یورپ (رپورٹس)

سویڈن میں یوم مسیح موعودؑ کی مناسبت سے سہ روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)

جماعت احمدیہ سویڈن کو امسال یوم مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام کے حوالے سے حضور انور ایدہ اللہ کی اجازت کے ساتھ مورخہ 19؍ تا 21؍ مارچ 2021ء کو ایک سہ روزہ پروگرام کے انعقاد کی توفیق ملی۔ حضور انور نے ازراہ شفقت تینوں دن مہمان مقررین کی شمولیت کی بھی اجازت عطا فرمائی۔ الحمد للہ

سہ روزہ پروگراموں کو ترتیب دینے کے لیے مبلغین سلسلہ سویڈن کی دو میٹنگز ہوئیں جن میں تقاریر کے موضوعات اور مختلف پروگراموں کے بارے میں تفصیلی مشورہ ہوا۔

سہ روزہ پروگرام میں مبلغین اور مہمانوں کی تقاریر کے علاوہ نوجوانوں سے مختلف موضوعات پر سویڈش اور انگلش زبان میں Presentations تیار کروائی گئیں۔ اسی طرح چھوٹے بچوں اور بچیوں سے حضرت مسیح موعودؑ کی سیرت کے واقعات، الہامات اور آپؑ کے اشعار ریکارڈ کروائے گئے۔ 20سال کی عمر تک کے خدام سے بھی سیرت حضرت مسیح موعودؑ کی سیرت سے واقعات سویڈش زبان میں تیار کروائے گے۔ اسی طرح تین نوجوانوں کے درمیان ایک گفتگو بعنوان’خدمت دین کو اک فضل الٰہی جانو‘ ان کی ذاتی زندگی کے تجربات کی روشنی میں کروائی گئی۔ پروگرام میں حضور انور ایدہ اللہ کے اپنے الفاظ میں یوم مسیح موعودؑ کے حوالے سے ویڈیو کلپس دکھائے گئے جو کہ تمام شاملین کے ایمانوں میں ترقی کا باعث بنے۔

پروگرام کا دورانیہ روزانہ 2گھنٹے رکھا گیاتھا جس میں تقاریر کے درمیانی وقفہ میں بچے بچیوں اور خدام کے ریکارڈ کیے ہوئے سیرت کے واقعات، الہامات اور اشعار چلائے جاتے رہے جس سے پروگرام میں دیکھنے والوں کی دلچسپی بہت بڑھی۔ اسی طرح ان پروگرامز کو تیار کرنے والے بچے، بچیوں اور نواجوانوں کی تربیت بھی ہوئی۔

پروگرام کا آغاز جمعہ 19؍ مارچ کے روزہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد محترم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت سویڈن نے پروگرام کے انعقاد کے مقصد کو بیان کیا اور پروگرام سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔ پہلے دن کے مہمان مقرر مکرم عبدالغنی جہانگیر صاحب انچارج فرنچ ڈیسک یوکے نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی شجاعت اور غیرت دینی کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور حضرت مسیح موعودؑ کی سیرت سے کئی ایک واقعات پیش کیے۔ دوسرے دن کے پروگرام کے صدر مجلس مکرم آغا یحیٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن تھے۔ دوسرے دن مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ سلسلہ جرمنی مہمان مقرر تھے۔ آپ نے حضر ت مسیح موعودعلیہ السلام کا نصرت الٰہی پر کامل یقین کے عنوان پر سیرت حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی روشنی میں تقریر کی۔ جبکہ تیسرے دن کے مہمان خصوصی و صدر مجلس مکرم عطاء المجیب راشد صاحب امام مسجد فضل لندن تھے۔ آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پاکیزہ صحبت و سیرت کی تاثیرات کے عنوان پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ آپ نے بہت سے واقعات سنائے جن میں صحابہ حضرت مسیح موعود علیہ کے اندر حضرت مسیح موعودؑ کی صحبت میں رہنے سے جو پاک تبدیلیاں پیدا ہوئیں ان کا ذکر تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ سہ روزہ پروگرام سب احباب جماعت نے بہت پسند کیا۔ یوٹیوب پر یہ پروگرام ایم ٹی اے سویڈن کی ٹیم کی مدد سے لائیو نشر کیا گیا۔ بچیوں سے ریکارڈنگ کروانے میں نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اور ان کی ٹیم نے بھرپور تعاون کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے پروگرام بہت کامیاب رہا۔ یوٹیوب کا لنک احباب جماعت سویڈن کو روزانہ بھجوایا جاتا رہا جہاں لائیو پروگرام کو تقریباً تین ہزار لوگوں نے دیکھا۔

پروگرام کے بعد بہت سے احباب نے میسجز اور ٹیلی فون کے ذریعہ اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔ فالحمد للہ علی ذالک۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں احباب جماعت کی تربیت کے لیے اسی طرح مفید پروگرامز کے انعقاد کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے اور ان پروگرامز کے شاملین ان سے بہترین انداز میں استفادہ کرنے والے ہوں۔ آمین۔

(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button