جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ ڈنمارک کا 28 واں جلسہ سالانہ 2021ء

(نعمت اللہ بشارت۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ڈنمارک)

جماعت احمدیہ ڈنمارک کا 28 واں جلسہ سالانہ 2021ءمنعقدہ 18و 19 ستمبر 2021ء، بمقام کوپن ہیگن

٭…حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

مختلف علمی وتربیتی موضوعات پر ایمان افروز تقاریر

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال جماعت احمدیہ ڈنمارک کا 28واں جلسہ سالانہ 18و19؍ستمبر بروز ہفتہ و اتوار نصرت جہاں کمپلیکس کوپن ہیگن میں منعقد ہوا۔ گزشتہ سال کووڈ 19 کی وجہ سے جلسہ منعقد نہیں ہوسکا تھا مگر امسال حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت جلسہ منعقد کرنے کی اجازت مرحمت فرمائی تاہم حضور انور کی ہدایت پر 12 سال سے کم عمر بچوں کو جلسہ میں شمولیت کی اجازت نہ تھی۔

افتتاحی اجلاس

مورخہ 18؍ستمبر کو مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر و مشنری انچارج ڈنمارک کی صدارت میں جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کا آغاز صبح ساڑھے گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم حافظ رضاء المحسن صاحب نے سورہ آل عمران کی آیات 103 تا 106 کی تلاوت کی اور ان کا اردو زبان میں ترجمہ پیش کیا جبکہ ڈینش ترجمہ مکرم ڈاکٹر اظہر احمد صاحب نے پڑھ کر سنایا۔

یہ ہماری بہت ہی خوش نصیبی ہے اور محض خدا تعالیٰ کا فضل و احسان ہے کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت جلسہ سالانہ ڈنمارک کے لیے ایک خصوصی پیغا م ارسال فرمایا۔ تلاوت قرآن کریم کے معاً بعد مکرم امیر صاحب نے حضور انور کا یہ پیغام پڑھ کر سنایا اور احباب جماعت کو تلقین کی کہ وہ حضور انور کے اس پیغام کو جو ہمارے جلسہ کی روح وروواں ہے اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں اور ہمیشہ اس پر عمل کرتے رہیں۔

حضور انور کے اس پیغام کے بعد مکرم مصوّر احمد چیمہ صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم پاکیزہ کلام

اک نہ اک دن پیش ہوگا تو فنا کے سامنے

چل نہیں سکتی کسی کی کچھ قضا کے سامنے

پیش کیا۔ مکرم امیر صاحب نے اپنے افتتاحی خطاب میں صحبت صالحین، قیام الصلوٰۃ، خلیفہ وقت اور نظام کی اطاعت، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مبارک الفاظ میں بیان فرمودہ ہماری تعلیم، جلسہ کے اغراض و مقاصد، بیعت کی حقیقت اور اس کے نتیجہ میں مومنین میں پیدا ہونے والا عظیم انقلاب، انفاق فی سبیل اللہ اور اس ضمن میں جماعت کے مالی نظام اور اس میں شمولیت کی برکات اور ایمان افروز واقعات، تربیت اولاد سے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے قیمتی ارشادات اور اسلام کی اخلاقی تعلیمات جیسے اہم موضوعات پر نہایت جامع اور مدلّل طور پر روشنی ڈالی۔ علاوہ ازیں جلسہ کی تمام تقاریر کو غور سے سننے اور انہیں اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے کی تلقین کی۔ دعا کے ساتھ یہ پہلا اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔

اجلاس دوم

نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کےبعد تین بجے بعد دوپہر جلسہ کا دوسرا اجلاس خاکسار (مربی سلسلہ) کی صدارت میں شروع ہوا۔ مکرم خاور احمد صاحب نے تلاوت کی جس کا ڈینش ترجمہ مکرم دانیال احمد چیمہ صاحب نے پیش کیا۔ تلاوت کے بعد خاکسار نے ڈنمارک کے جلسہ سالانہ سے متعلق حضور انور کے خصوصی پیغام کا ڈینش ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مکرم رفیع احمد چیمہ صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام

