خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(02؍دسمبر۔ 08:00 GMT)
کل مریض: 263,842,124
صحت یاب ہونے والے: 238,177,906
وفات یافتگان: 5,244,379
٭…لٹویا کے شہر ریگا میں نیٹو کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل ‘نیٹوز آؤٹ لک ٹو ورڈز 2030ء اینڈ بیانڈ’ (NATO’s outlook towards 2030 and beyond)نامی سیمینار میں خطاب کرتے نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹنبرگ نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں جمہوریت کمزور ہورہی ہے اور جمہوری اداروں پر لوگوں کا اعتماد بھی کمزور ہوتا جارہا ہے۔ نیٹو کو جمہوریت، آزادی اور قانون کی حکمرانی کے دفاع کے لیے بنایا گیا تھا۔…
انہوں نے الزام عائد کیا کہ روس اور چین قوانین پر مبنی بین الاقوامی نظام کو کمزور کر رہے ہیں۔ طاقت کا توازن بدل رہا ہے اور جمہوریت اور آزادی شدید دباؤ میں ہے۔ آمرانہ حکومتیں بین الاقوامی آرڈر کو پیچھے دھکیل رہی ہیں۔ وہ گورننس کے متبادل ماڈلز کو فروغ دے رہی ہیں۔ وہ ہمارے معاشروں کو کمزور کرنے کے لیے پروپیگنڈے، غلط معلومات اور بدنیتی پر مبنی سائبر ٹولز کا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یورپ میں ہمیں گرم رکھنے اور توانائی کے بحران سے بچنے کے لیے گیس جبکہ اپنے اسمارٹ فونز اور کمپیوٹر استعمال کرنے کے لیے چین سے رئیر ارتھ کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے معاشروں کو مضبوط بنانے کے لیے ہمارے لوگوں اور اداروں کو بہتر طریقے سے مزاحمت کرنے اور حملوں کو پیچھے دھکیلنے کے قابل ہونا چاہیے۔ ہماری سپلائی چین زیادہ متنوع اور محفوظ ہو جبکہ ہمارا بنیادی ڈھانچہ زیادہ لچکدار ہونا چاہیے۔
٭…ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا فرانسیسی صدر میکرون سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ تہران 2015ء کے جوہری معاہدہ کی بحالی مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے۔ ایران کی ترجیح امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں کا خاتمہ ہے۔ معاہدے پر اعتماد سازی کے لیے امریکہ پر خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، جس نے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی وہی دوسرے فریقین کا بھروسہ حاصل کرے۔ فریقین کی اعتماد سازی کی صورت میں ہی مذاکرات کے بار آور نتائج مل سکتے ہیں۔ امریکہ پابندیاں ختم کرے، یورپی ممالک اپنے عہد کی پاسداری کریں۔ اگر امریکہ اور یورپی ممالک عہد نبھائیں تو ایران بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔
٭…امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے کہا ہے کہ 29 و 30 نومبر کو دوحا میں طالبان کے سینئر نمائندوں سے ملاقات میں انسانی بحران پر عالمی برادری کے ردعمل کے ساتھ ساتھ طالبان وفد کے ساتھ دہشتگردی، محفوظ راستے، تمام افغانوں کے حقوق اور پائیدار مفادات پر بات ہوئی۔ طالبان پر زور دیا ہے کہ اپنی تمام صفوں میں معافی کے اپنے وعدے کی پاسداری یقینی بنائیں اور انتقامی ہلاکتوں، جبری گمشدگیوں کے ذمہ داروں کو پکڑیں۔
٭… میگڈیلینا اینڈرسن کو سویڈن کی پارلیمنٹ نے ایک بار پھر وزیراعظم منتخب کرلیا۔ میگڈیلینا اینڈرسن سویڈن کی پہلی خاتون وزیراعظم ہیں۔ یاد رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں میگڈیلینا اینڈرسن نے تقرری کے کچھ گھنٹے بعد ہی اتحادی پارٹی کے حکومت سے الگ ہونے پر استعفا دیا تھا۔
