آسٹریلیا (رپورٹس)

احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کی جانب سے تھائی لینڈ میں موجود احمدی پناہ گزینوں میں عیدالفطر کے موقع پر تحائف کی تقسیم

(ڈاکٹر عطاءالرحمٰن۔ صدر احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا)

پاکستان میں گذشتہ چند برسوں سے احمدیوں کے خلاف منظم طور پر ایسے مشکل حالات پیدا کیے گئے کہ ایک کثیر تعداد میں پاکستانی احمدی محض مذہبی آزادی کی خاطر پاکستان چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ اور ان میں سے بعض مشرق بعید کے ممالک میں UNHCR کے زیر اہتمام مذہبی بنیادوں پر پناہ گزین ہوئے۔ ان غریب اور بے سہارا خاندانوں کو وہاں بھی ناصرف مذہبی انتہا پسندوں کا سامنا رہتا ہے بلکہ معاشی طور پر بھی بے روزگاری کی وجہ سے پریشانی سے دوچار رہتے ہیں۔

ان قابل رحم حالات میں ان کو خوشیوں میں شریک کرنا بھی اسلامی تعلیمات کے عین مطابق ہے۔ لہٰذا حسب معمول امسال بھی احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا نے ان بے سہارا خاندانوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیےان میں تحائف تقسیم کرنے کا انتظام کیا۔ نیز ان میں عید کی مناسبت سے مٹھائیاں اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء تقسیم کی گئیں۔

تھائی لینڈ میں حکومتی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے سخت سماجی پابندیوں کی وجہ سے کسی گھر میں بھی خاندان کے علاوہ کسی قسم کے اجتماع پر سخت پابندی ہے۔ اس لیے محترم امیر صاحب تھائی لینڈ کی نگرانی میں احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن کی طرف سے مہیا کردہ 15000آسٹریلین ڈالرز سے مٹھائیاں اورتحائف وغیرہ خرید کر امیر صاحب تھائی لینڈ نے بذات خود مختلف جماعتوں میں جا کر پناہ گزین احمدیوں کے خاندانوں میں امدادی اشیاء تقسیم کیں۔

رمضان المبارک سے تین ماہ قبل بھی احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا نے 18000 آسٹریلین ڈالرز کی خطیر رقم پناہ گزینوں کی امداد کے لیے ادا کی تھی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کی ان کاوشوں میں بے انتہا برکت ڈالے اور ان کو اجرعظیم سے نوازے۔آمین

(رپورٹ: ڈاکٹر عطاءالرحمٰن۔ صدر احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button