وہ دیکھتا ہے غیروں سے کیوں دل لگاتے ہو

جو کچھ بتوں میں پاتے ہو اُس میں وہ کیا نہیں

بعنوان ’’درس توحید‘‘ ترنم کے ساتھ پیش کیا۔ اس اجلاس میں تین تقاریر ڈینش زبان میں تھیں۔ ان میں پہلی تقریر مکرم عمادالدین ملک صاحب نے ’’اطاعت نظام اور اس کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر کی۔ دوسری تقریر مکرم سیّد ذکی شاہ صاحب نے کی جس کا عنوان تھا ’’مالی قربانی اور اس کا فلسفہ‘‘۔ تیسری تقریر مولانا فلاح الدین ملک صاحب مربی سلسلہ کی تھی جس میں آپ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دو خطابات کی روشنی میں اسلامی معاشرہ کے بعض اہم پہلوؤں کو اُجاگر کیا۔ اس اجلاس میں دوسری نظم مکرم رانا نوید احمد اعجاز صاحب نے پیش کی۔

اجلاس سوئم

19؍ستمبر بروز اتوار جلسہ سالانہ کے دوسرے روز کے پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز مکرم چودھری منیر احمد صاحب کی صدارت میں ساڑھے گیارہ بجے صبح ہوا۔ مکرم افتخار احمد صاحب نے تلاوت قرآن کریم مع اردو ترجمہ پیش کی جس کا ڈینش ترجمہ مکرم معیز احمد چیمہ صاحب نے پڑھ کر سنایا۔ بعد ازاں مکرم فلاح الدین ملک صاحب مربی سلسلہ نے ایک نظم پیش کی۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم خاور احمد صاحب نیشنل سیکرٹری مال ڈنمارک نے ’’مالی قربانی اور اس کا فلسفہ‘‘ کے عنوان پرکی۔ آپ نے متعدد قرآنی آیات، احادیث رسول ﷺ اور علم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی روشنی میںاسلام میں مالی قربانی کی اہمیت اور اس کے فلسفہ کو نہایت احسن رنگ میں بیان کیا۔

اس اجلاس کی دوسری تقریر مولانا محمد اکرم محمود صاحب مربی سلسلہ نے ’’خلافت کی برکات‘‘ جیسے اہم موضوع پر کی۔ آپ کی تقریرکے بعد مکرم ڈاکٹر نصرا للہ ذیشان صاحب نے حضرت مصلح موعودؓ کا منظوم پاکیزہ کلام پیش کیا۔ جس کے بعد خاکسار نے ’’موجودہ حالات میں تربیت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس اجلاس کی اختتامی تقریر صدر مجلس مکرم چودھری منیر احمد صاحب نے ’’اطاعت نظام اور اس کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر کی اور اعلانات کے بعد اس اجلاس کا اختتام ہوا۔

اختتامی اجلاس

نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد پونے چار بجے بعد دوپہر جلسہ کے اختتامی اجلاس کی کارروائی مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر و مشنری انچارج ڈنمارک کی زیر صدارت شروع ہوئی، مکرم بلاج محمود بٹر صاحب نے قرآن کریم کی تلاوت کی اور ڈینش ترجمہ پیش کیا۔ مکرم مصور احمد چیمہ صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام ترنم سے پیش کیا۔

محترم امیر صاحب نے اختتامی خطاب میں سورہ آل عمران سے دوآیات اور سورہ احزاب سے ایک آیت تلاوت کی۔ جن میں اللہ تعالیٰ، اس کے رسول اور اولی الامر کی اطاعت کا مضمون بڑی تفصیل سے بیان ہوا ہے۔ چنانچہ آپ نے بڑی تفصیل سےاحادیث نبویﷺاور حضرت مسیح موعودؑ اور آپ کے خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں اس مضمون کو بیان کیا۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:

’’تزکیہ نفس کےلیے چلّہ کشیوں کی ضرورت نہیں ہے۔ رسول اللہﷺ کےصحابہ نے چلّہ کشیاں نہیں کی تھیں…بلکہ ان کے پاس ایک اور ہی چیز تھی۔ وہ رسول اللہﷺ کی اطاعت میں محو تھے۔ جو نور آپ ﷺمیں تھاوہ اس اطاعت کی نالی میں سے ہوکر صحابہؓ کے قلب پر گرتا اور ماسوی اللہ کے خیالات کو پاش پاش کرتا چلا جاتا تھا۔ تاریکی کی بجائے اُن کے سینوں میں نُور بھرا جاتا تھا۔ اس وقت بھی خوب یاد رکھو وہی حالت ہے جب تک کہ وہ نور جو اطاعت کی نالی میں سے آتا ہے تمہارے قلب پر نہیں گرتا ، تزکیہ نفس نہیں ہوسکتا‘‘۔

خطاب کے اختتام پر محترم امیر صاحب نے جلسہ سالانہ کے انتظامات کےسلسلہ میں ایسے مخلص کارکنان اور کارکنات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نےکئی ہفتوں سے دن رات جلسہ کے انتظامات کے سلسلہ میں اپنی خدمات پیش کیں۔ فجزاہم اللہ تعالیٰ احسن الجزا

