یورپ (رپورٹس)

جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم جماعت احمدیہ ہالینڈ

جماعت احمدیہ ہالینڈ کو مورخہ 28؍نومبر 2021ء بروز اتوار جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کے لیےدو ہفتے پہلے احباب جماعت کو اطلاع دی گئی تھی تاکہ اس پروگرام میں زیادہ سےزیادہ احباب شامل ہوں۔ پروگرام کو ایم ٹی اے ہالینڈ کےیوٹیوب چینل پرلائیو نشر کیا گیا اور اس کا لنک پہلے ہی احباب جماعت کو بھجوادیا گیا تھا۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم ایمن عودے صاحب نے کی اور ڈچ میں ترجمہ کیا۔ اردو ترجمہ مکرم مظفرحسین صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد پہلی تقریر مکرم سفیر احمد صدیقی صاحب مربی سلسلہ نے کی۔ آپ کی تقریر کا عنوان “آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی امتیازی خصوصیات’’ تھا۔

ایک امتیازی خصوصیت جس کا مربی صاحب نے ذکر کیا یہ ہےکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ماننےوالوں کو اپنےسے پہلے تمام انبیاء کو ماننے کی تعلیم دی۔ یہ ایک ایسی خصوصیت ہے جو ہمیں ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے۔

اس کے بعد مکرم سعید احمد جٹ صاحب مربی سلسلہ و صدر خدام الاحمدیہ نے “آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نوجوانوں کے لیےبطور نمونہ’’ کےعنوان سے اپنی گذارشات پیش کیں۔ آپ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے ایک پہلو عبادت الہٰی کا ذکر کیا کہ کس طرح نبوت سے پہلے ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نوجوانی کی عمر میں خدا کی تلاش میں تھے اور اللہ کی عبادت کرتے تھے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم کےنمونہ نے کس طرح صحابہ کرام کی زندگی بدل دی اس کا ذکر کیا۔

مکرم مرزا فخر احمد صاحب صدر انصار اللہ ہالینڈ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا بطور والد کس طرح نمونہ تھا اس حوالہ سےسیرت کے خوبصورت پہلوؤں کا ذکر کیا کہ آپ کس طرح اپنے بچوں کی تربیت کرتے تھے ۔

اس کے بعد مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب مشنری انچارج ہالینڈ نے رشتہ داروں سے حسن سلوک اور عائلی مسائل کے حوالے سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کا ذکر کیا ۔

آخر پر مکرم ھبۃ النور فرحاخن صاحب امیر جماعت ہالینڈ نے اختتامی کلمات بیان کیے۔ آپ نے تمام مقررین کا شکریہ ادا کیا اور بیان کیا کہ کس طرح آپ نے اپنا تعلق اپنے قریبی رشتہ داروں سے اچھا کرنا ہے۔ اس کے علاوہ امیر صاحب نے اس بات کا ذکر کیا کہ کس طرح گزشتہ دنوں میں ہونے والے تبلیغی اور تربیتی پروگرامز میں افراد جماعت نے مل کر حصہ لیا اور برکات حاصل کیں۔ اسی طرح امیر صاحب نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ تمام احباب جماعت کو وقف جدید کے حوالے سے یاددہانی کروائی گئی کہ وہ وقف جدید کی بابرکت تحریک میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔

پروگرام کے آخر میں مکرم مشنری انچارج صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔

( رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ہالینڈ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button