جلسہ سالانہ

جلسہ سالانہ سینیگال 2021ء

(حافظ مصور احمد مزمل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سینیگال)

٭…نماز تہجد، دروس اور مختلف موضوعات پر مقررین کی ٹھوس تقاریر

٭… امسال پہلی مرتبہ لوائے احمدیت کے علاوہ 60ممالک کے جھنڈے بھی لہرائے گئے جن میں جماعت احمدیہ کا قیام ہوچکا ہے۔

٭… حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ سالانہ قادیان سے لائیو خطاب کے ساتھ جلسے کا اختتام

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ دنیا کے 213ممالک میں خلافت احمدیہ کے زیر سایہ قائم ہو چکی ہے۔ اور دنیا کے تمام ممالک کے احمدیوں کو اسلامی رنگ میں تعلیم و تربیت دینے کے فرائض انجام دے رہی ہے۔ جماعت احمدیہ جہاں من حیث الجماعت حقوق اللہ اور حقوق العباد ادا کرتی ہے وہاں احمدی احباب کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے اجتماعات و جلسہ ہائے سالانہ بھی جماعت احمدیہ کے سالانہ پروگرامزکا ایک جزو لاینفک بن چکے ہیں۔

گزشتہ دو سالوں سے کورونا وبا کے زیر اثر نامساعد طبی ومعاشی حالات پیدا ہونے کی وجہ سے نظام زندگی مختلف پہلوؤں سے مفلوج ہوا۔ اور انفرادی طور پر بے شک کسی حد تک ہر فرد متاثر ہوا مگر من حیث الجماعت، جماعت احمدیہ نے نعمت خلافت کی بدولت حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی پر شفقت راہنمائی میں ہر لمحہ ترقی کی جانب قدم بڑھایا، چاہے عبادات و قربانیوں کے معیار ہوں، چاہےدنیا میں اسلام کی پر امن تعلیم کی تبلیغ ہو یا پھر جماعت احمدیہ کے روایتی تعلیمی و تربیتی پروگرامز۔

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح جماعت احمدیہ سینیگال کے سالانہ پروگرام کا ایک اہم حصہ جلسہ سالانہ سینیگال ہوتا ہے۔ امسال جلسہ سالانہ سینیگال حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے مورخہ 25،24اور 26؍دسمبر 2021ء کو سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں جماعت احمدیہ کے نیشنل ہیڈکوارٹر میں اپنی تمام برکتوں کے ساتھ منعقد ہوا۔ جلسہ سالانہ سینیگال 2021ء کا مرکزی عنوان ’’حضرت محمدﷺ انسانیت کے لیے اسوہ حسنہ‘‘ رکھا گیا۔

سال کے آغاز میں ہی نظامتوں کے لحاظ سے جلسہ کی تیاریوں کا آغاز ہو جا تا ہے۔ اور گذشتہ سال میں پیش آمدہ خامیوں کو سرخ کتاب میں درج کر کے میٹنگ میں زیر بحث لایا جاتا ہے اور ان خامیوں کے تدارک کے لیے سکیم تیار کی جاتی ہے۔ نیز آئندہ سال زیادہ تعداد میں شاملین جلسہ کے پیش نظر نظامتوں کے کام میں وسعت بھی پیدا ہو جاتی ہے۔

سینیگال میں جلسہ سالانہ عموماً دسمبر کے اواخر میں منعقد ہوتا ہے اور دسمبر کے آغاز میں ہی نہ صرف جلسہ گاہ میں بلکہ سینیگال کے طول و عرض میں جلسہ سالانہ کی گہماگہمی نظر آنے لگتی ہے۔ ملک کی تمام جماعتوں میں دورے کر کے احباب کو جلسہ سالانہ کی تواریخ کی اطلاع کی جاتی ہے اور ہر ریجن سے زائرین کوجلسہ میں لانے کے لیے بسوں و دیگر سواریوں کے انتظامات کا سلسلہ جاری ہو جاتا ہے۔

جلسہ سالانہ کی سہ روزہ سرگرمیاں

امسال مورخہ 23 دسمبر بروز جمعرات ہی ملک کے دور دراز ریجنز سے شاملین جلسہ قافلہ در قافلہ آنا شروع ہوگئے تھے۔ اور ان میں ایسے احباب بھی شامل تھے جو 600 کلومیٹر سے زائد کا سفر کر کے جلسہ گاہ پہنچے تھے۔ اور قافلوں کی آمد کا سلسلہ جمعرات کی شام سے شروع ہو کر ساری رات صبح 10بجے تک جاری رہا۔

مورخہ 24 دسمبر بروز جمعہ دن 12 بجے تمام احباب پرچم کشائی کی تقریب کے لیے جمع ہو چکے تھے۔ مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر جماعت سینیگال نے لوائے احمدیت لہرا یا اور مکرم عمر سانع صاحب نائب امیر دوم نے سینیگال کا پرچم لہرایا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ ایک بجے تک تمام حاضرین جلسہ نے جلسہ گاہ آکر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ لائیو سنا۔ اس کے بعد مکرم امیرصاحب نے خطبہ جمعہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت کروائی۔ شام کو پہلے اجلاس کی صدارت مکرم مالک گئی صاحب نائب امیر اول نے کی۔ اس اجلاس میں مہمانان کرام کو دعوت کلام دی گئی۔ بعد از نماز مغرب و عشاء لوکل زبانوں (وولف، پولار، سیرر، جولا) میں جلسے منعقد ہوئے۔ جن میں لوکل زبانوں میں تقاریر کے علاوہ سوال و جواب کا اہتمام بھی کیا گیا۔

