نیشنل عاملہ لجنہ اماء اللہ جرمنی کی امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے (آن لائن) ملاقات
خدائے ذوالجلال کے بیش بہا فضلوں سےسالہا سال سے جماعت احمدیہ جرمنی کی یہ خوش بختی رہی ہے کہ براہ راست خلافت کی برکتیں اور صحبتیں میسر آتی رہی ہیں اور متعدد بار سال میں دو مرتبہ حضرت خلیفۃالمسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جرمنی آمد پر برکتوں سےفیضیاب ہونے کا شرف حاصل کرنے کی ایک عادت سی پڑ گئی ہے۔ 2020ء میں پورا سال بیت گیا، نگاہیں حضرت خلیفۃالمسیح کی تشریف آوری کی منتظر ہی رہیں۔ اور حالات کی وجہ سے کوئی راہ دکھائی نہیں دیتی تھی۔ اس لیے آن لائن ملاقات کی نوید ملتے ہی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھاکہ پیارے آقا نے غیرمعمولی حالات میں اس تاریخی ملاقات کا موقع عطا فر مایا ہے۔
خدا تعالیٰ کے فضل سے 27؍مارچ 2021ء کا دن لجنہ اماء اللہ جرمنی کی تاریخ میں خوشیوں کا پیغامبر بن کر طلوع ہوا۔ اس دن مجلس عاملہ لجنہ اماء اللہ جرمنی کو اپنے محبوب امام سیدنا حضرت خلیفۃالمسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے Virtual ملاقات کا شرف نصیب ہوا۔ الحمدللہ
جب مکرمہ صدر صاحبہ نے آن لائن ملاقات کی خوش خبری سنائی تو دل اپنی خوش نصیبی پہ نازاں اور زبانیں تشکر خداوندی کے جذبات سے لبریز تھیں۔ صدر صاحبہ نے خصوصی دُعاؤں، نوافل اور صدقات کی تلقین کی۔ انتظار کی گھڑیاں طویل ہوتی گئیں، دُعاؤں کی توفیق ملتی رہی، دوسری جانب ذمہ داری کا بھی احساس تھا، ڈر اور خدشات بھی تھے کہ کہیں ایسا نہ ہوجائے کہیں ویسا نہ ہو جائے۔ لیکن دُعائیں، تسبیحا ت، درود شریف اور استغفار کرتے ہوئے آخر کار وہ مبارک ساعت قریب آگئی۔
اس تاریخی ملاقات کے لیے جماعت کے مرکزی دفاتر بیت السبوح فرینکفرٹ میں دوپہر ایک بجے کا وقت مقرر تھا، عاملہ ممبرات کو صبح دس بجے کورونا کے حفاظتی اقدامات کے ساتھ بُلوایا گیا تھا اور متفرق راستوں سے ہال میں داخل ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔ ایم ٹی اے جرمنی کی ٹیم سے ہدایات اور رہنمائی حاصل کرنے کے بعد گیارہ بجے ڈائریکٹر پروڈکشن ایم ٹی اےانٹرنیشنل مکرم منیر عودہ صاحب کی ٹیم کے ساتھ لائیو ٹرانسمیشن کی rehearsalکی گئی۔ بعد ازاں ایک گھنٹے کے وقفہ کے بعد کل 27 میں سے 26 عاملہ ممبرات ہال میں آکر اپنی اپنی نشستوں پر تشریف فرما ہوئیں۔
آگیا خدا کے فضل سےدن گنا کرتے تھے جس دن کے لیے
الحمدللہ۔ دوپہر ایک بج کر پندرہ منٹ پہ جونہی ٹی وی سکرین پہ پیارے آقا کا ازلی مسکراہٹ سے مزیّن نورانی چہرہ نمودار ہوا آپ نے سلامتی کی دُعا کے تحفہ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبر کاتہ سے نوازا۔ عاملہ ممبرات نے کھڑے ہوکر بآواز بلند وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و بر کاتہ عرض کیا۔ حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے پرشفقت جواب دیتے ہوئے سب کو بیٹھ جانے کا ارشاد فرمایا اور دُعا کروانے کے بعد مکرمہ صدر صاحبہ سے استفسار فرمایا کہ کیا پروگرام ہے،جس پر صدر صاحبہ نے بتایا کہ تمام عاملہ ممبرات حاضر ہیں سوائے جنرل سیکرٹری صاحبہ کے، جن کو اچانک قرنطینہ میں جانا پڑا ہے۔ حضور انور نے اللہ فضل فر مائے کی دُعا کے بعد ایجنڈا کی بابت دریافت کر تے ہوئے صدر صاحبہ کی دائیں طرف بیٹھی ہوئی نائب صدر و اعزازی ممبر کے تعارف کے بعد بائیں جانب نائب صدر و سیکرٹری تبلیغ سے گفتگو کا آغاز فرمایا اور پھر فرداً فرداً حاضر سیکرٹریات کے تعارف کے ساتھ ساتھ اُن کے شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا، دانائی و حکمت کے موتیوں میں پروئی بصیرت افروز ہدایات اور نصائح فرمائیں۔ سیّدنا حضرت امیرالمومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے شعبہ تبلیغ کو زیرِ تبلیغ خواتین کی تعداد کو بڑھانے کی ہدایت کی اور خدمت خلق کے شعبہ میں افریقہ میں کوئی اہم پروجیکٹ شروع کرنے کی جانب توجہ مبذول کر وائی۔ شعبہ تربیت برائےنومبائعات کو بہنوں کو نظام میں integrateکرنے، مضبوط روابط رکھنے اور اُن کے لئے شعبہ تربیت کےساتھ مل کر پروگرامز ترتیب دینے کا ارشاد فرمایا۔ شعبہ تربیت کی رہنمائی فرمائی کہ لجنہ ممبرات کو متفرق Categoriesمیں تقسیم کرنےکی ضرورت ہے اور ہر ایک کے لیول کے مطابق پروگرامز بنائے جائیں۔ شعبہ ناصرات میں بچیوں سے ذاتی روابط رکھنے اوران کی اس رنگ میں تربیت کرنے کی نصیحت فرمائی کہ وہ بڑی ہوکر جماعت کا فعال حصہ بنیں۔ تحریک جدید، وقف جدید اور سو مساجد کی وصولیوں پر اظہار خوشنودی فرمایا۔ رشتہ ناطہ کے سلسلہ میں بھی حضورِ اقدس ایّد ہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز نے رہنمائی فرمائی کہ بچیوں اور ان کی ماؤں کی counselling کی جائے کہ اگر کوئی نیک شریف لڑکا ہے تو ایسے رشتہ پر غور کرنا چاہیے اور صرف پڑھائی کے معیار پر نظر نہ ہو۔ سیکر ٹری شعبہ امور طالبات سے فرما یا کہ بچیوں کو میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کی اہمیت کی طرف بھی توجہ دلائیں۔ شعبہ ضیافت میں کھانے کا مینیو دریافت فرماتے ہوئے پیارے آقا نے ازراہ شفقت اپنے حصہ کے گلاب جامن ہم ناچیز خادمات کو کھانے کا ارشاد فرمایا تو دل میں خوشی کی لہر اُٹھی، لیکن دوسرے لمحے ہی حضور انور ایدہ اللہ کا یہ جملہ کہ ’’میں تو وہاں ہوں نہیں‘‘ دلوں کو بے انتہا اُداس کر گیا۔ خدا کرے کہ کورونا کی عالمگیر وبا سے دُنیا کو جلد نجات ملے۔ اور ہمیں اپنے محبوب امام ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے بالمشافہ ملاقات کی توفیق ملے۔ آمین
پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا یہ پیار اور بے پناہ شفقت تھی کہ اپنے قیمتی وقت میں سے ایک گھنٹہ سے زائد وقت ہم ناچیز بندیوں کو عنایت فرمایا جو سب کے لیے خوشی، اطمینان اور انبساط کا موجب تھا۔ اور سب نے خلافت کی انمول برکتوں، بے پناہ شفقتوں سے جھولیاں بھریں اور خزانے لوٹے اور ایک لمحے کو بھی یہ گمان نہیں ہوا کہ حضور انور ہم سے کوسوں دُوری کے فاصلہ پر ہیں، بلکہ یوں ہی محسوس ہورہا تھا کہ پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ہمارے درمیان رونق افروز ہیں۔ الحمد للہ۔
