از مرکز

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دستِ مبارک سے احمدیہ انسائیکلوپیڈیا ویب سائٹ www.ahmadipedia.org کا افتتاح

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

(مسجد مبارک اسلام آباد، ٹلفورڈ، 2؍ جولائی 2021ء) امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ جمعہ کے بعد مسجد مبارک سے جماعت احمدیہ کی انسائیکلوپیڈیا ویب سائٹwww.ahmadipedia.orgکا اجرا فرمایا اور دعا کروائی۔ اس ویب سائٹ کا تعارف کرواتے ہوئے حضرت امیرالمومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ میں فرمایا:

ایک احمدیہ Encyclopedia (ویب سائٹ) بنائی گئی ہے جو آج launch کیا جائے گا۔ یہ مرکزی شعبہ آرکائیوز اینڈ ریسرچ سینٹر نے بنائی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے انہوں نے اس کام کا آغاز کیا تھا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اب یہ ویب سائٹ افراد جماعت کے لیے آن لائن مہیا کی جارہی ہے۔ اس تک رسائی www.ahmadipedia.org پر ہو سکتی ہے جہاں ایک سرچ انجن کی طرز پر homepage مواد تلاش کرنے کے لیے کھل جائے گا ۔ اسے نہایت سادہ اور استعمال کے لیے آسان رکھا گیا ہے۔ اس پر جماعتی کتب ، شخصیات، واقعات ، عقائد اور عمارات کے حوالہ سے بنیادی معلومات مہیا کی گئی ہیں۔ ہر انٹری کے ساتھ متعلقہ ویب سائٹس، ویڈیوز اور جماعتی اخبارات سے مضامین کے لنک فراہم کیے گئے ہیں۔ تاکہ تفصیلی معلومات ان ذرائع سے حاصل کی جاسکیں۔ تفصیلات کے لیے دیے گئے ان لنکس کا ایک فائدہ یہ بھی ہوگا کہ جماعت احمدیہ کی دیگر ویب سائٹس تک صارفین کو رسائی حاصل ہوگی اور وہ تمام اخبارات اور رسائل سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔

دنیا بھر میں پھیلے احباب جماعت کے پاس بہت سی مفید معلومات ہیں جو کہیں ریکارڈ شدہ نہیں۔ احمدی پیڈیا کی ویب سائٹ پر ایک آپشن contribute کے نام سے بھی دی گئی ہے، جہاں وہ کسی بھی موضوع پر اپنی معلومات یا شواہد یا دستاویزات مہیا کرسکیں گے۔ یہ نہیں کہ خود براہ راست ڈال دیں بلکہ وہ اس کی انتظامیہ کو مہیا کریں گے۔ اس مہیا کردہ مواد پر تحقیق اور تصدیق کے بعد اسے متعلقہ موضوع کی انٹری میں شامل کردیا جائے گا۔ اس طرح یہ ویب سائٹ تمام جماعت کے تعاون سے جاری و ساری رہنے والا پروجیکٹ بنے گی۔ اور انشاء اللہ ہر احمدی کے لیے فائدہ مند ہوگی۔ اگر کسی کو ویب سائٹ پر کوئی مطلوبہ مواد نہ ملے تو وہ احمدی پیڈیا سے رابطہ کرسکے گا۔ اور پھر یہ لوگ ویب سائٹ پر مطلوبہ مواد مہیا کرنے کا انتظام کریں گے۔

اگر چہ تمام معلومات مصدقہ ذرائع سے مہیا کی گئی ہیں تاہم اگر کسی صارف کے پاس ایسے شواہد ہوں جو کسی بھی معلومات کے برعکس ہوں تو ہمیں ایسے شواہد مہیا کریں تاکہ بعد تحقیق جماعت کی تاریخ کو مصدقہ طور پر محفوظ کرنے کا انتظام کیا جاسکے۔

حضورِ انور نے فرمایا: اس ویب سائٹ کی تیاری کے لیے تمام ٹیکنیکل مراحل مرکزی شعبہ آئی ٹی نے بحسن و خوبی سرانجام دیے ہیں اور شعبہ آئی ٹی نے اس کے لیے بڑی محنت کی ہے جس میں ان کا مستقل عملے کے علاوہ volunteers بھی شامل ہیں۔ مواد کی تیاری کے لیے مرکزی شعبہ آرکائیوز کے مربیان اور volunteers نے بڑی محنت کی ہے۔ اور حصول مواد، اردو سے ترجمہ، مواد کی اپ لوڈنگ، غرض تمام کاموں میں ان سب کام کرنے والوں نے انتھک محنت سے کام کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو جزا بھی دے۔

