حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(13؍دسمبر۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 270,488,249

صحت یاب ہونے والے: 243,235,043

وفات یافتگان: 5,324,113

٭…برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن کو ممکنہ عدم اعتماد کا سامنا کرنے کی صورت میں برطانوی وزیر داخلہ بھارتی نژاد کنزروٹیو راہنما پریتی پٹیل وزیراعظم کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہوں گی۔بورس جانسن ان دنوں 2020ءمیں لاک ڈاؤن کے باوجود حکومتی سطح پر پارٹیاں منعقد کرنے کے الزامات کی زد میں ہیں اور اپوزیشن جماعتیں ان سے استعفے کا مطالبہ کررہی ہیں۔ برطانیہ کے اپوزیشن لیڈر سر کیئراسٹارمر نے کہا کہ ایک ہفتے تک تردید کے بعد وزیراعظم کی معافی کئی سوالات اٹھاتی ہے۔ لوگ سوچتے ہیں کہ وزیر اعظم نے انہیں بےوقوف بنایا اور جھوٹ بولا۔

٭…مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کی صورتحال پاکستان سے بات کیے بنا بہتر نہیں ہو سکتی۔ جموں کشمیر میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے، گڑگاؤں شہر میں کھلی جگہوں پر نماز کی ادائیگی پر پابندی کے معاملے پر فاروق عبداللہ نے کہا کہ بھارت کا آئین مذہبی فرائض کی ادائیگی کی آزادی دیتا ہے، کھلی جگہوں پر نماز نہیں پڑھنے دیں گے تو نماز کے لیے جگہ دیں۔

٭…چین کے ایغور مسلمانوں سے ناروا سلوک کی بنا پر امریکی ایوان نمائندگان میں چین مخالف بل منظور ہوگیا جو صدر بائیڈن کو دستخط کے لیے بھیجا جائے گا۔منظور کیے گئے بل میں سنکیانگ سے درآمدات پر پابندی لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔ اسپیکر امریکی ایوان نمائندگان کا کہنا ہے کہ چین ایغور اور اقلیتوں کے خلاف جبر کا استعمال کر رہا ہے۔

٭…بحرین میں تعمیر کیا گیا عرب خطے کا سب سے بڑا چرچ کیتھڈرل آف آر لیڈی آف عریبیہ (Our Lady of Arabia)عوام کے لیے کھول دیا گیاہے۔ چرچ کے پادری شربل فیاض کا کہنا ہے کہ ہم اس چرچ کے لیے بہت خوش ہیں۔ اس چرچ میں 2300 افراد کی جگہ ہے جبکہ یہ چرچ مسلم اکثریتی خطے کی عیسائی اقلیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ بحرین میں 80,000 کیتھولک عیسائی موجود ہیں جن میں سے زیادہ تر ایشیائی ممالک بھارت اور فلپائن سے آئے ہوئے ہیں۔

٭… یوکرین کی سرحد پر ماسکو کے فوجیوں کی ایک بڑی تعداد میں تعیناتی نے علاقے میں مزید تناؤ کو جنم دیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ لز ٹرس نے لیورپول میں ایک سمٹ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ جی سیون ممالک کا گروہ چاہتا ہے کہ روس یوکرین کی طرف اپنی جارحیت روک دے۔ اگر روس یوکرین میں داخل ہوتا ہے تو اس کے بڑے پیمانے پر نتائج ہوں گے اور اس کی بڑی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

تاہم روسی صدر ولادیمیر پوتن نے گذشتہ ہفتے ایک ویڈیو کال کے ذریعے امریکی صدر جو بائیڈن کو بتایا تھا کہ روسی افواج کسی کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہیں۔ جبکہ صدر بائیڈن نے روسی صدر سے کہا تھا کہ ایسی صورت میں روس کو معاشی نتائج کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

٭…بھارتی کسان یونین نے متنازع زرعی قوانین کی واپسی کے بعد احتجاج ختم کر دیا۔ کسان راہنما گرنام سنگھ کا کہنا ہے کہ 15؍جنوری کو کسان جائزہ اجلاس ہوگا جس میں احتجاج دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے گذشتہ ماہ متنازع زرعی قوانین کی واپسی کا اعلان کیا تھا جبکہ بھارتی پارلیمنٹ نے گذشتہ ماہ متنازع زرعی قوانین کی واپسی کا بل منظور کرلیا تھا۔

٭…امریکی سپریم کورٹ نے دوسری مرتبہ ٹیکساس کے اسقاط حمل کے قانون پر پابندی لگانے سے انکار کردیا لیکن اسقاط حمل کے حامیوں کو قانون کے ماتحت عدالتوں میں چیلنج کرنے کی اجازت دے دی۔ قانون کے مطابق ٹیکساس میں چھ ہفتے سے زائد حمل کو ضائع کرنے کی پابندی ہے۔ اسقاط حمل کے مخالفین نے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ امریکی صدر جوبائیڈن نے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

٭…فلپائن کی نامور صحافی ماریا ریسا نے صحافیوں کو درپیش خطرات اور سوشل میڈیا کی خرابیوں سے متعلق نوبیل پرائز تقریر میں کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کی وجہ سے جھوٹ کے وائرس نے سب کو متاثرکیا، ہمیں ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کیا، ہمارے خوف، غصے، نفرت کو سب کے سامنے لے آیا۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ غصے اور نفرت سے بھرے جھوٹ، حقائق سے زیادہ تیزی سے پھیلتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی کمپنیاں ہمارے عالمی انفارمیشن ایکو سسٹم کو کنٹرول کر رہی ہیں، حقائق اورصحافیوں کے معاملے میں متعصب ہیں، وہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہمیں تقسیم کر رہے ہیں اور ہمیں بنیاد پرست بنا رہے ہیں۔ صحافیوں کو غیرجانبدار نہیں بلکہ سچا ہونا چاہیے۔

