خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(05؍اپریل ۔08:00 GMT)
کل مریض: 131,955,529
صحت یاب ہونے والے: 106,273,260
وفات یافتگان: 2,867,019
٭…یو این اٹامک واچ ڈاگ میں روسی مندوب میخائل الیانوف کا کہنا ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونےوالا ورچوئل اجلاس مثبت رہا۔ تاحال بات چیت درست سمت میں گامزن ہے لیکن آئندہ چل کر مزید کوششیں کرنا ہوں گی۔ جبکہ ایرانی وزارت خارجہ نے آئندہ اجلاس 6؍ اپریل کو ویانا میں منعقد ہونے کا اعلان کیا ہے۔
٭…سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے تعلقات معمول پر لانے کا فائدہ مشرق وسطیٰ کو ہوگا۔ تعلقات میں بہتری کا انحصار فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے میں پیش رفت پر ہے۔
٭…ترجمان ایرانی وزارت خارجہ سعید خطیب زادے نے امریکہ کی مرحلہ وار پابندیاں اٹھائے جانے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران امریکہ کی جانب سے عائد تمام پابندیوں کا خاتمہ چاہتا ہے۔ ان کا کہنا ہے متعدد بار واضح کیا جاچکا ہے کہ امریکی پابندیوں کے مرحلہ وار اٹھائے جانے کی کسی تجویز پر غور نہیں کیا جارہا۔ ایرانی حتمی پالیسی ہے کہ تمام امریکی پابندیاں اٹھائی جائیں۔ چاہے وہ ٹرمپ کی جانب سے عائد کی گئی ہوں یا نئی ہوں۔
٭…ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ تہران نے اب تک جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے امریکہ کی طرف سے ’کوئی سنجیدہ کوششیں‘ نہیں دیکھیں۔ ان کا یہ بیان ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا جن میں کہا گیا تھاکہ بائیڈن انتظامیہ نے 2015ء کے تاریخی جوہری معاہدے پر ڈیڈلاک کو ختم کرنے کے لیے نئی پیشکش کی ہے۔ کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں حسن روحانی نے کہا کہ 2018ء میں امریکہ کے جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سخت پابندیاں عائد کی گئیں لیکن ’بائیڈن انتظامیہ اپنے دعووں کو عملی جامہ نہ پہنا سکی‘۔
٭…میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی ان کی کابینہ کے تین وزرا اور ایک آسٹریلوی مشیر پر سرکاری رازوں کے قانون کی خلاف ورزی کا نیا الزام عائد کیا گیا ہے۔ الزام ثابت ہونے کی صورت میں ان افراد کو چودہ سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب ملک میں عوام کا فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج جاری ہے جبکہ فوج نے ملک میں وائرلیس انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی ہے۔ مظاہرین نے فوج کے بنائے آئین کی دستاویزات کو آگ لگا دی۔
٭…سعودی حکام نے مسجد الحرام سے دہشت گرد تنظیم کے حق میں نعرے لگانے والے چھری بردار شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ مکہ پولیس کے ترجمان کے مطابق مذکورہ شخص کو مسجد کی پہلی منزل پر عصر کی نماز کے بعد چھری لہراتے اور نعرے لگاتے ہوئے دیکھا گیا تھا جسے موقع پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر گرفتار کرلیا۔دونوں مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا تھا کہ نسل پرستی یا انتہا پسندی پر مبنی اظہار رائے اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ شخص نے ’مسجد کا بھی احترام نہیں کیا، اللہ نے مسجد الحرام کو عبادت گاہ بنایا جس میں نماز، طواف اور حج ہوتا ہے ‘۔