٭…کیریبیئن جزائر کا ملک بارباڈوس 400سال بعد برطانیہ کی عملداری سے آزاد ہوگیااور ملک کی آخری گورنر جنرل ڈیم سینڈرا میسن نے ملک کی پہلی صدر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ تقریب کے دوران، ملکہ کی نمائندگی کرنے والے برطانوی شاہی پرچم کو نیچے اتارا گیا۔ تقریب میں برطانیہ کے شہزادہ چارلس نے بھی خصوصی شرکت کی۔ گزشتہ ماہ بارباڈوس نے ملکہ برطانیہ کی جگہ ڈیم سینڈرامیسن کو صدر بنانے کی قرارداد منظور کی تھی۔ واضح رہے کہ بارباڈوس کےآزادی حاصل کرنے کے بعد بھی ملکہ برطانیہ آسٹریلیا، کینیڈا اور جمیکا سمیت دیگر 15 ریاستوں کی سربراہ ہیں۔
٭…طالبان حکومت نے افغانستان میں بامیان کے مشہور بدھا مجسموں کی جگہ اور قدیم یاد گاروں کو سیاحت کے لیے 5 ڈالر میں دیکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس طرح افغانستان میں سیاحت کا باب کھل گیا ہے۔ واضح رہےکہ بامیان کے بدھا مجسموں کو 2001ء میں طالبان نے دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا تھا جس کے بعد اب وہاں مجسموں کی جگہ صرف خالی مقامات ہیں۔
٭…امریکہ کی مشی گن کے آکسفورڈ ہائی اسکول کے اندرایک طالب علم کی فائرنگ کے نتیجے میں 16 و17 سالہ دو لڑکے اور 14 و 17 سالہ دو لڑکیاں کُل 4 طلباء ہلاک اور ٹیچر سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ مشی گن کے گورنر نے فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی اسکول جانے سے ڈرنا نہیں چاہیے۔
٭…ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسے کے مستعفی ہونے کے بعد بھارتی نژاد پراگ اگروال ٹوئٹر کے نئے سی ای او بن گئے ہیں۔ پراگ اگروال نے سابق سی ای اور دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے 10سال پہلے اس کمپنی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس عرصے میں بہت سے اتار چڑھاؤ، چیلنجز، کامیابیاں اور غلطیاں دیکھی ہیں، لیکن پھر بھی ٹوئٹر کے حیرت انگیز اثرات اور اس کی مسلسل ترقی دیکھ رہے ہیں۔ پیراگ اگروال کا نام اور ‘ٹوئٹر سی ای او’ بھارت میں ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہا۔
٭…ٹوئٹر سی ای او کی تبدیلی کے ایک دن بعد نیٹ ورک پالیسی اور قوانین میں نئی پابندیاں سامنےآئی ہیں جس کےمطابق صارفین پر بغیر رضامندی کسی کی تصاویر شیئر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ نئے قوانین کے مطابق عام شخص ٹوئٹر کو ایسی تصاویر یا وڈیوز ہٹانے کا کہہ سکتا ہے جو اس کی مرضی کے بغیر پوسٹ کی گئی ہو۔ ٹوئٹر حکام کے مطابق یہ پالیسی عوامی شخصیات نہیں بلکہ عام افراد کےلیے بنائی گئی ہے۔
٭…یونان میں 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے کورونا ویکسین لازمی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے یونانی وزیراعظم نے کہا کہ 5 لاکھ سے زائد بزرگ یونانی شہری اب بھی ویکسین لگوانے سے انکاری ہیں۔ ویکسینیشن سے انکار کرنے والوں کو ماہانہ 100 یورو کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ ویکسین سے انکار پر جرمانے کا اقدام سزا نہیں تحفظ ہے۔
٭…لندن میں بوسٹر ڈوز سے متعلق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ انگلینڈ بھر میں بوسٹر لگانے کے لیے اضافی انتظامات کے تحت فارمیسی سائٹس، ہسپتال میں بوسٹر لگانے کے اضافی مراکز بنائے جائیں گے جبکہ 400 فوجی بھی بوسٹر لگانے والوں کی مدد کریں گے۔ جنوری کے آخر تک تمام بالغ آبادی کو بوسٹر لگانے کی پیشکش کردی جائے گی۔
برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید نے کہا کہ برطانیہ مغربی دنیا میں ویکسین کی منظوری دینے والا پہلا ملک ہے۔ چین اور امریکہ کے بعد سب سے زیادہ برطانیہ میں بوسٹر لگائےجا رہے ہیں۔ بوسٹر لگوا کر ہم اپنے پیاروں کے ساتھ کرسمس منانا یقینی بنا سکتے ہیں۔
