افریقہ (رپورٹس)

جلسہ سیرت النبیﷺ۔ جامعۃ المبشرین گھانا

(فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گھانا)

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے جامعۃ المبشرین گھانا کو مورخہ 4؍اپریل 2021ء کو جلسہ سیرت النبیﷺ کروانے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

اس جلسہ کی صدارت مولوی مبشر احمد اقبال صاحب استاذ جامعۃ المبشرین گھانا نے کی۔ اس جلسہ کے پروگرام کی تفصیل حسبِ ذیل ہے:

نائیجر سے تعلق رکھنے والے طالب علم عزیزم حسینی جیبو نے تلاوت قرآ ن کریم سے اس بابرکت پروگرام کا آغاز کیا اور عزیزم موسیٰ بلدے نے انگریزی زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ پھر اردو نظم عزیزم یوسف اوسئی اور دیگر ساتھیوں نے مل کر ترنم کے ساتھ پیش کی۔ اس کے بعداردو، عربی اور انگریزی زبانوں میں چار تقاریر ہوئیں۔ پہلی تقریر انگریزی زبان میں عزیزم ابراہیم عبدالملک نے کی جس کا عنوان ’’آنحضرتؐ کی شفقت علیٰ خلق اللہ‘‘ تھا۔ پھر دوسری تقریر اردو زبان میں آنحضورؐ کا پاکیزہ بچپن کے موضوع پر عزیزم عبداللطیف نے کی۔ اور تیسری تقریر عربی زبان میں ’’النبیﷺ کما وصفہ المسیح الموعود‘‘ کے موضوع پر عزیزم نورالدین عبدالرحمٰن نے کی۔ اس کے بعد مدرسۃ الحفظ کے طلباء نے عربی قصیدہ پیش کیا۔ اس پروگرام کی چوتھی اور آخری تقریر مکرم عبدالمجید صاحب استاذ جامعۃ المبشرین نے کی جو کہ انگریزی زبان میں تھی اور اس کا موضوع ’’آنحضرت ؐ کے رؤیا، کشوف اور پیشگوئیاں‘‘ تھا۔ پھر صدر مجلس نے تقریر کی۔ بعد ازاںسیکرٹری مجلس ارشاد نے تمام مقررین اور سامعین کا شکریہ ادا کیا اور اس کے بعد آنحضورؐ کی حیاتِ مبارکہ پر مبنی ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ صدر مجلس نے دعاکروا کر اس پروگرام کا اختتام کروایا۔ پروگرام کے بعد تمام شاملین کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

(رپورٹ: فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button