افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ لائبیریا کی بومی کاؤنٹی میں مسجد کا افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لائبیریا کوبومی کاؤنٹی کی ایک جماعت Jarwejah میں مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ علیٰ ذالک۔

اس جگہ پرپہلی مرتبہ احمدیت کا پیغام 2018ء میں پہنچا اور 125 احباب نے احمدیت قبول کرنے کی سعادت پائی۔

احباب کی تعلیمی و تربیتی ضروریات کے پیش نظر مورخہ 14؍جنوری2021ء کو مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ بومی کاؤنٹی نےمسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کا کل احاطہ 1846مربع فٹ ہے اور بیک وقت 150 افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

مورخہ 3؍دسمبر 2021ء کو مسجد کے باقاعدہ افتتاح کی تقریب مقرر کی گئی۔ جس میں مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مشنری انچارج لائبیریا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

مکرم حافظ ابراہیم صاحب کیزولو نے تلاوت قرآن کریم سے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا اور نظم بھی پیش کی۔ اس پر وقار تقریب میں مختلف ٹاؤنز کے چیفس اور اماموں نے بھی شمولیت اختیارکی جنہوں نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئےجماعت احمدیہ کی خدمت اسلام وانسانیت کو سراہا۔

اس تقریب کے آخر پر مکرم امیر صاحب لائبیریا نے احباب سے خطاب میں احمدی اور غیر احمدی مسلمانوں کےعقائد میں بنیادی فرق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ احادیث میں امت محمدیہ کی اصلاح کے لیے آنے والے وجود کو مسیح کےنام سے ملقب کیا گیا لیکن عوام الناس صحیح علم نہ ہونے کی وجہ سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو ہی اس امت کا مصلح سمجھ کران کا انتظار کررہی ہے جبکہ احمدی مسلمان قرآن کریم کی روشنی میں ان کو وفات یافتہ تسلیم کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے بانئ سلسلہ احمدیہ حضرت مرزا غلام احمد صاحب قادیانی علیہ السلام کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی میں اس امت کی اصلاح کے لیے امام مہدی اور مسیح بناکر بھیجا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی بیعت کا حکم دیا ہے اور یہی امر ان کے ماننے والوں کو دوسرے مسلمانوں سے ممتاز کرتا ہے۔

خطبہ جمعہ میں مکرم امیر صاحب نے کہا کہ یہ مسجد خداتعالیٰ کی طرف سے ہمارے لیےایک انعام ہے اور اس کا شکر ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اس کو پنج وقتہ آباد رکھیں اوراپنے بچوں کو قرآن کریم سیکھنے کے لیے مسجد سے جوڑدیں۔

نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعداحباب جماعت کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ اس بابرکت تقریب میں 200 افراد نے شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس مسجدکوجماعت کے لیے مزید ترقیات کا پیش خیمہ بنائے اور احباب جماعت کو اس کا حقیقی حسن برقرار رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

(رپورٹ: فرخ شبیرلودھی۔ مبلغ سلسلہ لائبیریا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button