نماز

نماز میں لذّت کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟

سوال: اسی Virtual نشست مورخہ 05؍دسمبر 2020ء میں ایک اور طالبعلم نے حضورانور کی خدمت اقدس میں عرض کیا کہ نماز میں لذّت کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟ اس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

جواب: لذت کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟ اس کا ایک سادہ سا طریقہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے یہ بتایا ہے کہ تم رونی شکل بنالو۔ جب انسان ظاہری طور پر اپنی شکل بناتا ہے توجیسی حالت طاری کرنے کی کوشش کرتا ہے دل کے جذبات بھی پھرویسے ہونے شروع ہوجاتے ہیں۔ جب سورت فاتحہ پڑھ رہے ہو تو إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِيْنُ کو بار بار دہراؤ اور غور کرو اور رونی شکل بناتے جاؤ تو ایک وقت میں تمہیں رونا آجائے گا۔ جب تمہیں رونا آئے گا، جب دل پہ رقت طاری ہوگی، نرمی پیدا ہوگی تو پھر تمہیں اس میں ایک لذّت آنی شروع ہوگی۔ پھر جب تم رکوع میں جاؤ گے، پھر تم دعا پڑھو گے پھر تمہیں لذّت آئے گی۔ پھر سمع اللّٰہ کہو گے تو پھر تمہیں لذّت آئے گی۔ سجدے میں جاؤ گے پھر بے چینی سے تڑپو گے، پھر تمہیں لذّت آئے گی۔ تو اسی شکل کو اپنے آپ پہ طاری کرنا پڑے گا۔ ایک مجاہدہ ہے، ایک کوشش ہے، وہ کوشش کرو گے تو پھر لذّت پیدا ہوتی جائے گی۔ اور جب ایک دفعہ لذّت آجائے گی تو پھر تمہیں مزہ آتا رہے گا۔ ہر دفعہ ہی تم کوشش کرو گے کہ میں نماز میں اللہ کےحضور حاضر ہوں اور روؤں تو مجھے مزہ آئے، مجھے لطف آئے۔ اور جو اللہ کے آگے سجدہ میں رونے کا مزہ آتا ہے ناں وہ ہر مزہ سے بہت بڑھ کے ہوتا ہے۔ ٹھیک ہے؟ اور اللہ سے یہ دعا کرو کہ جس عہد کے ساتھ تم جامعہ احمدیہ میں آئے ہو اللہ تعالیٰ اس عہد کو پورا کرنے کی، نبھانے کی توفیق دے۔ اور تم ایک اچھے مربی اور مبلغ بن کے نکلو اور اپنی قو م میں تبلیغ کرکے اس قوم کو اللہ تعالیٰ کے سامنے جھکانے والے بنو۔ اور پھر ان میں سے بھی وہ لوگ پیدا ہوں جن کو عبادتوں میں لذّت آئے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button