افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ گیمبیا کے Lower River ریجن میں مسجد کا افتتاح

(سیّد سعید الحسن۔ مبلغ انچارج گیمبیا)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مسلمہ گیمبیا کو ریجن Lower River میں مسجد بنانے کی توفیق ملی، جس کا نام ’’بیت المنیر‘‘ رکھا گیا۔ الحمدللہ علیٰ ذٰلک۔ اس مسجد پر کل ایک لاکھ تہتر ہزار پانچ سو پانچ ڈلاسی (173،505.00) لاگت آئی۔ مسجد کا رقبہ آٹھ سکوائر میٹر ہے اور اس میں پچاس افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس علاقہ میں کافی تعداد میں نومبائعین ہیں جن کے لیے مسجد کی اشد ضرورت تھی۔ اللہ تعالیٰ اس مسجد کی تعمیر میں حصہ لینے والے تمام افراد کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

مسجد کی تعمیر مورخہ 09؍مئی 2019ء کو شروع ہوئی تھی۔ اور تقریباً دو سال کے عرصہ میں مکمل ہوئی۔ مسجد کا باقاعدہ افتتاح مورخہ 07؍نومبر 2021ء کو ہوا جس میں احمدیوں کے ساتھ ساتھ گاؤں کے غیر احمدی دوست اور جامع مسجد کے غیراحمدی امام بھی تشریف لائے۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم ابوبکر نیابلی ریجنل پریذیڈنٹ نے افتتاحی کلمات کہے۔ اس کے بعد سب دوستوں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ جماعت احمدیہ ہمیشہ سے ہی پرامن جماعت ہے۔ اور نہ صرف اسلام کی بلکہ انسانیت کی خدمت میں بھی ہمیشہ سے پیش پیش ہے۔ اور ہم جماعت کی ترقی کے لیے دعا گو ہیں۔

آخر پر مکرم مسعود احمد بٹ صاحب ایریا مشنری لوئی ریور ریجن نے مختصر تقریر کی، جس میں مسجد کے آداب اور ہماری ذمہ داریاں کے عنوان پر اسلامی تعلیم پیش کی۔ اس کے بعد انہوں نے اختتامی دعا کروائی۔ دعا کے بعد مہمانوں کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

تمام احباب سے دعا کی درخواست ہےکہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو نمازیوں سے بھر دے۔ اور یہ مسجد اس علاقہ میں احمدیت کو پھیلانے کا باعث بنے۔ آمین

(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button