سینٹ جرمن لاشاگون کالج، پیرس میں مبلغ انچارج فرانس نے جماعت احمدیہ مسلم کی نمائندگی کی
مورخہ 22؍اکتوبر 2021ء کو پیرس 20 کے علاقہ کے سینٹ جرمن لا شاگون کالج نے یوم بین المذاہب منایاجس میں مختلف تنظیموں کو شمولیت کی دعوت دی گئی تھی تا کہ مختلف مذاہب کے نمائندگان اپنے اپنے مذہب کے بارے میں کالج کے طلباء کو لیکچر دیں اور یوں مذاہب سے متعلق طلباء کا علم اور مذہبی رواداری بڑھے۔
فرانس کے مبلغ انچارج مکرم نصیر احمد شاہد صاحب بھی ایک بین المذاہبی تنظیم کے ڈائریکٹر موسیو الیگزانڈر وِین کی طرف سے مدعو تھے۔ان کی تنظیم کا نام ہے:
CIEUX (Interreligious Committee for Universal Ethics and against Xenophobia)
امسال پروگرام کے مطابق ہر مذہب کے نمائندہ نے دو موضوعات یعنی ’’اپنے مذہب کا تعارف اور مہمان نوازی‘‘ پر لیکچرز دینے تھے۔ پھر طلباء کے سوالات کا وقت بھی رکھا گیا تھا۔
مبلغ انچارج صاحب کو دو کلاسز کے طلباء سے خطاب کرنے کا موقعہ ملا۔ لفظ اسلام کے معانی اور اسلامی تعلیمات کے تین سرچشمے: قرآن، سنت اور حدیث کے ذکراور مختصر تعارف کے بعد ان چار باتوں کو تفصیل سے بیان کیا جو اسلام اور مسلمانوں کے حوالہ سےعموماً پریس اورمیڈیا میں زیر بحث ہوتی ہیں۔ یہ چار موضوعات تھے: ’’مذہب اور اظہار رائے کی آزادی، جہاد، توہینِ مذہب اور ارتداد سے متعلق اسلام کی تعلیم‘‘ اس کے بعد دوسرا لیکچر ’’مہمان نوازی کے متعلق اسلامی تعلیم‘‘ پر تھا۔ دونوں لیکچرز میں قرآن، سنت اور حدیث کے حوالوں سے گفتگو کی گئی۔
لیکچرز کے بعد طلباء نے مختلف سوالات کیے جن میں اسلام میں عورت کا مقام اور حجاب سے متعلق سوالات بھی تھے۔ احمدیہ نقطہ نگاہ ، یعنی اسلام کی حقیقی تعلیمات سن کے طلباء حیران تھے کہ اسلام کی یہ تشریح اس سے بالکل مختلف ہے جو پریس اور میڈیا میں بیان کی جاتی ہے۔
یہاں یہ بیان کرنا دلچسپی کا باعث ہو گا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جب 2019ء میں فرانس کے دورہ پر تشریف لائے تھے اور اس دوران یونیسکو میں تاریخی خطاب فرمایا تھا،مسٹر الیگزانڈر وِین اپنی بیگم کے ساتھ مدعو تھے اور حضور انور کو سننے اور ملنے کا شرف حاصل کر چکے ہیں۔ نیز جماعت فرانس کی طرف سے مشن ہاؤس سینٹ پری میں منعقدہ بین المذاہبی کانفرنس میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس پروگرام کے نتیجہ میں 50سے زائد طلباء اور اساتذہ تک اسلام کا حقیقی پیغام پہنچانے کا موقع ملا۔ فالحمدللہ۔
(رپورٹ: منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)