ایک گھنٹے کی نشست پلک جھپکتے گذر گئی اور خواب کی سی کیفیت تھی۔ عاملہ ممبرات کی کیفیات بھی دیدنی تھیں۔ کچھ آنکھوں سے بہتے پانیوں سے عیاں تھیں اور کچھ مسکراہٹوں سے ظاہر تھیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق عطا فرمائے کہ ہم پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منشا کے مطابق اپنی ذمہ داریاں احسن رنگ میں ادا کرنے والی ہوں اور خلیفہ وقت کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں برکات خلافت سے فیضیاب ہونے کے مواقع آئندہ بھی عطا فرماتا رہے اور ہمیں نسلاً بعد نسلً خلافت سے وابستہ رکھے۔ آمین
اس بابرکت ملاقات کے آخر میں چند عاملہ ممبرات نے حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اپنے سوالات کے جوابات پانے کا شرف بھی حاصل کیا۔ یہ آن لائن ملاقات تقریباً 65 منٹ تک جاری رہی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
نیشنل مجلس عاملہ کے تاثرات
امۃ الجمیل غزالہ (نائب صدر و نیشنل سیکر ٹری تعلیم): ملاقات سے قبل خشیت الٰہی، ڈر، خوف اور خوشی کے جذبات تھے، کثرت سے تسبیح و تحمید، درود شریف اور استغفار کرتی رہی۔ کل بہت ڈر اور خوف تھا لیکن آج کی ملاقات میں پیارے آقا نے ہلکے پھلکے اور مشفقانہ انداز اور نرم لہجے میں ہماری رہنمائی فرمائی کہ سارا ڈر اور خوف جاتا رہا۔ یوں لگ رہا تھا کہ ایک سحر ہے جس میں ہم جکڑے ہوئے ہیں۔ خدا کرے کہ ہم پیارے آقا کی منشا کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کر نے والی ہوں۔ آمین
امۃ الشکور صاحبہ(معاونہ صدر برائے واقفات نو): ملاقات سے قبل خوشی اور تشکر کے جذبات تھے کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ یہ سعادت نصیب ہورہی ہے اور دعا تھی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے لیے ہر لحاظ سے کامیاب اور بابرکت کرے۔ آمین۔ الحمد للہ! آج سیدنا حضرت امیر المومنین کے ساتھ بہت اچھے طریق سے آن لائن میٹنگ منعقد ہوئی، حالانکہ دل میں ڈر اور خوف کی کیفیت تھی کہ کیسے ہم بتائیں گے۔ مجھ سے بھی جو پوچھا، اچھے طریق سے بیان کرنے کی توفیق ملی۔ حضور انور کا اتنا پیارا انداز تھا، بتانے کا، سمجھانے کا، اُس سے مزہ بھی آیا اور بہت سکون ہوا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں حضور انور کی ہدایات پر عمل کرنے کی توفیق عطا کرے۔ آمین
امۃ الشافی خان (نیشنل سیکرٹری صحت جسمانی): الحمدللہ! خدا تعالیٰ کی شکر گزار ہوں کہ ہمیں یہ سعادت نصیب ہوئی ہے۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ موجودہ حالات میں ہمیں حضور انور کو براہ راست دیکھنے اور بات چیت کرنے کی توفیق ملی ہے۔
صائمہ تبسم(نیشنل سیکر ٹری تحریک جدید و وقف جدید): اس مشکل وقت میں جبکہ ہر طرف دنیا کے حالات کورونا کی وجہ سے بہت ناساز ہیں، ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہمیں خلافت کی نعمت میسر ہے اور ہمیں حضور انور سے رہ نمائی کے لیے آن لائن ملاقات کی توفیق ملی۔ الحمد للہ