لنگر خانہ و ضیافت مہمانان کرام جلسہ

جلسہ سالانہ کےدونوں ایام میں تمام احباب جماعت اور معزز مہمانوں کے لیے ظہرانہ اور عشائیہ کا انتظام تھا۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ضیافت کی ٹیم نے بہت محنت اور جانفشانی سے اپنے فرائض نہایت خاموشی سے انجام دینےکی توفیق پائی اور شیڈول کے عین مطابق بغیر کسی تاخیر کےکھانا تیار کرکے مہمانوں کو بروقت پیش کیا جاتا رہا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

دیگر انتظامات

امسال کووڈ کی وجہ سے شاملین جلسہ کے لیے بعض انتظامات معمول سے زیادہ کیے گئے تھے۔ خواتین اور مردوں کے کھانے کے لیے وسیع شامیانے لگائے گئے تاکہ کھانے کے وقت بھی آپس میں فاصلہ کا خیال رکھا جاسکے۔

اسی طرح پارکنگ کےلیے مسجد سے ملحق ایک پرائیویٹ سکول کی پارکنگ حاصل کی گئی جس کی وجہ سے تمام احباب کو پارکنگ میں بہت سہولت رہی۔

سٹیج اور جلسہ گاہ کو نہایت خوبصورتی سے مزین کیا گیا اور جلسہ گاہ میں مناسب فاصلہ کا بھی اہتمام کیا گیاتھا۔

حاضری

الحمدللہ کہ امسال جلسہ میں شاملین کی تعداد بہت خوشکن رہی۔ کوو ڈکی وجہ سے خدشہ تھا کہ کہیں حاضری کم نہ ہو۔ مگر اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انور کی دعاؤں کی برکت سے شاملین کی تعداد توقع سے کہیں زیادہ رہی اور جو انتظامات پہلے کیے گئےتھے ان میں اضافہ کرنا پڑا۔

چونکہ بارہ سال سے کم عمر کے بچوں کو شامل ہونے کی اجازت نہ تھی اس لیے 60 فیملیز نے آن لائن جلسہ سنا جن کی تعداد 180 بنتی ہے جب کہ جلسہ میں شاملین کی تعداد 165 تھی۔ اس لحاظ سے کل شاملین 345 تھے۔ الحمد للہ

ڈنمارک کے علاوہ سویڈن کے شہر مالمو، جرمنی اور کینیڈا سے بھی بعض مہمانان کرام اس جلسہ میں شامل ہوئے۔

لائیو سٹریم

حضور انور کی ہدایت کے مطابق بارہ سال سے کم عمر کے بچوں اور بچیوں کو کووڈ کی وجہ سے جلسہ میں شمولیت کی اجازت نہیں تھی اس لیے اس بات کا اہتمام کیا گیا کہ جلسہ کی تمام کارروائی لائیو دکھائی جائے۔ الحمدللہ کہ وہ احباب جو کسی وجہ سے جلسہ میں شامل نہ ہوسکے انہوں نے اس سے بھر پور استفادہ کیا۔ ڈنمارک کے علاوہ یہ جلسہ بعض دیگر ممالک میں بھی سنا اور دیکھا گیا جن میں سویڈن، پاکستان، کینیڈا ، ملائیشیا، بنگلہ دیش، جرمنی، ناورے اور دیگر کئی ممالک بھی شامل ہیں۔

ڈنمارک کے ایک دوست جو بیماری کے باعث ہسپتال میں داخل تھے انہوں نے بتایاکہ وہ بھی لائیو سٹریم کے ذریعہ جلسہ میں پوری طرح شامل رہے اور سارا جلسہ دیکھا اور تقاریر سنیں۔

اٹلی کےایک نوجوان جو چند سال پہلے ڈنمارک میں بیعت کرکے سلسلہ عالیہ احمدیہ میں داخل ہوئے انہوں نے بتایاکہ وہ جلسہ سالانہ یوکے میں تو شامل ہوچکے ہیں مگر ڈنمارک کے جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کا یہ پہلا موقع ہے۔ انہوں نےجلسہ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ تمام انتظامات بہت عمدہ تھے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں جلسہ کی برکات سے کماحقہ استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلاجائے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی شاملین جلسہ کے لیے جو دعائیں ہیں وہ ہم سب شاملین جلسہ کے لیے بھی قبول ہوں اور ہمیں خلیفہ وقت کی کامل اطاعت کی توفیق عطا ہو اورخلافت سےہم سب کا ہمیشہ صدق و وفا کا تعلق قائم و دائم رہے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button