خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(15؍نومبر۔ 09:00 GMT)
کل مریض: 254,127,894
صحت یاب ہونے والے: 229,782,423
وفات یافتگان: 5,117,754
٭…یورپی یونین کے مطابق پولینڈ اور بیلاروس کی سرحد پر دو ہزار مہاجرین شدید سردی میں کئی روز سے پھنسے ہوئے ہیں۔ اس صورت حال کے بعد پولینڈ نے 15 ہزار فوجی بیلاروس کی سرحد پر تعینات کردیے ہیں۔ پولینڈ کی جانب سے سرحد پر خار دارتاریں نصب کرنے اور دیوار بنانے کی منظوری بھی دی گئی ہے جس کے لیے اسے یورپی یونین سے رقم ملے گی۔دوسری جانب بیلا روس نے سرحد پر پولش فوج کی تعیناتی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔ بیلاروس کے وزیر دفاع نے کہا کہ وہ الٹی میٹم، دھمکیوں اور بلیک میلنگ کی زبان برداشت نہیں کریں گے۔ پولش فوج کی تعیناتی صرف مہاجرین بحران سے نمٹنے کے لیے نہیں ہوسکتی۔ لگتا ہے کہ پولینڈ یورپ کو بیلاروس سے باقاعدہ جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے۔ روس نے بیلاروس کو سیکیورٹی یقینی بنانے میں مدد کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد پولینڈ کی سرحد کے قریب روس اور بیلاروس کی مشترکہ پیراملٹری مشقیں شروع ہوگئی ہیں۔یاد رہے کہ یورپین میڈیا کے مطابق پولینڈ مہاجرین سے متعلق جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ یورپی کمیشن کے مطابق ریڈ کراس اور یو این ایچ سی آر کو مہاجرین تک رسائی مل گئی ہے۔
٭…ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے امریکی ہم منصب انتھونی بلنکن سے چین اور امریکا کے صدور کے مابین ہونے والی ورچوئل ملاقات سے متعلق گفتگو کی۔ چینی وزیر خارجہ نے گفتگو میں انتھونی بلنکن سے کہا کہ امریکا تائیوان کی آزادی کی حامی افواج کوغلط اشارے نہ دے۔
٭…امریکا، اسرائیل، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی 5 روزہ بحری مشقوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ نیول فورسز سینٹرل کمانڈ امریکا نے بتایا کہ بحیرۂ احمر میں کثیر الجہتی میری ٹائم سیکیورٹی مشقیں شروع ہوگئی ہیں۔ امریکا، اسرائیل اور دو خلیجی ملکوں کے درمیان یہ پہلی بحری مشقیں ہیں۔ یو اے ای اور بحرین نے گزشتہ سال اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کیے تھے۔
٭…سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ہونے والے کوپ 26 کے سربراہی اجلاس میں خطرناک ماحولیاتی تبدیلیوں کو روکنے کے لیے ’گلاسگو کلائمٹ پیکٹ‘ آب و ہوا پر ہونے والا ایسا پہلا معاہدہ ہے جس میں واضح طور پر کوئلے کے استعمال کو کم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جو گرین ہاؤس گیسوں کے لیے بدترین معدنیاتی ایندھن ہے۔ یہ معاہدہ کاربن اخراج میں فوری طور پر مزید کمی لانے کے ساتھ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی اثرات سے ہم آہنگ ہونے میں مدد دینے کے لیے مزید مالی امداد کا وعدہ کرتا ہے لیکن یہ اقدامات زمین کے درجہ حرارت میں اضافے کو ایک اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود کردینے کے لیے کافی نہیں۔
کوپ 26 کے صدر آلوک شرما نے کہا کہ جس طرح واقعات رونما ہوئے اس پر انہیں بہت زیادہ افسوس ہے۔ انہوں نے آنسوؤں کو ضبط کرتے ہوئے مندوبین کو بتایا کہ مجموعی طور پر معاہدے کی حفاظت کرنا بہت ضروری تھا۔
برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ دنیا جب گلاسگو میں ہونے والے کوپ 26 معاہدے پر نظر ڈالے گی تو اسے ’موسمیاتی تبدیلی کے خاتمے کے آغاز کے طور پر‘ اور ’اس مقصد کے حصول کے لیے انتھک محنت جاری رکھنے‘ کے وعدے کے طور پر دیکھے گی۔اس موقعے پر اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریز نے کہا کہ ہمارا نازک سیارہ ایک دھاگے سے لٹک رہا ہے۔ ہم اب بھی موسمیاتی تباہی کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ اضافہ ہوا تو زمین پر اس کے شدید اثرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
٭…امریکا اور چین نے جنہیں ماحولیاتی آلودگی کے سب سے بڑے ذمہ دارکہا جاتا ہے ماحولیاتی تبدیلیوں کا مل کر مقابلہ کرنے پر متفق ہوتے ہوئے ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ چین نے میتھین کے اخراج میں کمی اور کوئلے کے استعمال میں 2026ء تک مرحلہ وار کمی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
