یورپ (رپورٹس)

جلسہ سالانہ جرمنی 2021ء: اجتماعی دعا کے ساتھ جلسہ سالانہ کی تیاریوں کا آغاز

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

(فرانکفرٹ، نمائندہ الفضل) جماعت احمدیہ جرمنی کا 45 واں جلسہ سالانہ مورخہ 8 و 9؍ اکتوبر2021ء بروز جمعۃ المبارک و ہفتہ منعقد ہو رہا ہے۔(ان شاء اللہ العزیز) یہ جلسہ ایک سال کے وقفہ کے بعد حاضرین کی معین تعداد کے ساتھ مئی مارکیٹ کے نام سے منسوب وسیع و عریض علاقے میں منعقد ہو گا، جو صنعتی شہر من ہائیم میں واقع ہے۔ اس جگہ نے 2010ء تک جماعت احمدیہ جرمنی کے 16 جلسہ ہائے سالانہ کی مہمان نوازی کی اور دس سال بعد ایک مرتبہ پھر اسی جگہ احمدی جلسہ کے لیے اکٹھے ہوں گے۔

Covid19 کی وجہ سے پانچ ہزارسے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی ہے۔ اس پابندی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے فی دن اڑھائی ہزار مردوں اور پندرہ سو عورتوں کو جلسہ میں شمولیت کے لیے ایک ضابطے کے تحت خصوصی اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں۔ ڈیوٹی پر مامور ایک ہزار کارکنان کے علاوہ احبابِ جماعت کو جلسہ میں ایک روز شامل ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ جلسہ میں شامل ہونے والے ہر زائر اور ڈیوٹی کنندہ کو ویکسینیشن یا کورونا سے مکمل صحتیابی کے سرٹیفیکیٹ، کورونا سے منفی ٹیسٹ کی رپورٹ (جو وقتِ داخلہ سے 24 گھنٹے سے پرانی نہ ہو)، میڈیکل ماسک، اپنے جائے نماز، جلسہ سالانہ کے اجازت نامے اور جماعتی آئی ڈی کارڈ کے بغیر جلسہ گاہ میں داخل ہونے کی اجازت نہ ہوگی۔ البتہ سہولت کے لیے مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے زیرِ انتظام جلسہ گاہ کے باہر کووِڈ کا لیٹرل فلو ٹیسٹ (LFT) کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔

من ہائم میں مردانہ جلسہ گاہ کے لیے ہال موجود ہے لیکن خواتین کی جلسہ گاہ، لنگر خانہ، ضیافت و دیگر انتظامی شعبہ جات کے لیے30چھوٹے بڑے خیمہ جات لگائے جا رہے ہیں جن میں سے بڑے خیمہ جات لگانے کا کام متعلقہ کمپنی اتوار کو مکمل کر چکی ہے۔ چنانچہ سوموار کے روز جلسہ گاہ کی تیاری کے لیے اجتماعی وقارِعمل کا آغاز صبح دس بجے دعا کے ساتھ ہوا۔ وقارِ عمل میں حصہ لینے کے لیے خدام نے وقفِ عارضی کیا ہے۔ جامعہ احمدیہ کے 110 طلبہ وقار عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی قریبی جماعتوں سے نوجوان جلسہ کے انتظام میں ہاتھ بٹانے کے لیے صدرانِ جماعت کی وساطت سے وقارِ عمل میں شامل ہیں۔ آج وقار عمل کے آغاز کے وقت 250 خدام دعا میں شامل تھے، جن کی تعداد دوپہر تک 350ہو چکی تھی۔