٭…نائیجیریا میں گذشتہ بدھ کے روز موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ضلع مشیگو کے گاؤں کی مسجد پر نماز کےدوران حملہ کیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 9 نمازی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

٭…امریکا کی چھ ریاستوں میں جمعے کی رات کو 30 سے زیادہ طوفانی بگولوں کے باعث مختلف حادثات میں 100 سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔صرف ریاست کینٹکی میں 70 افراد ہلاک ہوئے۔ مے فیلڈ میں بگولے سے تباہ فیکٹری کے ملبے سے چالیس افراد کو نکال لیا گیا ہے جبکہ مے فیلڈ میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ آرکنساس میں نرسنگ ہوم کی چھت گرنے سے دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ ان کے علاوہ الی نوائے میں 6، ٹینیسی میں 4، میزوری میں 1 ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے 6 امریکی ریاستوں میں ہوا کے بگولوں سے ہونے والی تباہی کو المیہ قرار دے دیا ہے۔

٭…جاپان کے مشرقی حصے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ٹوکیو کے مشرق میں تھا ۔ زلزلے کے جھٹکوں سے عمارتیں لرز گئیں لیکن کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اسی طرح پاکستان کے شہر حیدرآباد اور کوٹری میں 12 دسمبر کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، 3.3 شدت کے زلزلے کا مرکز حیدرآباد کے مغرب میں 70کلومیٹر دور تھا جبکہ اس کی گہرائی 30 کلو میٹر تھی۔ اس سے قبل سوات اور چترال سمیت چند بالائی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ گذشتہ ہفتے کے آخر میں کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی 4.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

٭…انقرہ میں ترک وزیر ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر ‘عادل قارا اولو’ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ ترکی اپنا نیا سیٹلائٹ فائیو بی 19 دسمبر کو خلا میں بھیجے گا۔ سیٹلائٹ کو فرانسیسی راکٹ فالکن 9 کی مدد سے فلوریڈا کے کیپ کیناورل خلائی بیس سے خلا میں بھیجا جائے گا۔

٭…ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں پرٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 344 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس فہرست میں ویتنام کا دارالحکومت ہنوئی 197 پرٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ دوسرے اور بھارتی شہر کولکتہ 193 پرٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی اس فہرست میں 167 پرٹیکولیٹ میٹرزکے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے آبادی اور فضائی آلودگی کے حوالے سے مرتب فہرست میں فیصل آباد پہلے، لاہور دوسرے نمبر، گوجرانوالہ تیسرے جبکہ کراچی نویں نمبر پر ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضرِ صحت، 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضرِ صحت جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔

٭… چشمہ لگانے والے افراد کے لیے اچھی خبر ہے کہ ایک امریکی کمپنی نے امریکہ میں چشمہ لگانے والے ایسے افراد جن کی عمر 40 یا اس سے زائد ہے یا جو دھندلا پن کا شکار افراد ہیں، 15 منٹ میں دھندلا پن سے نجات پانے اور صاف بینائی واپس لانے والی آئی ڈراپس متعارف کروا دی ہیں۔

ایف ڈی اے کی منظور شدہ آئی ڈراپس دونوں آنکھوں میں ایک ایک قطرہ 6 سے 10گھنٹوں کے لیے دھندلاپن دور کرنے کے لیے کافی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کم روشنی یا رات کو گاڑی چلانے والے اور 65 سال کی عمر والے افراد بھی اس سے مستفید نہیں ہوسکتے۔

٭…عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرنٹ کے 46 فیصد کیسز افریقی ریجن میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ جنوبی افریقہ میں 7 دنوں میں کورونا کیسز میں 255 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے ہسپتالوں میں 6 فیصد آئی سی یو بیڈز پر کورونا مریض موجود ہیں۔

٭… لندن اسکول آف ہائیجین اینڈ ٹراپیکل میڈیسنز کی ایک تحقیقی رپورٹ میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے پھیلاؤ سے متعلق بتایا گیا ہے کہ پابندیاں نہ لگیں تو جنوری میں اومی کرون انفیکشن کی بڑی لہر کا سامنا ہوگا۔ اومی کرون کے پھیلاؤ کے باعث اپریل 2022ء کے اختتام کے بعد 25تا 75 ہزار تک اموات ہوسکتی ہیں۔ اومی کرون سے اموات کی تعداد کا انحصار کورونا ویکسین کی کارکردگی پر ہوگا۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اومی کرون کے معاملے میں نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) کو دباؤ سے بچانے کے لیے سخت پابندیوں کی ضرورت ہوگی۔ ریسرچر ڈاکٹر نِک ڈیوس نے کہا ہےکہ اومی کرون کا سرعت کےساتھ پھیلنا قابل تشویش ہے۔ نئی قسم کے متاثرین کی تعداد ڈھائی دن میں 2گنا بڑھ رہی ہے۔

٭…پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز 13 دسمبر سے ہورہا ہے۔ 18 دسمبر سے دونوں ٹیموں کے درمیان تین ہی میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آغاز ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

دورہ پاکستان پر آنے والی ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے تین کرکٹرز چیز، شیلڈون کوٹریل اور کائل مائرز اور ایک سپورٹنگ اسٹاف ممبر کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔ یہ سب اس وقت آئسولیشن میں ہیں۔ مہمان ٹیم کے کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ان چاروں افراد میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں اور سب کی ویکسینیشن ہوچکی ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button