افریقہ (رپورٹس)

عوامی جمہوریہ کونگو کنشاسا میں عید الاضحی

(شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل کونگو ، کنشاسا)

جماعت احمدیہ کونگو کنشاسا نے مورخہ 20؍جولائی 2021ء کوعید الاضحی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی۔ اس موقع پر جماعت احمدیہ اور Humanity First نے عید کی خوشیوں کو کونگو میں رہنے والے احمدی، غیر احمدی اور غیر مسلم احباب کے ساتھ مل کر منایا۔ اس مساعی کی تفصیلی رپورٹ حسب ذیل ہے۔

Bandundu ریجن

Bandundu ریجن میں کل نوے جماعتوں میں 78 بکرے اور 11بیل قربان کیے گئے۔ یہ قربانی عید کے تینوں دن ہوئی۔ ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم فرید احمد بھٹی صاحب نے خدام کی ٹیمیں تیار کیں اور احمدی، غیر احمدی اور غیر مسلم احباب تک گوشت پہنچایا۔ ان خدام نے Humanity First کے لوگو والی ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں جن کے ذریعہ اسلام کا محبت بھرا پیغام بھی خاموشی سے لوگوں تک پہنچ رہا تھا۔

اس ریجن میں بہت سی ایسی جماعتیں ہیں جن تک پہنچنے کا زمینی راستہ یا تو بالکل نہیں ہے یا پھر بہت لمبا اور دشوار گزار ہے۔ ان علاقوں تک بھی گوشت پہنچانے کے لیے خدام کی ٹیموں نے فریزر میں گوشت محفوظ کیا اور پھر کشتی میں فریزر رکھ کر ان دور دراز جماعتوں میں گئے اور گوشت تقسیم کیا۔

 عید کے موقع پر جماعتی پروگرامز میں سے ایک جیل خانہ جات کا دورہ ہوتا ہے۔ چنانچہ اس مرتبہ بھی اس ریجن میں واقع سنٹرل جیل میں مورخہ 21جولائی 2021ء کو دورہ کیا گیا۔ لجنہ کی ٹیم نے لذیذ کھانا تیار کیا اور خدام کی ٹیم مکرم فرید احمد بھٹی صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ کی قیادت میں کھانا تقسیم کرنے کے لیے گئی۔کھانے میں گوشت کا سالن، فوفو اور فروٹ جوس شامل تھے۔ جیل انتظامیہ نے وفد کو کھانا تقسیم کرنے کی اجازت دی۔ ہر کمرے سے قیدی آتے اور اپنا کھانا لے کر جاتے۔ جیل انتظامیہ کے ساتھ تقریباً تین سوافراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ ڈائیریکٹر جیل خانہ جات جناب Bikoko Mwenga Josephنے جماعت اور Humanity First کا  شکریہ ادا کیا اور بعد ازاں  باقاعدہ خط لکھ کر اظہار تشکر کیا۔

Kananga ریجن

Kananga ریجن ملک کے جنوب مشرقی حصہ میں واقع ہے۔ Humanity First کے  تحت یہاں بہت سے پروگرامز منعقد ہوئے۔ یہاں پر 140بکرے اور 1 بیل قربان کیے گئے۔ کل 96جماعتوں میں گوشت تقسیم کیا گیا۔ اس ریجن میں جیل خانہ جات، ایک یتیم خانہ اور ایک اولڈ ایج ہوم کا دورہ کر کے وہاں بھی کھانا تقسیم کیا گیا۔ ریجنل مشنری مکرم رمیض احمد محمود صاحب نے خدام اور لجنہ کی ٹیمز کے ساتھ مل کر کھانے کی تیاری اور احسن رنگ میں تقسیم کو ممکن بنایا۔ Kananga شہر میں جیل خانہ، اولڈ ایج ہوم اور یتیم خانہ میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ Demba اور Ilebo کے جیل خانہ میں بھی کھانا تقسیم کیا گیا۔ اس طرح کل 815قیدیوں اور 60معمر افراد کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا گیا۔

Bukavu ریجن

Bukavu ریجن ملک کے انتہائی مشرقی حصہ میں واقع ہے۔ اس ریجن میں ایک گائے اور 31بکرے قربان کیے گئے۔کل 22جماعتوں میں یہ قربانیاں ہوئیں۔ اس ریجن کے ریجنل مبلغ مکرم حافظ مزمل شاہد صاحب نے جماعتی وفد کے ہمراہ Uviraکی جماعت میں واقع جیل خانہ کا دورہ کر کے کھانا تقسیم کیا۔ اس دورہ کے دوران جیل انتظامیہ سمیت 500افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔

اس علاقہ میں پگمیز کی ایک خاصی تعداد موجود ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو عمومی طور پر معاشرہ کی طرف سے نظر انداز کیے جاتے ہیں۔ عید کے موقع پر ایک وفد Humanity First کی طرف سے تحائف لے کر ان علاقوں میں گیا اور 28پگمی خاندانوں میں گوشت تقسیم کیا گیا۔ ان میں سے ایک صاحب جناب علی Kandoloنے کہا کہ وہ Humanity First کی طرف سے ملنے والے تحائف پر بہت ممنون و مشکور ہیں جب کہ باقی دنیا ان لوگوں کو نظر انداز کرتی ہے۔

اس علاقہ میں واقع ایک شہر Kimomoni ہے جہاں پر ایک کیمپ واقع ہے۔ ہر قسم کے مصیبت زدگان اس کیمپ میں آکر پناہ لیتے ہیں۔ اس کیمپ میں Humanity First کی مدد سے 76خاندانوں کے 532افراد میں گوشت تقسیم کیا گیا۔

Kikwit ریجن

Kikwit ریجن کی 75جماعتوں میں 2گائے اور 82بکرے قربان کیے گئے۔ یہاں بھی سنٹرل جیل کے قیدیوں میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم عطاء القیوم صاحب نے خدام اور لجنہ کی ٹیمز کے اشتراک سے کھانا تیار کروایا اور تقسیم کیا۔ سٹاف ممبرز سمیت 450افراد کو کھانا کھلایا گیا۔ ریجن میں کئی عہدیداران کو بھی عید کا تحفہ بھجوایا گیا۔ ان میں میئر، کمانڈر پولیس، امیگریشن کے چانسلر اور RTNCریڈیو کے ڈائیریکٹر شامل تھے۔

Kinshasa ریجن

ملک کا دارالحکومت ہونے کے اعتبار سے کنشاسا کی بہت اہمیت ہے۔ اس ریجن کی 30جماعتوں میں 6 بیل، 1گائے اور 37بکرے قربان کیے گئے۔ جن سے 1000خاندانوں کے  6110افراد فیضیاب ہوئے۔ صوبہ کی تحصیل Nseleمیں واقع ایک یتیم خانہ Zoe D’OR میں گوشت تقسیم کیا گیا۔ اس یتیم خانہ کی بانی اور سربراہ محترمہ Justineصاحبہ نے Humanity First اورجماعت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر 85یتیم بچوں اور 25 دیگر احباب میں گوشت تقسیم کیا گیا۔ محترمہ  Justine صاحبہ نے بعد ازاں خط لکھ کر بھی شکریہ ادا کیا۔

Central Kongo ریجن

اس ریجن میں کل 52بکرے اور1بیل قربان کیے گئے۔ اس علاقہ میں 3920افراد میں گوشت تقسیم کیا گیا۔

مجموعی طور پر جماعت اور Humanity First کے تعاون سے عید الاضحیٰ 2021ء کے موقع پر کونگو بھر میں 461جانور قربان کیے گئے۔ ان سے 7153خاندانوں کے 42915نفوس مستفید ہوئے۔ ملک بھر میں 5 جیل خانوں میں 2194قیدیوں اور انتظامیہ میں کھانا تقسیم کیا گیا۔

میڈیا کوریج

عید الاضحیٰ 2021ء کے موقع پر تمام ذرائع ابلاغ نے جماعت احمدیہ اور Humanity First کی انسانی ہمدردی کے تحت کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ مجموعی طور پر 19ریڈیوز، 3ٹی وی چینلز، 16 اخبارات اور 34ویب سائیٹس نے جماعتی مساعی کے بارہ میں خبریں دیں۔

Africa Newsنے اپنی 25جولائی 2021ء کی اشاعت میں لکھا کہ:

جماعت احمدیہ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق سماجی بہبود کے بہت سے پروگرام بنائے۔ ہیومینٹی فرسٹ نے بھی ان مساعی میں حصہ لیا۔

Le Courrier de Kinshasaنے اپنی 22جولائی کی اشاعت میں لکھا کہ:

ہیومینٹی فرسٹ ایک غیر سیاسی اور بلا معاوضہ کام کرنے والی تنظیم ہے جس کا مقصد کسی بھی مشکل صورتحال میں انسانیت کی مدد کرنا ہے۔ یہ تنظیم دنیا کے 55ممالک میں ضرورت مند افراد کی مدد پر کاربند ہے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان تمام مساعی کو شرف قبولیت عطا فرمائے ۔آمین۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button