اطلاعات واعلانات
سانحہ ارتحال
٭…نوید احمد لیمن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں کہ جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی مرکزی مسجد ڈھاکہ دار التبلیغ کے مؤذن جناب محمد عبدالجلیل صاحب کی اہلیہ مکرمہ سہارا بیگم صاحبہ 30؍اکتوبر 2021ء بروز ہفتہ بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ وفات کے وقت ان کی عمر60 سال تھی۔ مرحومہ ضلع برہمن بڑیہ کے مرحوم عبد العہد صاحب کی تیسری بیٹی تھیں۔ عبادات ،تہجد اور دعاؤں میں لگن ان کی خصوصیت تھی ۔ خلافت کی شیدائی تھیں۔
31؍اکتوبر 2021ء صبح 10 بجے میمن سنگھ، حلوا گھاٹ میں ان کی نمازِجنازہ ادا کی گئی۔ جناب محمد عبد الجلیل صاحب نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی اور مرحومہ کو میمن سنگھ، حلوا گھاٹ میں ہی ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں کافی تعداد میں غیر از جماعت احباب بھی شامل ہوئے تھے جن میں انتظامیہ سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ مرحومہ کے پسماندگان میں خاوند اور ایک بیٹا ہیں جو کہ جماعتی خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کی اللہ تعالیٰ مرحومہ سے مغفرت اور رحم کا سلوک فرماتے ہوئے ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
درخواست ہائے دعا
٭… عابد انور خادم صاحب ناظمِ تبلیغ مجلس انصار اللہ ساؤتھ ریجن یو کے اعلان کراتے ہیں کہ خاکسار کی ممانی صالحہ پرویز صاحبہ بیوہ ملک پرویز احمد صاحب مرحوم آج کل پھیپڑوں کے کینسر کی وجہ سے لاہور میں زیر علاج ہیں۔ حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔ احبابِ جماعت سے موصوفہ کی معجزانہ کامل شفا یابی کے لیے دعا کی درخواست ہے۔
٭… سفیر احمد طاہر صاحب مبلغ سلسلہ پورٹ لوکو ریجن ، سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے خالہ زاد بھائی کا بیٹا عزیزم ارحم احمد طاہر ابن محمد احسن طاہر آف دار الصدر غربی قمر ربوہ بعمر 9 سال پیدائشی طور پرگردوں کے عارضہ میں مبتلاہے۔ ایک گردہ مکمل کام نہیں کرتا اور دوسرا تقریباً نصف فعال ہے۔عزیزم کو ربوہ سے فیصل آباد ریفر کیا گیا تھا جہاں سے لاہور بھجوا دیا گیا۔ جہاں عزیزم کے ڈائیلاسز کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹرز کی ٹرانسپلانٹ کی بھی رائے ہے لیکن ڈائیلاسز سے بھی ریکوری کی امید ہے۔عزیزم وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں بھی شامل ہے۔احباب جماعت سے دعا کی خصوصی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ معجزانہ شفا عطا فرمائے اور صحت مند لمبی فعال زندگی سے نوازے۔ آمین
٭…مکرم عطاء العلیم ثمر صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ مکرم عبدالحئی ناصر صاحب مبلغ سلسلہ سیرالیون (ابن مکرم عبدالرزاق صاحب مرحوم سابق پی ٹی آئی جامعہ احمدیہ ربوہ ) کے گردے میں پتھری کے دو آپریشن گھانا میں ہو چکے ہیں۔ لیکن آپریشن کے بعد طبیعت مسلسل خراب چلی آ رہی ہے۔ موصوف کا علاج جاری ہے اور اسی سلسلہ میں مورخہ 10؍ نومبر 2021ء کو فضلِ عمر ہسپتال میں ان کا آپریشن کیا گیا ہے۔ احبابِ جماعت سے عاجزانہ دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ معجزانہ طور پر شفائے کاملہ و عاجلہ سے نوازتے ہوئے ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے۔ آمین