حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال


(08؍نومبر۔ 08:00 GMT)


کل مریض: 250,698,608


صحت یاب ہونے والے: 226,926,378

وفات یافتگان: 5,066,852

٭…امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز (سربراہ جماعت احمدیہ عالمگیر) نے 5؍ نومبر 2021ء کو مسجد مبارک اسلام آباد (ٹلفورڈ) سے خطبہ جمعہ ارشاد فرماتے ہوئے تحریکِ جدید کے 88ویں سال کے آغاز کا اعلان فرمادیا۔ حضورِ انور نے خطبہ جمعہ میں تحریکِ جدید کے 87 ویں سال کے دوران جماعت احمدیہ مسلمہ کی جانب سے پیش کی جانے والی بے مثال مالی قربانیوں اور ان کے ثمرات کی ایک مختصر جھلک کے طور پر بعض واقعات بیان فرمائے نیز اعلان فرمایا کہ گذشتہ سال جماعت احمدیہ عالمگیر کو اس تحریک میں مجموعی طور پر 15.3 ملین پاؤنڈز کی رقم بطور قربانی پیش کرنے کی توفیق ملی۔

یاد رہے کہ اس الٰہی تحریک کا اجرا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دوسرے خلیفہ حضرت مرزابشیرالدین محمود احمد المصلح الموعودرضی اللہ عنہ نے 1934ء میں بظاہر انتہائی نامساعد جماعتی حالات میں فرمایا تھا اور آج اس کی برکت سے چہاردانگِ عالم میں احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا پیغام بخیروخوبی پہنچ رہا ہے۔ (خطبہ جمعہ کے خلاصے کے لیے ملاحظہ کیجیے شمارے کا صفحہ 5)

٭…روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبدالہیان سے ٹیلیفونک رابطے میں ایرانی جوہری معاہدہ اصل شکل میں برقرار رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے اس کے دوبارہ قابل عمل ہونے پر تبادلہ خیال کیا۔ یاد رہے کہ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدہ 2015ء میں طے پایا تھا۔ معاہدے کے مطابق ایران عالمی پابندیاں ختم ہونے کے بدلے یورینیم افزودگی روکنے کا پابند تھا۔ 2018ء میں امریکی صدر ٹرمپ کے یک طرفہ طور پر معاہدے سے باہر نکلنے کے بعد ایران بھی معاہدے سے پیچھے ہٹ گیا تھا۔

٭… پاکستان کی وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے تحریکِ لبیک پاکستان کا نام کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تحریکِ لبیک کو رواں برس 15 اپریل کو حکومتِ پنجاب کی سفارش پر کالعدم قرار دیا گیا تھا جس کے خلاف تنظیم کی جانب سے 29 اپریل کو وزارتِ داخلہ سے رجوع کیا گیا تھا تاہم وزارت کی جانب سے قائم کی گئی جائزہ کمیٹی اور پھر وفاقی کابینہ نے اس فیصلے کو جائز قرار دیا تھا۔وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتے تحریک لبیک کے ساتھ کیے گئے خفیہ معاہدے کے تحت تحریک لبیک پاکستان پر پابندیاں ختم کرنے کے فیصلہ کے تحت تنظیم کو غیر کالعدم قرار دینے کے علاوہ اس کے رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی بھی شامل ہے۔ لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ٹی ایل پی کے متعدد رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات میں ان کی ضمانت بھی منظور کی تاہم تنظیم کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی تاحال عمل میں نہیں آ سکی ہے ۔سعد رضوی کو رواں برس اپریل میں ہی حراست میں لیا گیا تھا اور وہ تاحال نظربند ہیں۔

٭…ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں باغی جنگجوؤں کی پیش قدمی کے خدشے کے تحت امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو فوری طور ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ ایتھوپیا میں سیکیورٹی کی صورتحال خراب ہے۔

٭…کابل حملے سے متعلق پینٹاگون کی تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ 29؍ اگست کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ڈرون حملے میں 7 بچوں سمیت 10 شہریوں کی ہلاکت افسوس ناک غلطی تھی۔ امریکی انسپکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل سیمی سیڈ کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے سے متعلق تحقیقات میں قانون یا جنگی قوانین کی خلاف ورزی نہیں پائی گئی۔

٭…سعودی اتحادی فورسز کی یمن کے شہر مآرب پر بمباری کے نتیجے میں 157سے زیادہ حوثی شہری ہلاک ہوگئے۔ جبکہ14 فوجی گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔دوسری جانب سعودی عرب نے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ کی طرف آنے والا بارودی ڈرون تباہ کردیا گیا۔

٭…فرانسیسی بشپ سالانہ کانفرنس میں فرانسیسی کیتھولک چرچ میں بچوں سے بدسلوکی کے واقعات کی رپورٹ پر فرینچ کیتھولک چرچ کو واقعات کا ذمہ دار قرار دے دیا گیا۔ کانفرنس میں فرانسیسی پادریوں نے بچوں سے بدسلوکی کے واقعات پر چرچ کی ادارتی ذمہ داری قبول کرلی۔رپورٹ کےمطابق کیتھولک چرچ میں 70 سالوں کے دوران بچوں سے بدسلوکی کے دو لاکھ سے زائد واقعات ہوئے تھے۔

٭…امریکی بحریہ نے متنازع جنوبی بحیرہ چین میں تباہ ہونے والی آبدوز کے تین کمانڈنگ آفیسرزکو نوکری سے فارغ کر دیا۔ 2؍ اکتوبر کو یو ایس ایس کنیکٹیکٹ سمندر میں ایک چٹان سے ٹکرا گئی تھی۔ حادثے میں عملے کے 11 افراد کو معمولی چوٹیں آئی تھیں۔ امریکی بحریہ نے بیان میں کہا ہے کہ درست اقدامات کرتے ہوئے اس واقعے سے بچا جا سکتا تھا۔ امریکی جزیرے گوام میں آبدوز کے نقصان کا جائزہ لینے کے بعد اسے واشنگٹن میں امریکی آبدوز اڈے پر واپس لایا جائے گا۔

٭…مغربی افریقی ملک سیرالیون کے دارالحکومت فری ٹاؤن میں ایندھن لے جانے والا ٹرک دوسرے ٹرک سے ٹکرانے کے کچھ دیر بعد دھماکے سے پھٹ گیا۔ اس حادثے میں 99 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں ٹرک سے بہتے ایندھن کو جمع کرنے کے لیے موجود افراد بھی شامل ہیں۔

٭…بغداد میں عراقی وزیرِ اعظم مصطفیٰ الکاظمی کے گھر پر قاتلانہ ڈرون حملہ ہوا۔ عراقی وزیرِ اعظم ہاؤس کے مطابق قاتلانہ حملے میں وہ محفوظ رہے، اس سے پہلے سیکیورٹی ذرائع نے حملے کی تصدیق کی تھی۔ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب 10؍ اکتوبر کے انتخابی نتائج کے خلاف مظاہرین احتجاج کر رہے تھے۔

٭…افریقی ملک نائیجر میں مسلح افراد نے مالی کی سرحد کے نزدیک فوجی چیک پوسٹ پر رات کے اندھیرے میں حملہ کیا جس میں 15 فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 5 فوجی اہلکار لاپتا ہو گئے۔

٭…روس کے علاقے سائبیریا میں بیلارس کا کارگو طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں سوار بیلاروس کے تین، روس کے دو اور یوکرین کے دو شہریوں سمیت تمام 7 مسافر ہلاک ہوگئے۔

٭…سعودی ایوانِ شاہی کے مطابق 4؍نومبر کو بارانِ رحمت کے لیے سعودی عرب کی تمام مساجد میں صبح نمازِ استسقاء ادا کی گئی۔ نمازِ استسقاء کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں ہوا۔

٭… امریکہ کے صدر جو بائیڈن کا انفراسٹرکچر یا شہری ڈھانچےمیں سرمایہ کاری سے متعلق ایک ہزار ارب یا ایک ٹریلین ڈالر مالیت کا پبلک ورکس بل سخت بحث و مباحثے کے بعد امریکی کانگریس میں منظور کر لیا گیا۔ اس دوران خود ڈیموکریٹک پارٹی میں بھی ایک تلخ تقسیم نظر آئی۔ بل کی حمایت میں 228 جبکہ مخالفت میں 206 ووٹ آئے۔بل کی منظوری کے بعد صدر بائیڈن نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی خوش ہیں کہ بالآخر بل منظور ہو گیا۔ یہ بل صدر بائیڈن کے دستخط سے قانون بن جائے گا۔

اس پیکج کے تحت اگلے آٹھ برس میں ہائی ویز، سڑکوں اور پلوں کو بہتر کرنے اور شہروں میں ٹرانسپورٹ کے نظام اور ریل نیٹ ورکس کو جدید بنانے پر 550 ارب ڈالر جبکہ پینے کے صاف پانی، تیز رفتار انٹرنیٹ اور پورے ملک میں بجلی کی گاڑیوں کو چارج کرنے والی مشینیں لگانے پر بھی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔ یہ کئی دہائیوں کے بعد ملکی انفراسٹرکچر پر کسی بھی وفاقی حکومت کی جانب سے سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے جسے صدر بائیڈن کی ایک بڑی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

٭…متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظبی نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے 9 نئے منصوبوں کا اعلان کردیا۔ یہ 9 منصوبے ملک کے 2050ء تک کاربن نیٹ زیرو اسٹریٹیجک انیشی ایٹو (NET ZERO BY 2050 STRATEGIC INITIATIVE) کا حصہ ہیں۔ ان منصوبوں کے تحت اگلے دس سال میں ابوظبی میں بجلی اور پانی کی پیداوار سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کم از کم 50 فیصد کمی کی توقع ہے۔