شمیم مستقیم صاحبہ(معاونہ صدر برائے وصایا): الحمد للہ! جان سے عزیز پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ آن لائن ملاقات کی نوید ملی۔ نوافل اور صدقات کی طرف بھی توجہ ہوئی۔ آخر کار خدا کے فضل سے وہ دن آگیا کہ خلیفہ وقت سے رو برو ملاقات کی توفیق ملی۔ الحمدللہ! ایک لمبے انتظار کے بعد خدا نے یہ دن دکھایا تو دل کی کیفیات اور ہی تھیں ایک ایک لمحہ بھاری تھا اور پھر اچانک وہ لمحہ آگیا جب حضور ہمارے درمیان رونق افروز ہوئے، تمام تفکرات جاتے رہے، سب چہرے کھل اُٹھے اور دل تسکین پاگئے۔ حضور روحانی مائدہ بانٹتے رہے اور ہم نے خوب جھولیاں بھریں۔
ہما نور الہدیٰ خان شاہ(نیشنل سیکرٹری صنعت و دستکاری): الحمد للہ! ملاقات سے قبل خوشی کے جذبات تھے کہ خاکسار کی خوش نصیبی ہے کہ یہ مبارک ساعتیں نصیب ہو رہی ہیں ۔ اور آج الحمدللہ! الحمد للہ محض خداتعالیٰ کے فضل و کرم سے اتنے پیارے لمحات نصیب ہوئے۔ پیارے حضور کے ساتھ بیٹھنے کا موقع ملا اور پیارے حضور کی شفقت اور مسکراہٹ کو دیکھنا اور پیار سے سوال پوچھنا بہت ہی اچھا رہا۔ الحمد للہ۔ جیسے ہی ٹی وی آن ہوا، دل دھڑک دھڑک کر باہر کو آرہا تھا۔
خدا سے دُعا کرتے ہوئے استغفار، لا حول اور درود شریف پڑھتے ہو ئے خدائی مدد سے وہاں آرام سے بیٹھنا ممکن ہوا اور پیارے حضور کے شفقت بھرے الفاظ تھے۔ الحمدللہ! دل بہت خوش ہے اور الفاظ ہی نہیں ہیں کہ کیسے بیان کیا جائے کہ کس طرح خلافت کی شفقت حا صل ہوئی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی رضا کی راہوں پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور خلیفہ وقت کی آنکھوں کی ٹھنڈک بننے کا موجب بنائے اور خلیفہ وقت کی خوشنودی ہمیں حاصل ہو۔ آمین
فضیلت سلطانہ (معاونہ صدر برائے سو مساجد سکیم): پہلی مر تبہ ایسا ہوا کہ ایک سال تین ماہ اور تین دن کا عرصہ گزر گیا اور اِس دوران ملاقات نہیں ہوئی۔ اِس محرومی نے پاکستان میں بسنے والے احمدیوں کی تکلیف کے احساس سے رنجیدہ کر دیا۔ خدا کرے کہ اُنہیں بھی جلد یہ مبارک ساعتیں نصیب ہوں۔ آمین
آج میرا دل بہت پر سکون اور خوش ہے کیونکہ آج مجھے اپنے پیارے آقا سے virtual ملاقات کی توفیق ملی۔ گزشتہ کئی ہفتوں سے This week with Huzur دیکھ کر رشک آتا تھا کہ کتنے خوش نصیب ہیں ،یہ سب جو حضور انور کی شفقتیں سمیٹ رہے ہیں، الحمد للہ آج ہم بھی ان خوش نصیبوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔ حضور اقدس ایّدہ اللہ تعالیٰ کے شفیق انداز اور محبت کو میں کبھی بھی الفاظ میں بیان نہیں کرسکوں گی۔ حضور انور نے فر مایا کہ اگر ہم جوبلی تک اپنا مساجد کا منصو بہ مکمل کر لیں تو یہی بہت بڑا کارنامہ ہے۔ دعا ہے کہ ہم یہ’’کارنامہ‘‘ سر انجام دینے والے بنیں۔ آمین
