یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ برطانیہ کے زیر اہتمام تربیتی پروگرام بعنوان اذہان مطالعہ سے طاقتور ہوتے ہیں

سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات اور راہنمائی کی روشنی میں مجلس انصار اللہ برطانیہ کی قیادت تربیت کی جانب سے انگریزی زبان میں ایک کامیاب ورچوئل تربیتی گفتگو کا اہتمام کیا گیا۔ یہ پروگرام 11؍دسمبر2021ء کو شام پانچ بجے منعقد ہوا اور کُل ستر منٹ تک جاری رہا۔ اس گفتگو کا موضوع تھا: ’’اذہان مطالعہ سے طاقتور ہوتے ہیں‘‘ اور یوٹیوب پر جاری رہنے والے اس دلچسپ پروگرام کو اب تک سات ہزار سے زیادہ بار دیکھا جاچکا ہے۔ الحمدللہ

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم طاہر محمود مبشر صاحب مربی سلسلہ یوکے نے کی۔ پھر مکرم ندیم احمد زاہد صاحب نے سیّدنا حضرت مصلح موعودؓ کا پاکیزہ کلام پیش کیا۔ جس کے بعد ایم ٹی اے کے تیار کردہ پروگرام This week with Huzur (بتاریخ 18؍جون 2021ء) کا ایک منتخب حصہ دکھایا گیا۔ دراصل یہ پروگرام آج کی گفتگو کا اہم ترین حصہ تھا۔ اس میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مغربی کنارے پر بسنے والے فلسطینی احمدی مسلمانوں کے بعض اہم سوالات کے جواب عطا فرمائے تھے۔

اس کے بعد مکرم ایاز محمود خان صاحب مبلغ سلسلہ (کارکن ایڈیشنل وکالت تصنیف لندن) نے مطالعہ کی اہمیت پرروشنی ڈالی اور جماعت احمدیہ کی طرف سے شائع ہونے والے لٹریچر میں سے چند ایک کا تعارف پیش کیا۔ آپ نے مطالعہ کی ضرورت اور اہمیت سے متعلق حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں مختلف نظریات بھی پیش کیے۔

اس کے بعد دو ویڈیو کلپس پیش کیے گئے۔ پہلا کلپ طاہر ہاؤس لندن میں وکالت اشاعت ترسیل کی جانب سے نمائش کے طور پر رکھے گئے منتخب لٹریچر کے بارے میں تھا جبکہ دوسرا کلپ مسجد بیت الفتوح کے بُک ڈپو میں نمائش کے طور پر رکھی جانے والی ایسی کتب کے بارہ میں تھا جو بچوں کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ بعد ازاں خاکسار نے ایک خصوصی کتاب کا تعارف پیش کیا جو آنحضرتﷺ کی بچوں پر شفقت کے حوالے سے تحریر کی گئی تھی۔

اس پروگرام کی اختتامی تقریر مکرم فضل الرحمٰن صاحب قائد تربیت مجلس انصاراللہ یوکے کی تھی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں بچوں کے لیے تیار کی جانے والی دو کتب کا تعارف بھی کروایا جو پہلے دو خلفائے راشدین یعنی سیّدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ اور سیّدنا حضرت عمر فاروقؓ کی پاکیزہ زندگی کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو بچوں میں مطالعہ کا شوق پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور اس کے لیے بچوں کو مختلف مقامات پر نمائش کے لیے پیش کی جانے والی بچوں کی کتب دکھانی چاہئیں۔

پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا جو مکرم قائد صاحب تربیت نے ہی کروائی۔ اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض خاکسار نے سرانجام دیے۔ اس حوالے سے یہ امر قابل ذکر ہے کہ سیّدنا حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں سوشل میڈیا کے موضوع پر منعقد کیا جانے والا اس سلسلے کا یہ چوتھا پروگرام تھا۔ قارئین سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس خدمت کو قبول فرمائے اور اس کے بہترین نتائج پیدا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: منصور احمد۔ نائب قائد تربیت مجلس انصاراللہ یوکے)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button