افریقہ (رپورٹس)

عشرہ تحریک جدید، ستمبر 2021ءآئیوری کوسٹ

جماعتی روایات کے مطابق احباب جماعت میں نظامِ تحریک جدید کی اہمیت کو بیدار رکھنے کے لیے عموماً سال میں دو مرتبہ عشرہ تحریک جدید منایا جاتا ہے۔ جس دوران افراد جماعت کو تحریک جدید کے متعلق آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔ نیز تحریک کے لیے چندہ کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی جاتی ہے اور احباب جماعت کو تحریک جدید کے بقیہ مطالبات مثلاً سادہ زندگی گزارنا، وقف زندگی وغیرہ کی طرف بھی توجہ دلائی جاتی ہے۔ انہی جماعتی روایات کو جاری رکھتے ہوئے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ (côte d’ivoire)، مغربی افریقہ کو بھی سالانہ پروگرام کے تحت دوسرا عشرہ تحریک جدید مورخہ 10تا 20؍ستمبر 2021ء منانے کی سعادت نصیب ہوئی۔

عشرہ کےآغاز سے قبل مکرم امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے تمام ریجنل مبلغین کو عشرہ کو کامیاب بنانے کے متعلق عمومی ہدایات دیں۔ دوران عشرہ مختلف مقامات پرمبلغین و معلمین کرام نےاحباب جماعت میں اس تحریک کی اہمیت کو جگانے کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بیان فرمودہ خطبات بعنوان تحریک جدید کا مقامی زبان جولا (Djoula)میں ترجمہ کے ساتھ احباب جماعت کو سنوائے نیز اپنے خطبات جمعہ میں بھی تحریک جدید کے متعلق احباب جماعت کواس کے متعلق آگاہ کیا۔ اس عشرہ کے دوران آئیوری کوسٹ کے سبھی ریجنل مبلغین کرام و لوکل معلمین کرام نے کل 165 جماعتوں میں خطبات و دروس کا اہتمام کیا۔ کئی مقامات پر ریجنل مبلغین کرام نے انفرادی طور پر بھی احباب جماعت سے ملاقات کر کے انہیں اس کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی۔جس میں احباب جماعت کو تحریک جدید کے ذریعے ہونے والی ترقیات نیز اس چندہ کے ذریعے ہونے والے جماعتی کاموں سے آگاہ کیا گیااور انہیں چندہ کی ادائیگی کی طرف بھی توجہ دلائی گئی۔چنانچہ ان جماعتوں میں کل 80 خطبات بعنوان تحریک جدید دیے گئے جس کے شاملین کی تعداد 8000 کے قریب رہی جبکہ بعد از نماز فجر و مغرب 170دروس کے ذریعے2100 افراد کو اس موضوع پر آگاہی دی گئی۔

ان خطبات، دروس و انفرادی ملاقاتوں کے ذریعے 165 جماعتوں کے کل 6000سے زائد افراد نے لبیک کہتے ہوئے عشرہ کے دوران اس بابرکت تحریک میں الحمد للہ تقریباً ساڑھے سات لاکھ فرانک سیفا کی رقم بطور چندہ ادا کی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام احباب جماعت کے مال و نفوس میں خاص برکت عطا کرے نیزپیارے آقا کی نصائح کے مطابق انہیں حقیقی معنوں میں انفاق فی سبیل اللہ کی روح کو سمجھتے ہوئے مالی قربانی کرنے کی توفیق عطا فرماتا جائے اورانہیں تحریک جدید کے بقیہ مطالبات پر بھی کما حقہ عمل کرنے کی توفیق عطا کرتاجائے۔آمین

(رپورٹ:عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button