٭…افغان نگراں نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اگست سے اب تک داعش کے 600 ارکان اور ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ طالبان مسلسل داعش کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔ افغانستان میں موجود داعش خراسان، عراق اور شام والی داعش نہیں۔ یہاں موجود داعش خراسان میں زیادہ تر مقامی افراد ہیں جو عراق، شام والی داعش سے متاثر ہیں۔ نائب وزیر اطلاعات نے بتایا کہ افغانستان میں موجود داعش خراسان سے دیگر ممالک کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ امریکا سے بات چیت کے لیے تیار5 ہیں۔ مذاکرات میں افغان مسائل پر بات ہوگی۔
٭…قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے واشنگٹن میں دورۂ امریکا کے دوران اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کی جس کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ افغانستان میں امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے قطر سے معاہدہ طے پا گیا ہے اور قطر اپنے کابل کے سفارتخانے میں امریکی مفادات سیکشن قائم کرے گا۔ سیکشن کا مقصد قونصلر خدمات کی فراہمی اور امریکی سہولیات کی حفاظت کی نگرانی کرنا ہے۔
٭…بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں افغانستان میں طالبان حکومت کے عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی نے تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان اور تحریکِ طالبان پاکستان یعنی ٹی ٹی پی کے درمیان معاہدے کے لیے ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی حکومت فریقین کی خواہش پر اس معاہدے میں تیسرے فریق اور ثالث کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک حتمی معاہدہ نہیں ہوا تاہم آغاز بہت اچھا ہوا ہے اور معاہدے کے پہلے حصے میں ایک مہینے کی فائربندی پر اتفاق کیا جا چکا ہے۔ دونوں فریق اس بات پر متفق ہیں کہ بات چیت جاری رہے گی۔
٭…سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ہزاروں افراد نے جمہوریت کے حق میں مظاہرہ کیا۔ احتجاج کے دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 3 مظاہرین ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔یاد رہے کہ سوڈان میں تین ہفتے قبل فوج نے جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا۔وزیراعظم عبداللہ حمدوک کو گھر میں نظر بند کر دیا گیا اور وزیر صنعت، وزیر اطلاعات، وزیراعظم کے میڈیا ایڈوائزر کے علاوہ ترجمان خود مختار کونسل اور گورنر خرطوم بھی گرفتار ہونے والے رہنماؤں میں شامل ہیں۔ ملک میں مواصلات کی رسائی محدود کر دی گئی ہے جبکہ سوڈانی فوج نے خرطوم آنے والی تمام سڑکیںاور پل بلاک کر کے خرطوم میں شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔اس پر جمہوریت پسند گروپ نے ہڑتال اور سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔
٭…سعودی حکومت کی جانب سے مدینہ منورہ میں واقع مسجدِ نبوی ﷺ میں رات کے وقت خواتین کو روضہ شریف کی زیارت کی اجازت دے دی گئی ہے۔ مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ خواتین زیارت اور نماز کے لیے اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کریں۔
٭…میانمار کی ایک عدالت نے مقامی اخبار کے لیے کام کرنے والے امریکی صحافی ڈینی فینسٹر کو غیرقانونی روابط، فوج کے خلاف اُکسانے اور ویزا قوانین کی خلاف ورزی پر 11سال قید کی سزا سنائی ہے۔ امریکی صحافی کو اس سال مئی میں گرفتار کیا گیا تھا۔ موصوف کو غداری اور دہشت گردی کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔
امریکا نے صحافی کی سزا پر اظہارِ مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے نیز یہ کہ میانمار سے امریکی صحافی کی رہائی کے لیے کوشش جاری رکھی جائے گی جبکہ اقوامِ متحدہ نے میانمار میں قید تمام صحافیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