احمدیہ آرکائیوز اینڈ ریسرچ سینٹر سے آصف محمود باسط صاحب نے الفضل انٹرنیشنل کو بتایا کہ

جماعت احمدیہ عالمگیر کی تاریخ 132 سے زائد سال پر محیط بہت زرخیز تاریخ ہے۔ احباب جماعت اور غیراز جماعت احباب کے لیے ایک ایسی ویب سائٹ کی ضرورت محسوس کی گئی جہاں سے جماعت احمدیہ کے بارے میں بنیادی معلومات حاصل کی جاسکیں چنانچہ حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کی منظوری سے احمدیہ آرکائیوز اینڈ ریسرچ سنٹر (AARC) نے اس پر کام شروع کیا۔

جیسا کہ واضح ہے کہ یہ ایک نہ ختم ہونے والا کام ہے کیونکہ جماعت احمدیہ کی تاریخ کا ہر دن ہی انقلاب انگیز واقعات سے پُر ہے اس لیے یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ جماعت کی مکمل تاریخ کا احاطہ کرلینا نا ممکن ہے۔ بہر حال، حضور انور کی راہنمائی میں ہم نے اس پر کام شروع کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم ایک سرچ انجن بنانے میں کامیاب ہوگئے جہاں سے جماعت کے بارہ میں معلومات سرچ کی اور پڑھی جاسکتی ہیں۔ ہم نے اس سرچ انجن کو آسان فہم اور سادہ بنانے کی کوشش کی ہے تاکہ قارئین اس میں موجود معلومات سے بسہولت فائدہ اٹھا سکیں اور یہی اس کا اصل مقصد ہے۔

موصوف نے بتایا کہ ہم قارئین کو اس بات کی ترغیب بھی دینا چاہتے ہیں کہ اگر وہ ویب سائٹ پر موجود پوسٹ میں کسی اضافے کی ضرورت سمجھیں تو ضرور کریں۔ ایسا کرنے سے جماعت کی یہ encyclopaedia ایک interactive سائٹ بن جائے گی جہاں پر نہ صرف یہ کہ جماعت احمدیہ کے بارے میں جامع معلومات موجود ہوں گی بلکہ اسے لوگوں میں شیئر بھی کیا جاسکے گا اور ضرورت پڑنے پر اس میں مناسب اضافے بھی کیے جا سکیں گے۔ قارئین مجوزہ مواد contribute@ahmadipedia.org پر ای میل کر سکتے ہیں۔

ویب سائٹ پر صرف بنیادی معلومات دستیاب ہیں جبکہ قارئین تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیے موضوع سے متعلق ویڈیوز، کتب، مضامین اور دیگر ویب سائٹس کے لنک سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ اس سے ایک فائدہ یہ بھی ہوگا کہ صارفین جماعت احمدیہ کی دیگر ویب سائٹس مثلاً alislam، ایم ٹی اے، الفضل، الحکم، ریویو آف ریلیجنز وغیرہ سے بھی متعارف ہوں گے اور ان سے فائدہ اٹھائیں گے۔

آصف محمود باسط صاحب نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کوکسی بھی طرح ‘مکمل’متصور نہ کیا جائے۔ آپ سب کو دعوت ہے کہ ہمیں بتائیں کہ اس ویب سائٹ پر مزید کیا مواد ڈالا جاسکتا ہے۔ ہماری ٹیم دن رات اس سائٹ پر مزید مواد اور معلوماٹ ڈالنے اور اسے اَپ ڈیٹ کرنے میں کوشاں رہے گی۔ انشاء اللہ

ہم حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے تہِ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماری درخواست کو قبول کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کی اس ویب سائٹ کا اجرا فرمایا۔ ہم اس ‘اجرا’ کو ایک ‘سنگ بنیاد’کے طور پر دیکھ رہے ہیں جو حضور انور نے رکھا، جس کی تعمیر میں سب احمدی اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔ انشاء اللہ

ادارہ الفضل انٹرنیشنل حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، ویب سائٹ کی انتظامیہ اور احبابِ جماعت احمدیہ عالمگیر کو اس سرچ انجن کے اجرا پر مبارکباد پیش کرتا ہے نیز دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے مفید بناتے ہوئے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مشن یعنی تکمیلِ اشاعتِ ہدایت میں نمایاں کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button