اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

سانحہ ہائے ارتحال

٭… نبیل احمد ناصر صاحب (فارنہم، یوکے) تحریر کرتے ہیں کہ ہماری والدہ محترمہ بیگم بشریٰ ناصر احمد صاحبہ، زوجہ کمانڈر ناصر احمد مرحوم (آف پاکستان نیوی، کراچی) مورخہ 13؍جولائی 2020ء بروز پیر، خاکسار کے گھر بمقام فارنہم، سرے، یو کے، بعارضہ قلب اپنے رب کے حضور حاضر ہو گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔

آپ کی عمر 83 برس تھی۔ آپ کی پیدائش یکم ستمبر 1936ء کو جزیرہ زنجبار، مشرقی افریقہ میں ہوئی۔ آپ کا خاندان وہاں دو نسلوں سے مقیم تھا۔ آپ کے والد ڈاکٹر عبدالغفور خان کڑک کو قادیان دارالامان میں حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کا ہم جماعت ہونے کا شرف حاصل تھا۔ ہماری والدہ الحمد للہ پیدائشی احمدی تھیں۔ آپ کے دادا ڈاکٹر عبدالغنی خان کڑک (آف زنجبار بعد ازاں گوجرانوالہ) اور آپ کے نانا شیخ عبدالرشید (آف بٹالہ) دونوں صحابی حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام تھے۔ 1950ء کی دہائی میں آپ کا خاندان لاہور منتقل ہوا اور وہیں آپ نے اپنی تعلیم مکمل کی۔ آپ چھ بہنوں اور دو بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھیں۔ آپ کے سب سے چھوٹے بھائی سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمحسن خالد خان کڑک نے دسمبر 1971ء میں سابقہ مشرقی پاکستان میں دورانِ جنگ دادِ شجاعت دیتے ہوئے صرف 22سال کی عمر میں شہادت حاصل کی اور ستارۂ جرأت کے حق دار قرار پائے۔ آپ کے دوسرے بھائی عبدالمنعم خان کڑک آف لاہور کینٹ (حال مقیم ڈیلاس، ٹیکساس، یو ایس اے) ہیں۔

نومبر1958ء میں شہر لاہور میں ہمارے والدین رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے جس کے بعد وہ کراچی بسلسلۂ ملازمت منتقل ہو گئے۔ 1981ء میں نسبتاً کم عمر میں بیوگی کا دکھ پانے کے بعد ہماری والدہ لاہور اپنے میکہ چلی گئیں اور اپنے دونوں کم عمر بیٹوں کی پرورش کے لیے فوجی فاؤنڈیشن میں ملازمت کی اور ان کی بہترین تربیت کی۔ 1993ء میں اپنے بیٹوں کے پاس لندن منتقل ہوئیں۔ہماری والدہ پابندِ صوم و صلوٰۃ، سلسلۂ عالیہ احمدیہ کی شیدائی، نظامِ خلافت سے مکمل طور سے منسلک اور تمام جماعتی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کرنے والی بابرکت وجود تھیں۔

ان کے بڑے بیٹے ندیم احمد ناصر بریڈفورڈ (یارکشائر) میں ڈاکٹر ہیں اور خاکسار سرے کی لوکل گورنمنٹ میں کونسلر ہے۔ آپ نے اپنے پیچھے دو بیٹے، دو بہوئیں اور چار پوتیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔احباب جماعت سے والدہ محترمہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے۔

٭… مکرم شاہد محمود ڈوگر صاحب تحریر کرتے ہیں کہ میری والدہ محترمہ بشریٰ محمود ڈوگر صاحبہ بیوہ مکرم چودھری محمود احمد ڈوگر صاحب 15 جون 2021ء کو بقضائے الٰہی لندن میں وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ آپ لندن میں خاکسار کے پاس رہائش پذیر تھیں اور آپ نے 80سال عمر پائی ۔ تقریباً 8 ماہ سے نسیان میں مبتلاتھیں۔ چند سالوں سے دل اور کھانسی کی تکلیف بھی تھی ۔ مرحومہ خدا تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں ۔ آپ کا جنازہ ربوہ لے جایا گیا اور20؍ جون کو بہشتی مقبرہ میں تدفین ہوئی ۔ موصوفہ جماعتی چندوں میں باقاعدہ تھیں ۔ سادہ مزاج ، دعاگو اور نماز تہجد باقاعدگی سے ادا کرتی تھیں۔ اکثر دعاؤں کا زیر لب ورد کرتی رہتیں۔ سارا خاندان ا ن کی تعریف کرتا ہے ۔ خلیفۂ وقت اور نظام جماعت کے لیے باقاعدہ دعا کرنا آپ کا معمول تھا۔ مرحومہ نے 3بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ احباب جماعت سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل سے نوازے۔ آمین

نمایاں کامیابی

٭…عبدالہادی قریشی صاحب سیرالیون سےتحریر کرتے ہیں کہ عزیزم صباح الدین احمد (وقفِ نو) ابن مکرم ڈاکٹر فاتح الدین احمد (واقفِ زندگی) احمدیہ ہسپتال کینیما، سیرالیون نے خدا تعالیٰ کے فضل اور حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی پُر شفقت دعاؤں سے سیرالیون میں BECE (میٹرک) کے امتحان میں 85؍ فیصد نمبروں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ الحمدللہ

عزیزم صباح الدین احمد حضرت چودھری علی محمدؓ صاحب صحابی حضرت مسیحِ موعودؑ کی نسل میں سے ہیں اور چودھری ناصر احمد صاحب آف گجرات (حال مقیم کینیڈا ) کے پوتے اور مکرم ملک مظفر احمد صاحب آف سیالکوٹ (حال مقیم کینیڈا ) کے نواسے ہیں۔

عزیزم کے لیے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے جماعت کے لیے مفید وجود بنائے، آئندہ بھی نمایاں کامیابیوں سے نوازے اور صحت و سلامتی والی لمبی زندگی سے نوازے ۔ آمین

درخواستہائے دعا

٭…عبدالہادی قریشی صاحب سیرالیون سےتحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کا بھانجا عزیزم منیف احمد (وقف نو، عمر ساڑھے گیارہ سال) ابن مکرم خرم بشیر صاحب گذشتہ کچھ ماہ سے آنتوں کے عارضہ کی وجہ سے بیمار ہے۔ ابتدائی آپریشنوں کے بعد اللہ کے فضل سے رو بصحت ہیں لیکن ابھی ایک آپریشن باقی ہے جس کے لیے 15؍ ستمبر کو دوبارہ ہسپتال داخل ہوں گے اور آپریشن ہوگا۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالی اپنے فضل سے جلد مکمل صحت سے نوازے، ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے اور صحت سلامتی والی لمبی فعال زندگی سے نوازے۔ آمین

٭… رانا سلطان احمد خاں صاحب تحریر کرتے ہیں:

خاکسار کا بڑا پوتا عزیزم ابتسام احمد راویل طالبعلم جامعہ احمدیہ کا کورونا ٹیسٹ آج positiveآیا ہے۔ گذشتہ تین چار یوم سے بخار کی شکایت ہے جس کی وجہ سے گھر میں پریشانی کی کیفیت ہے۔

احباب جماعت احمدیہ عالمگیر سے عزیزم کے لیے خصوصی دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ میرے اس واقفِ نو بچے کو جلد از جلد کامل صحت عطا فرمائے اور ہر پریشانی سے محفوظ رکھے۔ نیز باقی گھر والوں کو اس وبا کے اثرات سے محفوظ رکھے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button