٭…یورپین دارالحکومت برسلز کے مرکزی سیاحتی علاقے گرینڈ پیلس کے قریب جمعہ 12؍ نومبر کی شب ’نائٹ لائف بلیک آؤٹ‘ کے نام سے ایک غیرمعمولی مظاہرہ منعقد ہوا جس میں سینکڑوں لوگ شریک ہوئے۔ اس مظاہرے میں خواتین نے یہ موقف اختیار کیا کہ اگر رات کے وقت بار یا ریسٹورنٹس میں ان پر ہونے والے جنسی حملے نہ رکے تو وہ رات کو باہر نکلنا بند کردیں گی۔ اس مظاہرے کا اہتمام خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی 5 تنظیموں نے مل کر کیا تھا۔ مظاہرے کے شرکاء کے مخاطب بار اور ریسٹورنٹ سیکٹر کے مالکان تھے۔
اس مظاہرے کا بنیادی مقصد علاقے کے بارز میں رات کے وقت آنے والی خواتین گاہکوں کے ساتھ نشے کی حالت میں پیش آنے والے آبروریزی کے واقعات کو اُجاگر کرنا تھا۔ کئی خواتین نے یہ گواہی دی کہ ان کے ساتھ یہ جرائم بار کے اندر پیش آئے اور ان میں مبینہ طور پر وہاں کام کرنے والا عملہ ملوث ہے۔
٭…امن کے نوبیل انعام یافتہ جنوبی افریقا کے سفید فام سابق صدر ڈی کلرک 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان میں رواں سال کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ وہ ستمبر 1989ء سے مئی 1994ء تک جنوبی افریقا کے صدر رہے۔ نسل پرستی کے خاتمے میں مدد پر ڈی کلرک اور نیلسن منڈیلا کو 1993ء میں مشترکا طور پر امن کا نوبیل انعام دیا گیا تھا۔
٭…جمعہ 12؍ نومبر کی شام 8 بجے کے قریب لندن کے علاقے برینٹ فورڈ میں چاقو کے حملوں میں 20 سالہ نوجوان ہلاک اور 80سالہ معمرخاتون زخمی ہوگئیںجو اسپتال میں داخل ہیں۔میٹ پولیس کے مطابق ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
٭…افغان دارالحکومت کابل کے علاقے دشت برچی میں منی بس میں نصب میگنیٹک بم سےہونے والے دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ طالبان کے مطابق ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔دوسری جانب افغانستان کے صوبے پکتیا میں دو خواتین کی لاشیں ملی ہیں جنہیں فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ہے۔
٭…افغانستان کے صوبے ننگرہار کے ضلع اسپن غر کی مسجد میں جمعے کی نماز کے دوران بم دھماکے سے 3 نمازی جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ ابھی تک کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
٭…بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں فضائی آلودگی کے باعث اسکول ایک ہفتے کے لیے بند جبکہ سرکاری ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ مزید برآں تعمیراتی کام 17 نومبر تک بند رہے گا۔
٭…کورونا وائرس کی وبا کے پھوٹتے ہی چمگادڑ کو اس کا ذمہ دار قرار دیا جارہا تھا لیکن نیوزی لینڈ میں رواں ماہ چمگادڑ کو سال کے بہترین پرندے کے ایوارڈ سے نواز دیا گیا ہے۔ فوریسٹ اینڈ برڈ نامی ادارہ یہ مقابلہ ہر سال منعقد کراتا ہے، رواں سال چمگادڑ کا نام بھی مقابلے میں شامل کرایا گیا ۔ نیوزی لینڈ میں پائے جانے والے چمگادڑ کی قِسم پیکا پیکا تُو روا کو مقابلے میں 3 ہزار ووٹوں سے برتری حاصل ہوئی۔
٭…اقوام متحدہ نے گزشتہ ماہ افغانستان میں گلوبل ہیلتھ فنڈ کے اشتراک سے 23,500 ہیلتھ ورکرز کو براہ راست تقریباً 8 ملین ڈالرز کی تنخواہیں ادا کیں۔ اقوام متحدہ افغان ہیلتھ ورکرز کے حقوق کو یقینی بنانے اور صحت کے بحران کو روکنے کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
٭…ترجمان عالمی ادارہ صحت مارگریٹ ہیرس کے مطابق رواں سال کے آخر تک 32 لاکھ افغان بچوں کو شدید غذائی قلت کا سامنا متوقع ہے، جن میں سے 10 لاکھ افغان بچے غذائی قلت کے باعث موت کے خطرے کا سامنا کر سکتے ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ یہ ایک مشکل جنگ ہے کیونکہ بھوک پورے افغانستان کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔ دنیا کو افغانستان کی طرف سے اپنا منہ نہیں موڑنا چاہیے، دنیا ایسا کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
٭…ناروے میں وزیراعظم جوناس گہر کا کہنا ہے کہ وبا پر قابو پانے کے لیے ناروے میں کورونا پابندیاں اور احتیاطی تدابیر کا دوبارہ سے اطلاق کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ ناروے میں کورونا وبا کی تمام پابندیاں ستمبر کے آخر میں ختم کردی گئی تھیں۔