ایک اور بات بھی خاکسار عرض کرنا چاہتی ہے کہ مجھے گلاب جامن کھانے کا کبھی اتنا لطف نہیں آیا، آج مجھے ایک ایک دانہ کھاتے ہوئے ایسا محسو س ہو رہا تھا کہ یہ حضور انور کی طرف سے ہیں۔ جب آپ نے فر مایا کہ ’’آپ لوگ کھائیں، میری طرف سے بھی کھائیں،میں تو وہاں ہوں نہیں ۔‘‘ یہ ایک جملہ میرے دل میں اتر گیا۔ اس اظہار شفقت پہ، آپ کی محبتوں پہ دنیا کی ہر نعمت قربان ہے۔
امۃ الکافی (قائم مقام ریجنل صدر فرینکفرٹ): خاکسار ابھی تک بے یقینی کی کیفیت میں ہے، ہم بہت خوش نصیب ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی نگاہ ہم پہ پڑی ہے۔ یقین نہیں آرہا۔ لگتا ہے خواب دیکھا ہے۔ الفاظ ہی نہیں میرے پاس۔ اللہ تعالیٰ ہمیں خلیفہ وقت کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے۔ آمین
روبینہ احمد (معاونہ صدر برائے رشتہ ناطہ): الحمد للہ! الحمدللہ! الحمدللہ! اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر بجالائیں کم ہے کہ آج اللہ کے فضل سے حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ سے ہماری نیشنل عاملہ کی آن لائن ملاقات تھی اور اللہ کے فضل سے اتنی اچھی ہوئی۔ اللہ کا شکر و احسان ہے کہ ہم نے اپنے پیارے آقا کو براہ راست دیکھا اور باتیں کیں وہ اتنا پیارا ماحول تھا اور اُس قت جب ہم وہاں بیٹھے ہوئے تھے، ایسے لگ رہا تھا کہ فر شتے سایہ کیے ہوئے ہیں اور دلوں پہ اُس چیز کا ایک رعب طاری تھا۔
پیارے حضور نے ہمیں پیاری پیاری نصائح مختلف شعبہ جات کے حوالہ سے فرمائیں۔ حضور انور نے وہاں موجود ہر عاملہ ممبر سے خوشگوار ماحول اور پیارے انداز میں بات کی۔ حضور کی بہت شفقت تھی۔ اللہ تعالیٰ کا بہت شکر ادا کر تی ہوں کہ خاکسار کو موقع ملا اور میں شامل تھی۔
وسیمہ ہانی (اسسٹنٹ جنرل سیکر ٹری): بہت بڑی خوش قسمتی ہے کہ موجودہ حالات میں حضور انور سے سلام کا بھی موقع مل جائے، دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حضور اقدس کی منشاء کے مطابق خدمات دینیہ بجالانے کی توفیق عطا کرے۔ آمین
خاکسار کا بطور عاملہ ممبر ملاقات کا پہلا موقع تھا۔ میں بہت ڈری ہوئی اور خوفزدہ تھی کہ معلو م نہیں پیارے حضور کیا سوال کرلیں۔ لیکن توقعات کے بالکل بر خلاف پیارے آقا نے شفیق باپ سے بھی بڑھ کر شفقت دی اور رہ نمائی فرمائی۔ یہ میری بہت بڑی خوش نصیبی ہے۔ الحمد للہ۔ اور اس ملاقات کی کیفیت ایسی ہے کہ خواب لگ رہا ہے۔
مریم غفار (نیشنل سیکر ٹری تربیت): ملاقات سے قبل کے لمحات بہت جذباتی تھے، اللہ تعالیٰ کی بہت شکر گزار ہوں کہ حضورانور کو ایک طویل عرصہ کے بعد براہ راست دیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔
الحمدللہ الحمدللہ! ہماری ملاقات بہت اچھی رہی۔ پیارے آقا نے انتہائی پُر شفقت انداز میں ہم سے بات چیت کی۔ اب ہم نے پوری کوشش کرنی ہے کہ ہم حضورِ اقدس کی بابرکت ہدایات پر عمل کریں۔ ان شاء اللہ تعالیٰ
زوباریہ احمد (نیشنل سیکرٹری تبلیغ): ملاقا ت سے قبل دل مسلسل استغفار کر رہا تھا اور لبوں پہ دُعائیں جاری تھیں کہ اے خدا ہم عاجز بندیوں کو اُن راہوں پر قدم مارنے کی توفیق عطا فرما جو اللہ تعالیٰ کی رضا اور اُس کے پیارے خلیفہ کی خوشنودی کی طرف لے جائیں۔ آمین
