نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِجنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 27؍نومبر 2021ء کو 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم محمد اقبال خان صاحب (حلقہ مسجد فضل لندن )کی نماز جنازہ حاضر اور 02مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم محمد اقبال خان صاحب (حلقہ مسجد فضل لندن ) 21؍نومبر 2021ء کو 75سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے ۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم کے دادا مکرم محمود خانصاحب کو حضرت مُصلح موعودؓ کے ہاتھ پر بیعت کی توفیق مِلی۔ مرحوم کے والد اور والدہ تحریک جدید کے پانچ ہزاری مجاہدین میں شامل تھے۔1974ء میں معاندین احمدیت نے فیصل آباد میں آپ کے کلینک کو آگ لگا دی تھی جس کے بعد آپ ربوہ شِفٹ ہو گئے۔ پھر کچھ عرصہ لیبیا میں رہے جہاں نائب صدر جماعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔ بعدازاں ربوہ قیام کے دوران بھی بطور صدر محلہ ناصر آباد خدمت بجالاتے رہے۔2012ء میں یوکے آ گئے اور مسجد فضل کے حلقہ میں بطور سیکرٹری تربیت اور سیکرٹری تعلیم القرآن خدمت کی توفیق پائی۔تبلیغ کا بُہت شوق تھا ۔تمام نمازیں مسجد فضل میں با جماعت ادا کیا کرتے تھے۔چندہ جات میں باقاعدہ تھے ۔ قُر آن کریم کی تلاوت بھی باقاعدگی سے کرتے تھے۔ بہت دیندار، صوم و صلوٰۃ کے پابند،خوش گفتاراور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے ایک نیک انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

1۔ مکرمہ رضیہ بٹ صاحبہ (کینیڈا)

15نومبر 2021ءکو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نے گھر کو چلانے اور اولاد کی پرورش کے لیے ساری زندگی بہت محنت کے ساتھ بسر کی ۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند ، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی ایک باہمت اور نیک خاتون تھیں۔ آپ مکرم ناصر محمود بٹ صاحب (مربی سلسلہ کینیڈا) کی والدہ اور مکرم باسل رضا بٹ صاحب( مربی سلسلہ ایم ٹی اے کینیڈا )کی دادی تھیں۔

2۔مکرم کامران مبارک صاحب (ساہیوال)

25؍ستمبر2021ءکوبقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم پیدائشی احمدی اور ایک اچھی طبیعت کے مالک مخلص انسان تھے ۔پسماندگان میں والدہ کے علاوہ دو بہنیں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 11؍دسمبر2021ء کو 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ حمیدہ اختر صاحبہ اہلیہ مکرم مشتاق احمد بٹ صاحب مرحوم(جماعت سیلسڈن کرائیڈن) کی نماز جنازہ حاضر اور 16مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ حمیدہ اختر صاحبہ اہلیہ مکرم مشتاق احمد بٹ صاحب مرحوم(جماعت سیلسڈن کرائیڈن)

8 دسمبر2021ء کو 95 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت شیخ اللہ بخش صاحبؓ کی پوتی اور حضرت شیخ غلام حسین صاحبؓ کی بیٹی اور جسٹس شیخ بشیر احمد صاحب (سابق امیر جماعت لاہور) کی بھانجی تھیں۔ مرحومہ عبادت گزار، صوم و صلوٰۃ کی پابند، مہمان نوازاور صابرہ و شاکر خاتون تھیں۔ پسماندگان میں 5بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

1۔مكرم عطیہ بنداری صاحب (قاہره مصر) 19؍نومبر 2021ء كو 77 سال كی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے 2011ءمیں بیعت كی توفیق پائی۔احمدی ہونے كے بعدان كے گھر والوں نے مشہور كردیاتھا كہ بڑی عمر كی وجہ سےان كا دماغ چل گیا ہے اور پاگل ہو گئے ہیں۔اور بالآخر سارے گھر والے مخالفت كرتے ہوئے چھوڑ گئے۔ پھر دو سال تك تن تنہا گذارے جس كے بعد آپ نے ایك مراكشی احمدی خاتون بشریٰ اعماراتی صاحبہ سے دوسری شادی كر لی۔مرحوم نمازوں كےنہایت پابند اور دین كا گہرا علم اور سوجھ بوجھ ركھنے والے تھے۔ بہت صاف دل ، بلند اخلاق كے مالك اورنہایت نیك دل انسان تھے۔ بیعت كے بعد رات دن محنت كركے ایم ٹی اے کے لیے پروگرام تیار كرتے رہے ۔ ان كا آخر ی پروگرام خلافت كے بارہ میں تھا۔ آپ فوج کے ریٹائرڈ بریگیڈیئر تھے اور اس زمانہ كے اپنے 60 كے قریب بڑے بڑے افسر ساتھیوں کو ا یم ٹی اے كےپروگراموں كے بارہ میں بتاتے اور احمدیت كی راہ میں كسی چیز كا خوف نہ ركھتے تھے۔ آپ کو حج بیت اللہ كی بھی توفیق ملی تھی۔ نیز قادیان كی زیارت كا بھی موقع ملا ۔ قادیان كی روحانیت سے بھر پور فضاسے بے حد متاثر تھے۔

2۔مکرم چودھری امان اللہ سیال صاحب (سابق امیر جماعت ضلع قصور) 2؍دسمبر 2021ء بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ریلوے کی ملازمت کے دوران 1960ء میں محراب پور سندھ میں بطور سیکرٹری مال خدمت کی توفیق پائی۔ علاقہ میں اثر و رسوخ ہونے کی وجہ سے بِلا جھجک تبلیغ کرتے ۔ اس وجہ سے علاقہ کے سیاستدان اور عام دیہاتی بھی آپ کے زیرِ تبلیغ رہے ۔ربوہ میں جلسہ پر پابندی کے بعد 12 سال تک اپنے ڈیرہ پر جلسہ منعقد کرواتے رہے ۔ آپ نے تقریباً 17 سال بطور امیر ضلع خدمت کی توفیق پائی۔ اس عرصہ میں آپ نے ضلع کی ہر جماعت اورہر فرد سےذاتی تعلق رکھا۔آپ واقفین کے ساتھ بہت شفقت اور عزت سے پیش آتے تھے۔ 2001ء میں اپنے بیٹے حفیظ اللہ سیال صاحب کی وفات کے بعد ان کے بچوں کی تعلیم وتربیت کے لیے ربوہ منتقل ہوگئے جہاں اپنے حلقہ میں بطور زعیم انصار اللہ خدمت کی توفیق پائی۔ 2004ء میں گاؤں واپس چلے گئے اور پھر بطور صدر جماعت قُطْبَہ جَوْڑہ اور قاضی ضلع خدمت کرتے رہے۔ مرحوم موصی تھے اور خلافت کے ساتھ بڑا عقیدت اور وفا کا تعلق رکھتے تھے ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے شامل ہیں۔آپ کے ایک پوتے مکرم نجیب اللہ سیال صاحب مربی سلسلہ پاکستان میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

3۔ مکرم عبد الحمید گوندل صاحب (سیالکوٹ شہر ) 2 دسمبر 2021ءکو 70سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے مختلف جماعتی اور تنظیمی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔ وفات سے قبل ناظم انصار اللہ ضلع سیالکوٹ کے علاوہ ناظم انصار اللہ علاقہ گوجرانوالہ کے طورپر بھی خدمت بجا لارہے تھے۔ پنجوقتہ نمازوں کے پابند،ہمدرد، ملنسار اور خلافت سے ایک خاص عقیدت کا تعلق رکھنے والے نیک انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے شامل ہیں ۔

4۔مکرمہ ناصرہ اسلم صاحبہ اہلیہ مکرم میر محمد اسلم صاحب (گوجرانوالہ) 21 اکتوبر 2021ءکو86 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے لمبا عرصہ صدر لجنہ حلقہ ماڈل ٹاؤن گوجرانوالہ خدمت کی توفیق پائی ۔آپ ایک کامیاب داعی الی اللہ تھیں ۔ 1974ء کے پرآشوب دور میں مخالفین نے آپ کے مکان کو کافی نقصان پہنچایا لیکن آپ نے بڑے صبر وحوصلہ سے ان حالات کا مقابلہ کیا ۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

5۔مکرمہ سکینہ بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الرشید صاحب (ربوہ) 30؍نومبر2021ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ نمازوں کی پابند، سادہ مزاج، مہمان نواز ، صدقہ وخیرات کرنے والی ایک خدا ترس اور نیک خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں ۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ پانچ بیٹے اور چھ بیٹیاں شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم رفیع احمد صاحب مربی سلسلہ آج کل یوگنڈا میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں اور میدان عمل میں ہونے کی وجہ سے والدہ کے جنازہ اور تدفین میں شامل نہیں ہوسکے ۔

6۔مکرمہ امۃ الحئی ڈار صاحبہ بنت مکرم خواجہ عبد العزیز ڈار صاحب( آف جرمنی ۔حال ربوہ ) 4؍نومبر2021ء کو 96 سال کی عمر میں لاہور میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ جہاں بھی رہیں وہاں احمدی اور غیر احمدی بچوں کو قرآن کریم پڑھاتی رہیں۔ مرحومہ صائب الرائے ، ہر دلعزیز شخصیت کی مالک،ہمدرد ، مہمان نواز، خلافت کی فدائی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

7۔مکرمہ عارفہ جبین قاضی صاحبہ(جرمنی) 22؍نومبر 2021ءکو60 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، رو زانہ تلاوت قرآن کریم کرنے والی ، باقاعدگی سے ایم ٹی اے دیکھنے والی، منکسرالمزاج ، مہمان نواز اور ایک بااخلاق خاتون تھیں۔تبلیغی پروگراموں میں باقاعدگی سے مہمان لے کر آتی تھیں۔مرحومہ صوصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔

