نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حضور انور کی خاص شفقت کے نتیجہ میں مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کو اپنا 29واں نیشنل اجتماع کورونا کی وبا کے باعث ایک سال کے وقفہ کے بعد پوری آب و تاب کے ساتھ مورخہ 23 و 24؍اکتوبر 2021ء بروز ہفتہ و اتوار بمقام بیت الرحیم آلکن منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذلک
اجتماع کی تیاری دو ماہ قبل شروع کردی گئی تھی۔ اس سلسلہ میں اجتماع سے قبل تین میٹنگز کی گئیں۔ امسال اجتماع کے ناظم اعلیٰ کے طور پر مکرم سفیر احمدصاحب اور سیکرٹری اجتماع کے طور پر مکرم ناصر چودھری صاحب کو خدمت کی توفیق ملی ۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سےاجتماع کی کامیابی اور اس کے بابرکت انعقاد کے سلسلہ میں مسلسل راہنمائی لی جاتی رہی۔ حضور پُرنور نے امسال کے اجتماع کا تھیم ’الصلاۃ‘ منظور کیا اور فرمایا کہ ’’خدام کو نمازوں کی فرضیت اور اہمیت کی طرف دوران اجتماع خوب توجہ دلائیں‘‘۔
مورخہ 23؍اکتوبر بروز ہفتہ رجسٹریشن اور ناشتہ کے بعد صبح ساڑھے دس بجے ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم نے اجتماع کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ امیر صاحب نے بیلجیم کا پرچم اور خاکسار (صدر مجلس خدام لاحمدیہ بیلجیم) نے لوائے خدام الاحمدیہ لہرایا اور محترم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ اس کے بعد امیر صاحب کی زیرِ صدارت اجتماع کے افتتاحی اجلاس کا آغاز ہوا۔ تلاوت عزیزم رانا صداقت احمدصاحب نے کی۔ جس کے بعد حاضرینِ مجلس نے خدام کا عہد دہرایا۔ اس کے بعد نظم مکرم رضوان محمد صاحب نے پڑھی۔ بعد ازاں خاکسار نے تمام خدام و اطفال کو خوش آمدید کہا اور اجتماع کے تھیم ’’الصلاۃ‘‘ کے موضوع پر بات کی۔ پھرکر م حافظ احسان سکندر صاحب مشنری انچارج و نائب امیر جماعت بیلجیم نے خدام کو نصائح کیں۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے افتتاحی خطاب میں ربیع الاوّل کے بابرکت مہینہ کے حوالہ سے حضورﷺ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ دعا کے ساتھ اس نشست کا اختتام ہوا۔
افتتاحی اجلاس کے اختتام کے ساتھ ہی علمی و ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوگیا۔ خدام کے علمی مقابلہ جات مسجد کے مین ہال اور اطفال کے علمی مقابلہ جات لجنہ ہال اور لائبریری میں منعقد کیے گئے جبکہ ورزشی مقابلہ جات مسجد کے میدان میں منعقد ہوئے۔ امسال منعقد ہونے والے علمی مقابلہ جات میں تلاوتِ قرآن کریم، حفظِ قرآن، حفظِ احادیث، حفظِ ادعیہ، قصیدہ، الہامات، نظم، کوئز، تقاریر اور امتحانی پرچہ شامل تھے۔ جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں فٹ بال، کرکٹ، والی بال، رسہ کشی، ریلے ریس اور سو میٹر دوڑ، نیزہ بازی، گولہ پھینکنا اور کاک فائٹنگ (Cockfighting)کے مقابلہ جات شامل تھے۔ اسی طرح جو خدام ان ورزشی مقابلہ جات میں حصہ نہیں لے رہے تھے، ان کی تفریح کے لئے ٹیبل ٹینس اور ٹیبل فٹبال جیسی کھیلوں کا انتظام تھا۔
اجتماع کے دوسر ے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ بعد ازاں نو بجے ناشتہ اور رجسٹریشن کے بعد دوبارہ باقاعدہ علمی اور ورزشی مقابلہ جات شروع ہوئے۔ دوپہر ایک بجے کھانے کا وقفہ ہوا۔ اجتماع کے دوسرے دن مکرم امیر صاحب، تمام سابقہ صدران مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم، مربیان کرام اور بعض جماعتی نیشنل عاملہ کے ممبران کو بھی دوپہر کے کھانے پر مدعو کیا گیا۔
اجتماع کے اختتامی اجلاس کی کارروائی نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی جو عزیزم رانا نعمان صاحب نے کی جس کے بعد حاضرینِ مجلس نے خدام کا عہد دہرایا۔ اس کے بعد نظم مکرم احتشام ہاشمی صاحب نے پڑھی۔ بعد ازاں خاکسار نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اجتماع کے دوران سیکھی ہوئی اچھی باتوں کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے کی طرف توجہ دلائی۔ نیز حضور انور کی ہم سے جو توقعات ہیں ان پر پورا اترنے کی پوری کوشش کرنے کی طرف توجہ دلائی۔
بعد ازاں تقریب تقسیم انعامات شروع ہوئی۔ امسال نمایاں کار کردگی حاصل کرنے والی مجالس، خدام و اطفال کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
مثالی طفل معیار صغیر: عزیزم حیدر احمد مجلس مرکسم
مثالی طفل معیار کبیر: عزیزم عطاء المصور مجلس انٹورپن
مثالی خادم: مکرم شاہ زین منصور صاحب مجلس اوئپن
بہترین کارگردگی : ریجن انٹورپن
علم انعامی: مجلس مقامی
سند امتیاز حاصل کرنے والی مجالس
برائے سال 2019ءتا 2020ء:
مجلس مقامی، مجلس اوئپن، مجلس بیرنگن، مجلس اوسٹند، مجلس سنتروئدن، مجلس انٹورپن اور مجلس ٹرن ہاؤٹ۔
سند امتیاز حاصل کرنے والی مجالس
برائے سال 2020ء تا 2021ء:
اوسٹنڈے،برسلز ائیسٹاور مجلس مقامی
انعامات کی تقسیم کےبعد مکرم امیر صاحب نے تمام خدام و اطفال کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ آخر پر امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع کی مجموعی حاضری 380رہی۔ الحمد للہ علیٰ ذلک
اس اجتماع کی تیاری اور کامیاب انعقاد کے سلسلہ میں ہمیں ہمیشہ مکرم امیر صاحب کا ساتھ حاصل رہا آپ نے ہماری ہر قدم پر رہنمائی اور پوری مدد کی۔ اس کے علاوہ محترم مشنری انچارج صاحب اور تمام مربیان کرام نے ہماری ہر معاملہ میں بھر پور مدد کی۔ اسی طرح تمام ممبرانِ کمیٹی نے اپنی پوری استطاعت کے ساتھ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کی کوشش کی۔
اللہ تعالیٰ تمام خدمت کرنے والوں کو بہترین جزا دے اور ہمیں اپنے دل و جان سے پیارے امام کی کامل اطاعت میں دن رات خدمت کی توفیق دیتا چلا جائے۔آمین
(رپورٹ: توصیف احمد۔ صدر مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیئم)