اطلاعات و اعلانات

مدرسۃ الحفظ گھانا کے ایک طالبعلم کا اعزاز۔ تکمیلِ حفظِ قرآن

حا فظ مبشر احمد جاویدصاحب مربی سلسلہ انچارج مدرسۃالحفظ گھانا تحریر کرتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 26؍ اکتوبر2021ء کو مدرسۃ الحفظ گھانا کے ایک طالبعلم عزیزم عثمان احمد بشیر الدین کیٹو(Katu)ابن الحاج علی محمد کیٹو صاحب (نیشنل سیکرٹری وقف جدید گھانا)نے تکمیل حفظ القرآن کی سعادت حاصل کی۔ اللہ تعالیٰ یہ سعادت عزیزم و احباب جماعت کے لیے مبارک فرمائے اور عثمان احمد بشیر الدین کیٹو کے لیے مزید کامیابیوں کا پیش خیمہ بنائے۔آمین۔

عزیزم نے یکم نومبر2018ء کو حفظ شروع کیا اور 26اکتوبر2021ء کو دو سال،گیارہ ماہ اور چھبیس دن میں قرآن کریم مکمل حفظ کیا، الحمدللہ۔

بحیثیت استاد مورخہ 26اکتوبر کو خاکسار نے عزیزم سے آخری سبق سنا ۔ اس کے بعد اس انتہائی خوشی کے موقع پر اس طالبعلم نے اپنی جیب خرچ سے تما م طلباء میں چاکلیٹس، کیک اور کولڈ ڈرنکس تقسیم کیے۔

عزیزم وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے اور جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں داخلہ کا خواہش مند ہے تاکہ مزید علم حاصل کرکے بہتر رنگ میں جماعت کی خدمت کرسکے۔

اس طالبعلم کا تعلق گریٹر اکرا ریجن گھانا سے ہے۔ مدرسۃ الحفظ میں داخلہ سے قبل اس کا ناظرہ قرآن کریم کا تلفظ کافی کمزور تھا چنانچہ عزیزم نے حفظ شروع کرنے سے قبل قرآن کریم صحت تلفظ کے ساتھ پڑھنا سیکھا اور ڈیڑھ ماہ کے قلیل عرصہ میں ناظرہ قرآن کریم کا دور مکمل کیا۔

گھانا میں مدرسۃ الحفظ یکم مارچ 2005ء سے قائم ہے۔ اب تک اس ادارہ سے 71طلباء مکمل قرآن کریم حفظ کر چکے ہیں۔ اس وقت مزید 26 طلباء قرآن کریم حفظ کر رہے ہیں۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام طلباء کو مکمل قرآن کریم حفظ کرنے، اسے ہمیشہ یاد رکھنے، دوسروں کو سکھانے کی توفیق عطا فرمائے اور جملہ اساتذہ و طلبائے مدرسہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی منشاء کے مطابق عمل پیرا رہیں۔آمین۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button