امریکہ (رپورٹس)

نیشنل ورچوئل تعلیمی ریلی زیر اہتمام قیادت تعلیم مجلس انصار اللہ کینیڈا

(خالد محمود شرما۔ کینیڈا)

محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ کینیڈا کو مورخہ 12؍دسمبر 2021ء کو دوسری نیشنل ورچوئل تعلیمی ریلی کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذالک

موجودہ کورونا وائرس کی وبا کے تناظر میں امسال مجلس انصار اللہ کینیڈا کے تحت تمام لوکل، ریجنل اور پھر نیشنل سطح پر اجتماعات کا انعقاد نہیں ہوسکا ۔مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ کی منظوری سے قیادت تعلیم نے ان تمام اجتماعات کے متبادل کے طور پر ورچوئل تعلیمی ریلیز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ چنانچہ پورے کینیڈا میں ماہ جولائی اور اگست میں لوکل اور ریجنل سطح پر ورچوئل تعلیمی ریلیز کا کامیاب انعقاد بھی عمل میں آیا۔ الحمد للہ

ان ورچوئل تعلیمی ریلیز میں مقابلہ تلاوت،نظم، تقاریر بزبان اردو،انگریزی،فرنچ اور عربی منعقد کروانےکا فیصلہ کیا گیا۔ ملک بھر کی تمام ریجنل ریلیز میں اوّل آنے والے انصار نیشنل ریلی میں شریک ہونے کے حق دار قرار پائے۔

نیشنل آن لائن تعلیمی ریلی کے انعقاد سے قبل دعا کے لیے سیدنا و امامناحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں خط تحریر کیا گیا ۔ ریلی کے تمام اموراحسن طریقے سے ادا کرنے کی خاطر مکرم صدر صاحب مجلس نے نیشنل مجلس عاملہ کے درج ذیل افراد پر مشتمل ایک انتظامی کمیٹی کی منظوری دی۔

مکرم ناصر محمود احمد صاحب نائب صدر۔ ناظم اعلیٰ ریلی

مکرم ارشد ملک صاحب نائب صدر۔ شعبہ رابطہ ججز

مکرم محمد کلیم صاحب قائد تربیت۔ شعبہ اطلاعات وپبلسٹی

مکرم فخر چغتائی صاحب نائب قائد اشاعت اور ناصر الدین اقبال صاحب معاون صدر ۔شعبہ آئی ٹی

مکرم کاشف بن ارشد صاحب شعبہ رزلٹ و گوگل مارکنگ شیٹ

مکرم ثناءاللہ خان صاحب قائد تعلیم اور خاکسار خالد محمود شرما ایڈیشنل قائد تعلیم ۔نگران تعلیمی ریلی

انتظامی کمیٹی کی ابتدائی میٹنگ میں تمام شعبہ جات کے فرائض بتائے گئے اور تعلیمی مقابلہ جات کو وقت کی کمی کےباعث بذریعہ ذوم لنک چار ورچوئل رومز میں منعقد کرنے کے خاکے کوحتمی شکل دی گئی۔ نیز ہر چار ورچوئل رومز کے درج ذیل تین ماڈریٹر ز مقرر ہوئے: مکرم سہیل احمد ثاقب صاحب مربی سلسلہ وقائد تعلیم القران (مقابلہ تلاوت و نظم)، مکرم قمر احمد شہید صاحب ناظم اعلیٰ ویسٹرن اونٹاریو ریجن(مقابلہ اردو تقاریر صف اوّل اور صف دوم)،مکرم عاصم بھلی صاحب قائد عمومی ( مقابلہ انگریزی تقاریر صف اوّل اور صف دوم)اور مکرم محمد محمود شبوتی صاحب قائد تربیت نو مبائعین(مقابلہ تقاریر عربی اور فرنچ)۔

کمیٹی کی ابتدائی میٹنگ کے بعد تمام ریجنل ناظمین تعلیم کے ساتھ ایک تفصیلی آن لائن میٹنگ کی گئی جس میں مقابلہ جات کی تمام تفاصیل بتائی گئیں اور سوالات کے جوابات دیے گئے ۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکرہے کہ یہ ورچوئل پروگرام موجودہ عالمی وبائی صورتحال میں سب کے لیے ایک نیا اور کچھ انصارکے لیے بہت مشکل تجربہ تھا۔ چنانچہ پروگرام سے ایک ہفتہ قبل ایک ٹرائل کیا گیا جس میں تمام مقابلہ جات میں شرکت کرنے والوں کو بذریعہ ذوم لنک مدعو کیا گیا۔ اس ٹرائل میں ذوم سافٹ ویئر کےاستعمال، مائیک کو کھولنے اور بند کرنے کے علاوہ لائیو پروگرام کے دوران کیمرے کا استعمال کیسے ہوگا، یہ تمام چھوٹے چھوٹے امور تفصیل کے ساتھ تمام شاملین کو سمجھائے گئے تاکہ تعلیمی ریلی کے پروگرام کے دوران کسی بھی تکنیکی خرابی سے بچا جاسکے۔

