس بک پربراہ راست سٹریمنگ بھی کی جاتی رہی۔ 5ریڈیو چینلز نے کوریج کے ساتھ ساتھ خبروں میں بھی اس کا ذکر کیا۔ ملکی اخبار Hot Pepper میں بھی اس کی تصویر کے ساتھ خبر شائع کی گئی اور ایک محتاط اندازہ کے مطابق ان تمام ذرائع سے تقریباً ایک لاکھ افراد تک پیغام پہنچا۔

اس وقت اللہ تعالیٰ کے فضل سے نصرت جہاں سکیم کے تحت لائبیریا میں بشمول ڈینٹل کلینک کل پانچ کلینکس اور پانچ ہی سکول بڑی کامیابی سے جاری ہیں۔

اللہ تعالیٰ میدان عمل میں مصروف تمام اساتذہ اور ڈاکٹرز کی مساعی میں برکت ڈالے اور انہیں مقبول خدمت دین کی توفیق عطا کرتا چلاجائے۔ آمین

(رپورٹ: فرخ شبیر لودھی۔ مبلغ سلسلہ،لائبیریا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button