پیارے آقا کا چہرہ مُبارک جیسے ہی ٹی وی سکرین پر آنکھوں کو دیکھنا نصیب ہوا تو دل کی کیفیت بیان سے باہر تھی۔ خاکسار کی جیسے ہی باری آئی ساری تیاری بھول گئی۔ صرف یہی رعب غالب تھا کہ خلیفہ وقت کے سامنے حاضری ہے۔ خاکسار کے دل میں خیال تھا کہ داعیات الی اللہ کی تعداد بڑھانے کے سلسلہ میں رہنمائی حاصل کروں گی۔ لیکن جب پیارے حضور کے سامنےپیش ہونے کا موقع آیا تو ساری پلاننگ بھول گئی اور پیارے آقا نے بغیر خاکسار کے عرض کیے تبلیغی میدان میں کوشش کرنے والی ممبرات کی تعداد کے بارے میں خود استفسار فرما لیا۔ خاکسار اس خوبصورت واقعہ کو کبھی نہیں بھول پائے گی کہ جس بات کے بارے میں خود اظہار کرنے کی جرأت نہیں کر پائی، حضورِ انور نے خود ارشاد فرما کر ہم عاجزوں کو ایک نیا ولولہ عطا فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ توفیق عطا فرمائے۔ آمین!
عطیہ نور احمد ہیوبش (صدر لجنہ اماء اللہ جر منی): الحمدللہ ثم الحمد للہ! اللہ تعالیٰ کا بہت فضل واحسان ہے کہ ہم عاجز بندیوں کو یہ مبارک لمحات نصیب ہوئے کہ پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز نے ہمیں virtual ملاقات کا شرف عطا فرمایا۔ جب یہ خبر موصول ہوئی کہ حضورِ اقدس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت ہمیں ملاقات کی منظوری عطا فرمائی ہے تو دل اللہ تعالیٰ کی حمدو ثنا اور بے انتہا خوشی کے جذبات سے بھر گیا۔ لیکن ساتھ ہی بہت زیادہ استغفار کرنے کی طرف بھی توجہ ہوئی کہ ہم اپنی حقیر مساعی کے ساتھ پیارے آقا کی خدمت میں کیسے حاضر ہوں گی۔ دُعاؤں، نوافل اور صدقات کی طرف جملہ عاملہ ممبرات کو بھی توجہ دلائی اور ہم سب دُعاؤں میں لگ گئے کہ اللہ تعالیٰ ہماری پردہ پوشی فرمائے اور اپنی ذمہ داریاں احسن رنگ میں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
جوں جوں ملاقات کا دن قریب آرہا تھا، دل میں خوشی اور خوف کے جذبات بڑھتے جا رہے تھے۔ آخر آج اللہ تعالیٰ کے فضل سے وہ بابرکت لمحات نصیب ہوئے کہ پیارے حضور کے دیدار کا موقع ملا۔ حضورِ اقدس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی بے انتہا شفقتیں نصیب ہوئیں۔ تمام عاملہ ممبرات کو اپنے پیارے آقا سے براہ راست بات کرنے، قیمتی نصائح اور رہ نمائی حاصل کرنے کا موقع ملا۔ الحمد للہ۔ حضورِ اقدس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے انتہائی پیار اور شفقت سے سب کی گھبراہٹ دور کر دی اور زرّیں ہدایات عطا فرمائیں۔ ہم سب حضورِ اقدس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دل سے مشکور و ممنون ہیں کہ پیارے آقا نے ہمیں ازراہ شفقت اپنے قیمتی وقت میں سے اتنا وقت عطا فرمایا اور قیمتی و بابرکت ہدایات سے نوازا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے سب میں ایک نیا جوش و جذبہ بیدار ہوا ہے کہ ہم نے پوری کوشش اور محنت کے ساتھ اپنے پیارے آقا کی توقعات کو پورا کرنے کی سعی کرنی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں ہمیشہ بر کات خلافت سے فیضیاب ہونے کےمواقع عطا فرماتا رہے۔ آمین