٭…کانگرسینل ریسرچ سروس (سی آر ایس) کی تیار کردہ رپورٹ میں یہ استدلال پیش کیا گیا کہ بیرونی طاقتوں کی مداخلت کے باعث افغانستان کے علاقائی حالات متاثر رہیں گے۔ اس میں مزید کہا گیا کہ اس سلسلے میں سب سے اہم پڑوسی ملک پاکستان ہے جس نے کئی دہائیوں سے افغان معاملات میں فعال کردار ادا کیا۔ بعض معاملات میں پاکستان کا منفی کردار بھی رہا۔اس رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارت کی ’افغانستان میں سفارتی اور تجارتی موجودگی اور امریکی حمایت کے باعث پاکستانیوں کو گھیراؤ کا خوف ہے اور پاکستان کی سیکیورٹی سروسز افغان باغی گروپوں خاص طور پر حقانی نیٹ ورک سے تعلقات برقرار رکھتی ہیں۔
٭…اردن میں بادشاہ عبدللہ پر ان کے سوتیلے بھائی اور سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ بن حسین نے کرپشن، نااہل ہونے اور لوگوں کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔ رپورٹس کے مطابق شہزادہ حمزہ کی جانب سے قبائل سے ملاقات کرنے کے بعد کریک ڈاؤن شروع کیا گیا۔ سابق وزیر مالیات بھی گرفتار افراد میں شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے شہزادہ حمزہ کو گرفتار کرنے کی تردید کی گئی ہے۔
٭… پاکستان کے صوبہ پختونخوا کے ضلع سوات میں اتوار 4؍ اپریل کی شام چھ سے سات بجے کے درمیان موٹر وے پر ضلع صوابی کی حدود میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج آفتاب آفریدی کو ان کی اہلیہ اور خاندان کے دو افراد سمیت نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ حملے میں گاڑی میں موجود جج آفتاب ان کی اہلیہ، ایک اَور خاتون اور بچی سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ دو افراد زخمی ہوئے جن میں گن مین اور ڈرائیور شامل ہیں۔آفتاب اپنے اہلِ خانہ سمیت اسلام آباد سے سوات جا رہے تھے۔
٭…عرب اتحاد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بحیرہ احمر میں حوثی باغیوں کی دھماکا خیز مواد سے لدی کشتی کو تباہ کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے بحیرہ احمر کے جنوبی علاقے میں دھماکہ خیز مواد سے بھری ریموٹ کنٹرول کشتی کے ذریعے حملے کی کوشش کی گئی تھی جسے اتحادی فورسز کے سمندری یونٹ نے ناکام بنادیا۔
٭…سعودی عرب کی حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین ایک سال بعد دوبارہ شروع کردی گئی۔ حرمین ٹرین مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سٹیشن سے ہوتی ہوئی کنگ عبداللہ اکنامک سٹی رابغ سے گزرے گی۔ حرمین ٹرین کو کورونا وائرس اور جدہ ریلوے اسٹیشن پر آتشزدگی کے باعث معطل کردیا گیا تھا۔
٭…کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال کے پیش نظر رمضان المبارک میں 15 سال سے کم عمر بچوں کو مسجد نبوی میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انتظامیہ کے مطابق تراویح کی نماز کا وقت بھی معمول سے نصف کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق نماز کے 30 منٹ بعد مسجد نبوی کے دروازے بند کر دیے جائیں گے۔
٭…افغان صوبہ ہلمند میں قندھار کو ملانے والی شاہراہ پر واقع چہار گُل کے علاقے میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے پانچ شہری ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب صوبہ ہرات میں بھی مسلح افراد کی جانب سے دستی بم کے حملہ میں7 افراد زخمی ہوگئے۔
٭…تائیوان کے مشرقی شہر حوالیئن میں بے قابو ٹرک سے ٹکرانے کے بعد مسافر ٹرین ٹنل کے اندر پٹڑی سے اتر کر خوف ناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 48 افراد ہلاک اور 66 زخمی ہوگئے۔ ٹرین میں سیاحوں کی بڑی تعداد سمیت 500 افراد سوار تھے۔ اسے تائیوان کی تاریخ کے بدترین حادثوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