دعا سے قبل کارکنان سے مختصر خطاب کرتے ہوئے محترم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب (نیشنل امیر جماعت احمدیہ جرمنی) نے ایک احمدی کی جلسہ سالانہ سے انسیت کے ذکر میں بتایا کہ گذشتہ سال Covid 19 کی وجہ سے جلسہ سالانہ کے منعقد نہ ہونے سے ہم نے جلسہ کی کمی کو شدت سے محسوس کیا ہے۔ اب اللہ تعالیٰ نے مخصوص حالات میں محدود پیمانے پر جلسہ سالانہ کے انعقاد کا سامان بہم پہنچایا ہے تو پورے لگاؤ کے ساتھ جلسہ کی تیاری مکمل کریں۔ مکرم صداقت احمد صاحب (مشنری انچارج جماعت احمدیہ جرمنی) نے حالات کے پیش نظر بتائی جانے والی ہدایات پر عمل کرنے، وقار عمل کے دوران نمازیں بروقت ادا کرنے اور کثرت کے ساتھ درود شریف پڑھنے کی نصیحت کی۔

مکرم ندیم احمد صاحب، ناظم تیاری جلسہ گاہ نے نمائندہ الفضل کو بتایا کہ سب سے پہلے دونوں جلسہ گاہوں میں کارپٹ بچھانے کا کام مکمل کیا جائے گا تا کہ نمازوں کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ اس بار دونوں جلسہ گاہوں میں بیٹھنے کے لیے کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ روزانہ 250 سے 300کے درمیان احبابِ جماعت وقار عمل میں حصہ لیں گے اور جمعرات کی دوپہر تک تمام کام مکمل کر لیا جائے گا۔ جمعرات کی شام 6بجے محترم امیر صاحب جرمنی انتظامات کا معائنہ کریں گے جس کے بعد تمام کارکنان کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا جائے گا۔

جلسہ سالانہ کا آغاز امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ الودود بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ سے ہو گا۔ اجلاس اول میں چار مربیان تربیتی و علمی موضوعات پر تقاریر کریں گے۔ شام کا کھانا حاضرین کو پیک کر کے ساتھ لے جانے کے لیے فراہم کیا جائے گا جبکہ جلسہ گاہ میں کسی زائر کو رات رہنے کی اجازت نہ ہو گی۔ جلسہ سالانہ کے دوسرے روز یعنی 9؍ اکتوبر کی صبح گیارہ بجے جلسہ سالانہ کی کارروائی کا آغاز ہو گا۔ اس روز چار اہم تقاریر ہوں گی۔ مقررین میں محترم امیر صاحب جرمنی اور محترم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ جرمنی شامل ہیں۔ اسی روز خواتین کے جلسہ گاہ میں علیحدہ سے ان کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں تین تقاریر ہوں گی۔ وقفہ کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اختتامی خطاب فرمائیں گے جسے مسلم ٹیلی ویژن احمدیہ پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

اگرچہ جلسہ گاہ میں محدود لوگوں کو داخلے کی اجازت ہے لیکن جلسہ سالانہ کی تمام تر کارروائی کو دنیا میں ہر اُس جگہ پر جہاں یوٹیوب دیکھی جاسکتی ہے ایم ٹی اے انٹرنیشنل جرمنی کے یوٹیوب چینل کے توسط سے براہِ راست دیکھا جا سکے گا گویا اس جلسے کو ایک لحاظ سے عالمی حیثیت حاصل ہو گی۔ مزید برآں جرمنی بھر میں تمام مساجد و مشن ہاؤسز نیز نماز سینٹرز میں احبابِ جماعت اجتماعی طور پر جلسہ کی کارروائی کو دیکھ سکیں گے۔ جلسہ سالانہ کے موافق طعام وغیرہ کا انتظام بھی ہو گا۔ ان شاء اللہ

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ جلسہ سالانہ اپنی تمام تر برکات و ثمرات کے ساتھ بخیر و عافیت و کامیابی پایۂ تکمیل کو پہنچے۔ آمین

جلسہ سالانہ جرمنی کی تازہ رپورٹنگ کے لیے پڑھتے رہیں الفضل انٹرنیشنل ۔۔۔۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button