افریقہ (رپورٹس)

سر ایڈورڈ فرانسس سمال ٹیچینگ ہسپتال بانجل، گیمبیا کو ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے قریباً ایک لاکھ پاؤنڈز مالیت کے طبی آلات کا تحفہ

(سیّد سعید الحسن۔ مبلغ انچارج گیمبیا)

اللہ کے فضل وکرم سے مورخہ 30؍اپریل 2021ء کو گیمبیا کے سب سے بڑے ہسپتال ’’سر ایڈورڈ فرانسس سمال ٹیچینگ ہسپتال بانجل‘‘ میں ایک پُر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ہیومینٹی فرسٹ گیمبیا نے سات ملین ڈلاسی سے زائد (قریبا ایک لاکھ سٹرلنگ پاؤنڈز) کے طبی آلات وزارت ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو پیش کیے۔

یہ امداد ہینڈ سینٹائزرز اور پی پی اییز (پرسنل پروٹیکشن ایکوپیمنٹ) پر مشتمل تھی جو دو کنٹینرز کے ذریعے سے ہیومینٹی فرسٹ یوکے نے بھجوائی تھی۔ ہینڈ سینٹائزر 360 باکسز میں تھے۔ کل 3400 بوتلیں تھیں۔ اسی طرح ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ڈاکٹرز اور طبی عملہ کے مخصوص لباس کے 40 باکسز تھے جن کے اندر کل 415 حفاظتی لباس مہیا کیے گئے تھے۔

تقریب میں وزیر صحت کے پرمننٹ سیکرٹری، انچارج ہسپتال چیف میڈیکل آفیسر، چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ گیمبیا چیپٹر اور دیگر اعلیٰ سرکاری شخصیات موجود تھیں ۔

مکرم امیر صاحب نے جو ہیومینٹی بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں نے کہا کہ ہیومینٹی فرسٹ خدمت انسانیت رنگ و نسل و مذہب کے فرق کے بغیر کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اللہ کی عبادت اور بندوں کے حقوق ادا کرنے کا درس دیتا ہے اس طرح یہ ہر مسلمان کا فرض بن جاتا ہے کہ انسانیت کی خدمت کی جائے۔

وزارت صحت کے سیکرٹری نے ان امدادی اشیاء پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ کورونا وائرس کی بیماری کوروکنے کی جنگ میں یہ حکومت کے مددگار ہوں گے۔ انہوں نے ہیومینٹی فرسٹ کے تحت گیمبیا میں صحت اور دیگر شعبوں میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس طبی امداد کا بہترین استعمال ہوگا۔ چیف میڈیکل ڈائریکٹر نے ہیومینٹی فرسٹ گیمبیا اور یوکے اور تمام عطیہ بھجوانے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ نیز بتایا کہ یہ ملک کے تمام ہسپتالوں میں پہنچایا جائے گا اور اس کا بھر پور استعمال کیا جائے گا ۔

انہوں نے حفاظتی لباس کے اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کے ذریعے سے طبی عملے کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔ اور یہ ان کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ حفاظتی لباس مہیا کیا جائے۔

ہیومینٹی فرسٹ کے ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر ابوبکر سو نے کہا کہ گیمبیا میں گورنمنٹ اور ہیلتھ سیکٹر کی مدد کر کے کورونا وائرس کے خلاف ہیومینٹی فرسٹ اپنا کردار اداکر رہی ہے۔ دعا کے ساتھ یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔ نیشنل ٹی وی اورتمام قومی اخبارات نے اس خبر کو سرِورق پر شائع کیا۔

(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نائب امیر و مبلغ انچارج گیمبیا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button