افریقہ (رپورٹس)

گیمبیا میں مجلس خدام الاحمدیہ کا عوامی مقام پر وقار عمل

اللہ تعالیٰ کے فضل سے گیمبیا میں مجلس خدام الاحمدیہ نے عوامی مقام پر وقار عمل کو رواج دیا ہے جس کو عوام و خواص نے خوب سراہا ہے۔

مورخہ 21؍نومبر 2021ء کو ملک کے دارالحکومت بانجل کے ایک بہت بڑے ہسپتال، سرے کنڈا جنرل ہسپتال کینفینگ کی صفائی کا پروگرام بنایا گیا۔ خدام نے عوام کی آگاہی کے لیے مختلف بینرز بھی تیار کیے ہوئے تھے تاکہ صفائی کی اہمیت کو عوام جان سکیں اور پورا معاشرہ اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکے۔ بانجل ریجن کے خدام و اطفال کی ایک بہت بڑی تعداد صبح ہیڈکوارٹرز ٹیلڈنگ میں اکٹھی ہوئی۔ بعض انصار بھی شامل تھے اور دس بجے دعا کے ساتھ وقار عمل شروع کیا گیا جو مسلسل چار گھنٹے تک جاری رہا۔ عوام نے اس اقدام کو بڑا سراہا۔ کئی افراد نے گاڑیوں سے نکل کر تعریفی کلمات کہے۔ اس موقع پر موجود ہسپتال انتظامیہ نے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کاش خدام الاحمدیہ کی طرح دوسری تنظیمیں بھی فلاحی کاموں میں حصہ لیں تو ملک کا نقشہ بدل جائے۔ باقیوں کو بھی چاہیے کہ جماعت احمدیہ کی پیروی کریں۔ اس موقع پر مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے ان نمائندوں کو ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ انشاءاللہ یہ کام جاری و ساری ہے اور جماعت ملک و قوم کی خدمت کرتی رہے گی۔

وقار عمل میں حصہ لینے والے خدام کی تعداد 92تھی۔ میڈیا، جس میں سرکاری ٹیلی وژن، ایم ٹی اے گیمبیا، جماعت کے ریڈیو سٹیشن دی لائٹ ایف ایم اور سٹار ایف ایم شامل ہیں، نے اس وقارعمل کو کوریج دی۔ سرکاری ٹی وی نے اپنے خبرنامہ میں وقار عمل کی خبر کو نشر کیا۔ یاد رہے کہ اس وقار عمل سے دوسال پہلے بھی اسی سرکاری ہسپتال میں وقار عمل کیا گیا تھا اور اس وقت بھی ہر طبقہ نے سراہا تھا۔ دعا کریں اللہ اسی طرح جماعت کو خدمات دینیہ کی توفیق عطا فرمائے۔

(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button