٭…امریکی دوا ساز ادارے فائزر نے کہا ہے کہ اس کی کووِڈ19 کے علاج کے لیے بنائی گئی پیکسلووِڈ (Paxlovid) نامی گولی شدید بیماری کے لیے 89فیصد موثرثابت ہوئی ہے۔ دوا نے مریضوں کے ہسپتال میں جانے اور بالغ مریضوں میں اموات کا خطرہ 89 فیصد کم کیا ہے۔ فائزر کے مطابق گولی کے ہنگامی استعمال کی منظوری کے لیے جلد ازجلد ڈیٹا ایف ڈی اے کو جمع کرایا جائے گا۔ فائزر کے سی ای او کا کہنا ہے کہ یہ خبر وبائی بیماری کی تباہی کو روکنے کی عالمی کوششوں میں ایک حقیقی گیم چینجر ہے۔ ان کے مطابق یہ دوا مریضوں کی زندگیاں بچانے، کووڈ19 کے انفیکشن کی شدت کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ فائزر نے مارچ 2020ء میں یہ دوا بنانا شروع کی تھی۔

٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ نے فائزر کی تجرباتی اینٹی وائرل گولی پیکسلووڈ (Paxlovid) کی لاکھوں خوراکیں محفوظ کرلی ہیں۔ ایف ڈی اے اگر اس گولی کی منظوری دیتی ہے تو یہ گولیاں جلد دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کووڈ 19 کے بدترین نتائج سے بچانے کے لیے یہ علاج ایک اور ذریعہ ہوگی۔

٭…برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید نے فائزر کمپنی کی کورونا اینٹی وائرل گولی کے مثبت نتائج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائزر اینٹی وائرل گولی کو منظوری ملنے کی صورت میں کورونا کے خلاف ہمارے ہتھیاروں میں اضافہ ہو جائے گا۔رواں ہفتے برطانیہ، امریکی کمپنی مرک کی کورونا اینٹی وائرل گولی کی منظوری دینے والا دنیا کا پہلا ملک بھی بن چکا ہے۔ برطانیہ نے اکتوبر میں ہی فائزر اینٹی وائرل گولی کے ڈھائی لاکھ کورسز حاصل کر لیے ہیں جبکہ برطانیہ مرک کورونا اینٹی وائرل گولی کے 4 لاکھ 80 ہزار کورسز بھی لے چکا ہے۔

٭…عالمی ادارہ صحت نے یورپ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی رفتار تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپی ریجن کے 53 ممالک میں کورونا کیسز پھیلنے کی رفتار انتہائی تشویشناک ہے۔ کورونا کیسز پھیلنےکی یہی رفتار رہی تو باوثوق اندازوں کے مطابق فروری 2022ء تک مزید 5 لاکھ اموات ہوسکتی ہیں۔

٭…جرمنی میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر جاری ہے۔ جرمن وزیر صحت جینز اسپاہن کا کہنا ہے کہ ملک میں ویکسین نہ لگوانے والوں میں کورونا وبا کا زور ہے۔ بعض علاقوں میں پھر انتہائی نگہداشت وارڈز میں جگہ کم پڑنے لگی ہے۔ 18 سے 59 سال کے لوگوں میں کورونا ویکسینیشن کی شرح کم رہی ہے۔ کورونا کیسز کا دباؤ کم کرنے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ جرمنی میں 66 فیصد افراد کی مکمل ویکسینیشن ہوچکی ہے۔

٭…چین میں اکتوبر کے وسط سے کورونا کے مقامی منتقلی کے 700کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ نئے کیسز کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بندرگاہوں پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب بیجنگ میں ہونے والے ونٹر اولمپک میں 100 سے بھی کم دن رہ گئے ہیں۔ نیشنل امیگریشن حکام نے کہا ہے کہ وہ شہریوں کو غیر ضروری طور پر ملک سے باہر نہ جانے پر زور دیں گے جبکہ ونٹر اولمپک میں شامل افراد کے چین سے باہر آنے جانے پر سخت پابندیاں لگانے پر بھی زوردیا گیا ہے۔ بیجنگ میں ہونے والے ونٹر اولمپک کا آغاز 4؍ فروری 2022ء کو متوقع ہے۔

٭…ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔ سوپر 12 گروپ میچز کے اختتام پر صرف پاکستانی ٹیم 5 میں سے 5 مقابلے جیت کر ناقابل شکست رہی۔ گروپ 1 میں انگلینڈ پہلے اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر جبکہ گروپ 2 میں پاکستان پہلے اور نیوزی لینڈ دوسرے نمبر پر آئی ہے۔ اس لحاظ سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے مابین 10 نومبر کو پہلا سیمی فائنل جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 11 نومبر کو دوسرا سیمی فائنل کھیلا جائے گا۔ کرکٹ کے ٹی ٹوینٹی فارمیٹ کے چیمپین کا فیصلہ 14؍ نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button