افریقہ (رپورٹس)

مدرسۃ الحفظ گھانا میں سالانہ علمی و ورزشی مقابلہ جات 21-2020ء کا انعقاد

طلباء کی ذہنی و جسمانی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہر سال طلباء مدرسۃ الحفظ گھانا کے سالانہ علمی وورزشی مقابلہ جات کروائے جاتے ہیں۔ چنانچہ اس مقصد کی خاطر سال کے آغاز میں ہی طلباء کی سالانہ سرگرمیوں کا پروگرام بنا کر طلباء کو آگاہ کر دیا جاتا ہے۔

اس سال کے سالانہ پروگرام کے مطابق طلباء کے ورزشی مقابلہ جات  25تا27مارچ  جبکہ ورزشی مقابلہ جات  کا انعقاد مورخہ 31 جولائی 2021ء کو ہوا۔ ورزشی مقابلہ جات گراؤنڈ جامعۃ المبشرین جبکہ علمی مقابلہ جات جامعۃ المبشرین کے ہال میں منعقد ہوئے۔ علمی و ورزشی ہردو مقابلہ جات کی افتتاحی تقاریب کے مہمان خصوصی محترم فہیم احمد خادم صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا تھے۔ آپ نے افتتاحی خطاب میں طلباء کو نصائح کرتے ہوئے  بزرگان سلسلہ کے واقعات سنائے۔

ورزشی مقابلہ جات میں 5 انفرادی اور3 اجتماعی مقابلے کروائے گئے۔ انفرادی مقابلہ جات میں 100میٹر دوڑ، 100میٹر بیک دوڑ، بوری ریس، لیمن و سپون ریس اور ثابت قدمی شامل تھے۔ مقابلہ ثابت قدمی میں طلباء نے کثیر تعداد میں حصہ لیا۔ چونکہ یہ مقابلہ اکثر طلباء کے لئے نیا تھا جو اس سے قبل نہیں دیکھا  تھا اس لئے بے حد دلچسپی کا باعث بنا۔ اجتماعی مقابلہ جات میں فٹ بال، رسّہ کشی اور ریلے ریس کے مقابلے شامل تھے۔

علمی مقابلہ جات کی تیاری 5 ماہ قبل ہی شروع کر وادی گئی تھی۔ مقابلہ تلاوت کے لئے طلباء کو بعض اچھے قراء کی تلاوت بار بار سنائی گئی۔ اسی طرح نظم کے مقابلہ کے لئے اردو نظم کو Transliteration میں لکھ کر اور اس کی آڈیو ریکارڈ کرکے طلباء کو مہیا کی گئی تاکہ وہ اسے بار بار سن کربہتر تیاری کر سکیں۔ گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی تلاوت، اذان، اردو نظم، انگریزی تقریر، پیغام رسانی اور دینی معلومات کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ پیغام رسانی کے مقابلہ میں 5 جبکہ مقابلہ  دینی معلومات میں 4 ٹیمیں شامل ہوئیں۔ ہر ٹیم 4طلباء پر مشتمل تھی۔ امسال علمی ریلی کے لئے درج ذیل احباب نے بطور منصف فرائض سر انجام دیئے۔

1۔ مکرم رضوان کوثر صاحب استاد جامعۃ المبشرین گھانا۔  2۔ حافظ عبد المنان کوثر صاحب لائبریرین جامعۃ المبشرین گھانا  3۔ حافظ حنان احمد صاحب رضاکار استاد مدرسۃ الحفظ 4۔حافظ خلیق بشیر صاحب  استاد مدرسۃ الحفظ گھانا 5۔ خاکسارحافظ مبشر احمد جاوید (انچارج مدرسۃ الحفظ)

قارئین کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان تعلیمی و ورزشی سرگرمیوں کے باعث طلباء کی ذہنی، جسمانی، اخلاقی اور روحانی استعدادوں میں اضافہ فرمائے اور حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منشائے مبارک کے مطابق ہمیں اپنی زندگیاں ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین   

(رپورٹ: حافظ مبشر احمد جاوید۔ مربی سلسلہ انچارج مدرسۃ الحفظ  گھانا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button