مورخہ 12؍دسمبر 2021ء بروز اتوار ٹورانٹو وقت کے مطابق صبح 11 بجے تعلیمی ریلی کا آغاز افتتاحی تقریب سے ہوا۔

اس تقریب میں ماڈریٹر کے فرائض مکرم ناصر محمود احمد صاحب نائب صدر مجلس انصار اللہ کینیڈانے انجام دیے۔

مکرم سہیل احمد ثاقب صاحب مربی سلسلہ و قائد تعلیم القرآن نے سورۃ البقرۃ کی آیات 149تا 150کی تلاوت مع اردو و انگریزی ترجمہ کی۔ بعد ازاں مکرم عبدالحمید وڑائچ صاحب صدرمجلس انصار اللہ کینیڈا نے اپنی تقریر میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی بعثت کے مقصد کو آپ علیہ السلام کی تحریرات سے واضح کیا اور انصار بھائیوں کو خدا تعالیٰ کا قرب پانے، باقاعدگی سے پنج وقتہ نمازوں اور نماز تہجد پڑھنے کی طرف متوجہ کیا۔ نیز حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں عاجزی وانکساری اختیار کرنے، دین کو دنیا پرمقدم رکھنے اور خلافت سے مضبوط تعلق قائم رکھنے کی نصائح کیں۔

افتتاحی تقریب کے آخر میں صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے دعا کروائی ۔ اس کے فوراً بعد ورچوئل روم نمبر ایک ،دو اور تین میں بیک وقت تلاوت ،انگریزی تقریر (صف اوّل ) اور اردو تقریر (صف دوم )کے مقابلے شروع ہوئے۔ نماز ظہر اور کھانے کے وقفے کے بعد بیک وقت نظم ، اردو تقریر (صف اوّل) اور انگریزی تقریر (صف دوم) کے مقابلے شروع ہوئے نیز ورچوئل روم نمبر چار میں وقفے کے بعد مقابلہ تقریر عربی اور فرنچ منعقد ہوا۔

مجلس انصار اللہ کینیڈا کے زیر اہتمام تعلیمی ریلی کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مکرم چوہدری ہادی علی صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم سیّد مبشر احمدصاحب (مقامی ریجن) نے سورۃ الاعراف کی آیات 158 تا 159 کی تلاوت مع اردو ترجمہ کی۔ مکرم منصور انجم صاحب (کیلگری ریجن)نے ان آیات کا انگریزی ترجمہ پڑھا۔ بعدازاں مکرم جہانگیر مانگٹ صاحب (کیلگری ریجن) نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پاکیزہ منظوم کلام سے چند اشعار سنائے۔ ان اشعار کا انگریزی ترجمہ مکرم عابد محمود صاحب (ایسٹرن کینیڈا ریجن ) نے پڑھا۔ اس کے بعدمکرم ناصر محمود احمد صاحب نائب صدرمجلس انصاراللہ کینیڈا اور ماڈریٹر اختتامی تقریب نے تعلیمی مقابلہ جات کے نتائج کا اعلان کیا۔

اس کے بعد خاکسار نے تعلیمی ریلی کی رپورٹ پیش کی اور رپورٹ کے آخرمیں خاکسار نےتمام مقابلوں میں حصہ لینے والوں اور پوزیشن حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی اور منصفین کرام کا شکریہ ادا کیا۔ اسی طرح اس تاریخی پروگرام کو آن لائن دیکھنے والوں اور اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا نیز آئی ٹی ٹیم و دیگر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ، جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات بہت محنت کی۔ اللہ تعالیٰ سب کو اپنے فضل و کرم سے نوازے۔ آمین۔ اس کے بعد مکرم ہادی علی چوہدری صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے اختتامی تقریر کی۔ آپ نے اپنی تقریر میں انصار بھائیوں کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے علمی خزائن سے مستفید ہونے کی طرف توجہ دلائی اور آپ علیہ السلام کی کتب کا مطالعہ کرنے کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کیا۔

بعدازاں آپ نے دعا کروائی اور اس طرح یہ بابرکت تقریب اپنےاختتام کو پہنچی۔

(رپورٹ: خالد محمود شرما۔ایڈیشنل قائد تعلیم مجلس انصار اللہ کینیڈا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button