ایمنڈا پرچرڈ نے کہا کہ بوسٹر لگوانے کے لیے عمر کی حد کم کرنے سے مزید 7 ملین افراد حقدار ہوگئے۔ پارلیمنٹ میں نئے قواعد کے لیے ووٹنگ ہوئی۔ بل کے حق میں 434 اور مخالفت میں 23 ووٹ پڑے۔
٭…کورونا کے ویرینٹ اومی کرون سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک سے امریکہ جانے والوں کو اب بورڈنگ سے ایک روز پہلے کورونا ٹیسٹ کرانا ہوگا جبکہ امریکہ پہنچنے کے تین سے پانچ روز بعد بھی ٹیسٹ لازم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب امریکی ادارے ایف ڈی اے نے کورونا وائرس کے خلاف پہلی دوائی کی توثیق کردی ہے جس کی جلد منظوری کا امکان ہے۔
٭…یورپی یونین پبلک ہیلتھ ایجنسی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے 10ممالک میں اومی کرون ویرینٹ کے 42 کیسزرپورٹ ہوچکے ہیں۔ یورپی یونین کے ممالک میں اومی کرون کیسز میں بیماری کی شدت ہلکی ہے۔
٭…کورونا ویکسین بنانے والی امریکی دوا ساز کمپنی موڈرنا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا ہے کہ نئے ویرینٹ اومی کرون کے خلاف ویکسینز اتنی مؤثر نہیں ہیں۔ کورونا ویکسین کی اومی کرون کے خلاف افادیت پر 2 ہفتوں میں ڈیٹا دستیاب ہوگا۔ اومی کرون ویرینٹ کے خلاف ویکسین بنانے میں کئی ماہ لگ سکتےہیں۔
٭… برطانوی مالی جریدے‘دی اکانامسٹ’کے اکنامکسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی جانب سے دنیا کے173 مہنگے اور سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کی گئی اور وہاں سےکووڈ 19کے اثرات کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے 50 ہزار اشیا اور سروسز کی قیمتوں کا ڈیٹا اگست اور ستمبر کے دوران جمع کیا گیا۔ ادارے کے مطابق گزشتہ 5سال کی نسبت2021ء میں اوسطاً اشیا کی قیمتوں میں 3.5 فیصد اضافہ ہوا۔بالخصوص پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ بہت زیادہ نمایاں ہے جبکہ مرکزی بینکوں کی جانب سے شرح سود کو بھی بڑھایا جارہا ہے۔اس فہرست کے دنیا کے 10 مہنگے ترین شہروں میں تل ایب نمبر ون رہا جبکہ سستے ترین شہروں میں مسلسل دوسرے سال یہ اعزاز شام کے دارالحکومت دمشق کے نام رہا۔
٭… سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے جنوبی افریقہ اوراس کے ہمسایہ ممالک پر سفری پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اومی کرون کے باعث خاص ممالک پر سفری پابندیاں غیر منصفانہ ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وائرس سرحد یں نہیں دیکھتا، سفری پابندیاں غیر مؤثر ثابت ہوں گی۔ سفری پابندیوں کی بجائے مسافروں کی کورونا ٹیسٹنگ کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو کورونا کی نئی قسم سے متعلق آگاہ کرنے پر افریقی ممالک کو سزا نہیں ملنی چاہیے، افریقہ میں غیر اخلاقی حد تک کورونا ویکسین کی کم فراہمی کی ذمہ دار ی وہاں کے عوام پر عائد نہیں ہوتی۔
٭…کورونا ویرئنٹ اومی کرون کے امریکہ میں پہلا کیس سامنے آنے کے بعد امریکی سٹاک مارکیٹس بھی مندی کا شکار ہو گئیں۔ ڈاؤجونز میں 460 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، ایس اینڈ پی 500 کے شیئرز ایک اعشاریہ دو فیصد جبکہ نصداق کمپوزٹ انڈیکس ایک اعشاریہ آٹھ فیصد گر گئی۔ امریکی خام تیل کی قیمتوں میں فی بیرل 61 سینٹ کمی ہوئی جس کے بعد قیمت 65.57 ڈالر فی بیرل ہو گئی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت بھی 68.87 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
٭… چینی صدر شی جن پنگ نے وبا سے نمٹنے کے لیے افریقی ممالک کو ایک ارب ویکسین دینے کا اعلان کردیا۔ چین 60 کروڑ ویکسین براہ راست جبکہ 40 کروڑ ویکسین دیگر ذرائع سے فراہم کی جائیں گی۔
٭…٭…٭