افریقہ (رپورٹس)

کانووکیشن جامعۃ المبشرین گھانا 2021ء

(فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گھانا)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامعۃ المبشرین گھانا کو مورخہ 23؍اکتوبر 2021ء بروز ہفتہ اپنے کانووکیشن کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔

امسال بھی یہ تقریب حکومت گھانا کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالہ سے وضع کردہ اصولوں کے مطابق منعقد کی گئی۔ جامعہ کے اساتذہ، طلباء اور کارکنان کے علاوہ کچھ چنیدہ مہمان اس پروگرام میں شامل ہوئے۔ اس پروگرام کے لیے پندرہ ممالک کے جھنڈے مع لوائے احمدیت لہرائے گئے تھے۔ یہ پروگرام جامعہ کے ہال میں منعقد کیا گیا جس کے لیے ہال کو خاص طور پر سجایا گیا تھا۔

اس تقریب کے مہمان خصوصی مکر م نور محمد بن صالح صاحب امیر و مشنری انچارج گھانا تھے۔ تقریب سے قبل مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم عبدالوہاب عیسی صاحب نائب امیر دوم نے گھانا کا جھنڈا لہرایا۔

تلاوت قرآن کریم سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا جو کہ عزیزم عبدالباسط طالب علم مدرسۃ الحفظ نے کی جن کا تعلق گھانا سے ہے۔ اور پھر سینیگال سے تعلق رکھنے والے طالب علم عزیزم عبدالعزیز باہ نے ترنم کے ساتھ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا اردو منظوم کلام

ہر طرف فکر کو دوڑا کے تھکایا ہم نے

کوئی دیں دینِ محمد سا نہ پایا ہم نے

پیش کیا۔ بعد ازاں پاس ہونے والے نقیب اعلیٰ نے رپورٹ پیش کی جس کے جواب میں نئے منتخب ہونے والے نقیب اعلیٰ نے اپنی گزارشات پیش کیں۔ خاکسار (پرنسپل جامعۃ المبشرین) نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد آئیوری کوسٹ سے تعلق رکھنے والے طلباء نے جولا زبان میں Songs of praise پیش کیا اور اس کا انگریزی ترجمہ بھی کیا۔

دوران سال مدرستہ الحفظ اور جامعۃ المبشرین کے طلباء کے مابین علمی مقابلہ جات ہوئے تھے۔ اس موقع پر ان مقابلوں میں نمایاں پوزیشنز لینے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ علمی مقابلہ جات میں اوّل آنے والے گروپ، صداقت کو ٹرافی دی گئی۔ مکرم امیر صاحب نے قرآن مجید حفظ کرنے والے 12 طلباء کو اسناد دیں۔ جامعۃ المبشرین سے پاس ہونے والے 22 طلباء نے اپنے ڈپلومہ جات بھی مکرم امیر صاحب سے وصول کیے۔ ان طلباء کا تعلق 7 ممالک سے ہے۔

گھانا کے طلباء نے Songs of praise پیش کیے اوران کا انگریزی ترجمہ بھی کیا۔

مکرم و محترم امیر صاحب نے تمام طلباء کو عموماََ اور پاس ہونے والے طلباء کو بالخصوص حالیہ وقت میں وقف کے تقاضوں کو نبھانے، اس میں آنے والی مشکلات اور ہمیشہ ذاتی نمونہ بہترین بنانے کے حوالہ سے نصائح کیں۔ اور انہیں معاشرہ میں پھیلی برائیوں سے خود کو بچانے کی تاکید کی۔ اس کے بعد عزیزم اوسئی یوسف نورالدین نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اردو ترانہ ’’خلیفہ کے ہم ہیں خلیفہ ہمارا ‘‘ پیش کیا اور اس کا انگریزی میں ترجمہ کیا۔ مکرم معلم عبدالمجید علی صاحب استاذ جامعہ نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا اور کچھ ضروری اعلانات کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کرواکے اس پروگرام کا اختتام کیا۔

ان تاریخی لمحات کو محفوظ رکھنے کے لیے جامعہ کے اساتذہ، طلباء اور کارکنان کی مکرم امیر صاحب کے ساتھ گروپ فوٹوز ہوئیں۔ پھر نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور تمام شاملین کو طعام پیش کیا گیا۔ اس طرح الحمد للہ جامعۃ المبشرین گھانا کی تقریب کانووکیشن انتہائی کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس پروگرام کی تیاری کے لیے جامعہ کے طلباء اور اساتذہ نے بڑی محنت سے کام کیا اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر دے۔ آمین

(رپورٹ: فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button