مورخہ 25؍دسمبر کودن کاآغاز نماز تہجد، نماز فجر اور درس سے ہوا۔ بعد ازاں صبح اور شام دو اجلاسات ہوئے جن میں آنحضرت ﷺ کی حیات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں سے تقاریر ہوئیں نیز اجلاس کے آخر میں معزز مہمانوں کو اظہار خیال کا موقع بھی دیا گیا۔ بعد از نماز مغرب وعشاء لوکل زبانوں میں جلسے بھی منعقد ہوئے۔

مورخہ 26 دسمبر کو بعد از نماز فجر آخری اجلاس کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد ایک لمبا سلسلہ سوالات کا چلا جس میں مکرم امیر صاحب سینیگال نے سوالات کے جوابات دیے نیز مکرم نائب امیر صاحب نے وولف زبان میں ترجمہ کیا۔ 9بجے دو سو سے زائد طلباء میں سندیں و انعامات تقسیم کیے گئےجنہوں نے دوران سال اپنے تعلیمی میدان میں اعلیٰ نمبر حاصل کیے۔ 11 بجے کے قریب تمام احباب جلسہ گاہ میں آگئے جہاں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ قادیان سے لائیو خطاب نشر ہو رہا تھا۔ احباب نے پوری توجہ اور خاموشی سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا اختتامی خطاب سنا اور اختتامی دعا میں شامل ہوئے۔ اس طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب اور دعا سے جلسہ سالانہ سینیگال بھی اختتام پذیر ہوا۔ نماز ظہر و عصر کے بعد احباب کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ نیز احباب اپنا رخت سفر باندھ کر واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔

جلسہ سالانہ سینیگال کا عمومی ماحول جماعت احمدیہ کی روایات کے مطابق رکھنے کی کوشش کی گئی۔ دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوتا رہا جس میں سو فیصد شاملین جلسہ شرکت کرتے ہیں۔ نماز فجر کے بعد دو لوکل زبانوں میں درس کا انتظام ہوتا رہا۔

جلسہ سالانہ کی حاضری

جلسہ سالانہ سینیگال 2021ء میں سینیگال کے 14 ریجنز کے تین سو سے زائد دیہات کے 3565 مرد و خواتین شامل ہوئے۔ ان کے علاوہ ہمسایہ ممالک موریطانیہ اور گیمبیا سے بھی وفود نے شرکت کی۔ اسی طرح 200سے زائدغیر از جماعت احباب شامل ہوئے جن میں اکثر چیف آف ویلج اور مختلف دیہات کے نمائندگان تھے جو پہلی بار جلسہ سالانہ میں شامل ہو رہے تھے۔

جلسہ سالانہ سینیگال کی میڈیا کوریج

جلسہ سالانہ سینیگال میں متعدد ریڈیو اسٹیشنزکے نمائندگان کے علاوہ دارالحکومت ڈاکار کے دو TV چینلز نے جلسہ سالانہ کو نشر کیا۔ اور یوٹیوب اور فیس بک کے ذریع آٹھ ہزار سے زائد احباب نے ان رپورٹس کو دیکھا۔ نیز جلسہ سے 10 روز قبل سے ہی تمام ریجنز میں ریڈیو سٹیشنز پر جلسہ سالانہ کی آگاہی کے لیے اعلانات کیے جاتے رہے۔ نیز بعد از جلسہ بھی جلسہ کے پروگرامز ریجنز کے ریڈیوز پر نشر ہو رہے ہیں ۔

اعلیٰ عہدیداران کی شرکت

جلسہ سالانہ میں ایک سیاسی پارٹی کے لیڈر اور ممبر آف پارلیمنٹ کے علاوہ بورکینا فاسو کے ایمبیسڈر بھی خصوصی طور پرجلسہ میں شامل ہوئے اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ نیز لوکل پولیس کمشنر بھی جلسہ کےپہلے دن شامل ہوئے۔

60 ممالک کےعَلم

امسال پہلی مرتبہ لوائے احمدیت کے علاوہ 60ممالک کے جھنڈے بھی لہرائے گئے جن میں جماعت احمدیہ کا قیام ہوچکا ہے۔ شاملین جلسہ اور خصوصاً حکومتی عہدیداران کے لیے یہ امر باعث دلچسپی تھا۔

جلسہ گاہ لجنہ اماءاللہ

دوسرے روز مورخہ 25 دسمبر کو صبح لجنہ کی جلسہ گاہ میں لجنہ اماءاللہ کے زیر انتظام جلسہ کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ خواتین مقررین نے آنحضرت ﷺ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر کیں۔ نیز حضورﷺ کی شان میں بیان کردہ عربی قصائد بھی ناصرات نے نہایت خوش الحانی سے پڑھے۔ آخری روز مورخہ 26 دسمبر کو دوران سال اعلیٰ نمبروں سے کامیاب ہونے والی طالبات نے صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ سے انعامات وصول کیے ۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو جلسہ کی تمام ظاہری و باطنی برکات سے نوازے اور جوخصوصی دعائیں حضرت اقدس مسیح موعودؑ نے شاملین جلسہ کے لیے کی ہیں تمام شاملین جلسہ کو ان دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین

(رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button