8۔مکرم چودھری نصیر احمد صاحب وڑائچ (Vechta۔ جرمنی) 27؍اکتوبر 2021ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم گجرات اور سرگودھا میں بطور استاد ملازمت کرتے رہے ۔اس دوران آپ کو مختلف جماعتی اور تنظیمی عہدوں پر خدمت کی توفیق ملی۔ 1990ء میں اپنی فیملی کے ساتھ ربوہ منتقل ہوگئے ۔جہاں الصادق ماڈرن سکول کے فاؤنڈر اور ڈائریکٹر کے طوپر کام کیا۔ 2012ء میں جرمنی آنے پر جماعت فیشٹا( Vechta) میں امام الصلوٰۃ کے علاوہ سیکرٹری تربیت اور سیکرٹری تعلیم القرآن کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند ، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے ۔خلافت سے عقیدت کا گہرا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا شامل ہے۔

9۔ مکرمہ سیدہ منصورہ صاحبہ اہلیہ منصوراحمد صاحب (جرمنی) 30؍اکتوبر2021ء کو 55سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے بطور صدر لجنہ مورفیلڈن اوسٹ خدمت کی توفیق پائی ۔سپورٹس اور والی بال میں لجنہ کی بڑی متحرک ممبر تھیں۔صوم وصلوٰۃ کی پابند ، چندوں کی ادائیگی میں باقاعدہ ، صدقہ وخیرات کرنے والی ایک نیک ، مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ چار بیٹیاں ، تین بہنیں اور دو بھائی شامل ہیں ۔

10۔ مکرم شرف الدین صاحب(معلم سلسلہ۔بھارت) 15 نومبر 2021ءکو 60 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم قادیان سے معلم کا چھ ماہ کا کورس کرنے کے بعد ہندوستان کے صوبہ یوپی اوربہار کی مختلف جماعتوں میں بطور معلم خدمت بجالاتے رہے ۔ مرحوم سادہ طبیعت کے مالک ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔

11۔ مکرم عابد محمود صاحب (جرمنی) 26؍اگست 2020ءکو ایک حادثہ میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم ایک نیک، مخلص اور باوفا انسان تھے ۔ مرحوم موصی تھے۔آپ کے والد بہشتی مقبرہ میں کارکن اور بھائی مربی سلسلہ کے طور پر خدمت بجالارہے ہیں۔

12۔ مکرمہ عابدہ جمال صاحبہ اہلیہ مکرم عابد محمود صاحب(جرمنی) 21؍ستمبر 2021ء کو 52سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ اجلاسات میں باقاعدگی سے شرکت کرتی تھیں ۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں ایک بیٹی شامل ہے ۔

13۔ مکرمہ سعادت بانو صاحبہ اہلیہ مکرم قاضی منیر احمد صاحب (ناروے)28؍جولائی 2021ءکو 76 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت قاضی محمد نذیر صاحب لائلپوری کی چھوٹی بہو تھیں۔بہت سادہ مزاج ، ملنسار ،ہمدرد، غریبوں کی مدد کرنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت سے والہانہ عقیدت رکھتی تھیں۔ چندہ جات اور دیگر تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں ۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ چھ بیٹیاں اور چار بیٹے شامل ہیں۔

14۔ مکرمہ حلیمہ بیگم صاحبہ(مٹھی تھرپارکر ۔حال کراچی) 31؍دسمبر 2020ء کو85 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند ، تہجدگزار، دعا گو، چندوں میں باقاعدہ ، صدقہ و خیرات کرنے والی ، مہمان نواز، جماعت کے لیے غیر ت رکھنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں ۔واقفین زندگی کا بہت احترام کرتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم شکیل احمد قریشی صاحب بطور انچارج معلم حلقہ مٹھی تھرپارکر میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

15۔ مکرم بشیر حسین تنویر صاحب(امیر جماعت بیت الفضل ۔فیصل آباد) 12؍نومبر 2021ء کو70 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے فیصل آباد میں لمبا عرصہ ضلعی سیکرٹری وقف نو کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔بہت ملنسار، سادہ مزاج ، خوش اخلاق ، صائب الرائے اور عبادت کا شغف رکھنے والے ایک نیک انسان تھے۔

16۔ مکرم ناصر احمد صاحب ابن مکرم محمد صادق صاحب(بہاولپور ۔حال ملائیشیا)8؍ستمبر 2021ءکو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم دینی خدمت میں پیش پیش رہنے والے ایک نیک انسان تھے۔ خاص طور پر سیکیورٹی کے فرائض بڑی خوش اسلوبی سے نبھاتے تھے۔ دو ماہ اسیر راہ مولیٰ رہنے کی بھی سعادت پائی ۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button