٭…ویسٹ افریقہ کے ملک مالی کے علاقے اگولہوک میں شدت پسندوں کے یواین امن مشن کے کیمپ پر حملے میں مشن کے 19 اہلکار زخمی جبکہ چاڈ سے تعلق رکھنے والے 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس نے مالی میں حملےکی شدید مذمت کی ہے۔
٭… ہسپانوی حکومت نے خانہ جنگی اور آمریت کے دور میں ہلاک ہونے والے 33 ہزار افراد کی باقیات کو شناخت کرنے کے لیے 7 لاکھ 75 ہزار امریکی ڈالرز کی خطیر رقم مختص کردی۔ رپورٹس کے مطابق سپین میں 1936ء سے 1939ء کے درمیان ہونے والی خانہ جنگی کے دوران ہزاروں افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس شناختی مہم کے دوران ہزاروں افراد کی قبروں کی کھدائی کی جائے گی۔
٭… ہیکرز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے پچاس کروڑ صارفین کے ذاتی کوائف کو ہیک کرنے کے بعد انٹرنیٹ پر ڈال دیے۔ ان کوائف میں صارفین کے فون نمبرز، نام، گھروں کے پتے، ای میل ایڈریسز اور دیگر ذاتی معلومات شامل ہیں۔ سیکورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ معلومات آن لائن جرائم کے لیے استعمال کی جاسکتی ہیں۔ فیس بک کے ترجمان نے اس بارے میں کہا ہے کہ انٹرنیٹ پر ڈالا گیا ڈیٹا پرانا ہے جس کی اطلاع 2019ء میں دی گئی تھی نیز یہ کہ اس مسئلے کو اگست 2019ء میں حل کرلیا گیا تھا۔
٭…روسی عدالت نے ممنوعہ مواد ڈیلیٹ کرنے میں ناکامی پر سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر 42 ہزار ڈالرز جرمانہ عائد کردیا۔ گذشتہ ماہ غیر قانونی مواد نہ ہٹانے کے الزام میں روسی انتظامیہ نے ٹوئٹر کی رفتار سست کردی تھی۔ ٹوئٹر نے اس بارے میں بیان دینے سے گریز کیا ہے۔ اس سے قبل ٹوئٹر کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر انتظامیہ روسی اقدامات پر آزادیٔ اظہار رائے پر پڑنے والے اثرات پر تشویش کا شکارہے۔ نیز یہ کہ ٹوئٹر اپنے پلیٹ فارم پر ممنوعہ مواد کی پروموشن کی اجازت نہیں دیتا۔
٭…عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر جاری لاک ڈاؤن میں نرمی کے سبب برطانوی شہریوں کو 17؍مئی سے تعطیلات بیرون ملک منانے جانے کی اجازت ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ برطانیہ میں کورونا وائرس سے اموات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ دوسری جانب صرف آئندہ جمعے سے صرف برطانوی اورآئرش شہریت رکھنے والوں کو برطانیہ میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی جبکہ برطانیہ میں رہائشی حقوق رکھنے والوں کو بھی برطانیہ میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
٭…برطانوی حکومت نے پاکستان سمیت 4 ممالک فلپائن، کینیا اور بنگلہ دیش کو ریڈ لسٹ میں شامل کردیا ہے۔ برطانوی حکومت کی ریڈ لسٹ میں اس وقت 40 کے قریب ممالک شامل ہیں جن پر 9؍اپریل سے سفری پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
٭…برطانوی میڈیسن اور ہیلتھ کیئرپراڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی نے کہا ہے کہ ایسٹرازینیکا کورونا ویکسین لگوانے سے خون میں کلاٹ بننے سے 7؍ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جبکہ 30 افراد میں یہ علامات ظاہر ہوئی تھیں۔خیال رہے کہ برطانیہ میں ایسٹرازینیکا کورونا ویکسین کی 18.1 ملین خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔ متعدد یورپی ممالک ایسٹرازینیکا کورونا ویکسین کے استعمال کو عارضی طور پر روک چکے ہیں۔ جبکہ یورپین میڈیسن ایجنسی اس ویکسین کے استعمال سے متعلق نئی ایڈوائزی 7؍ اپریل کو جاری کرے گی۔
٭…پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 17 رنز سے ہرا دیا۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے جبکہ پاکستانی ٹیم 324 پر آؤٹ ہو گئی۔حیرت انگیز طور پر فخر زمان کے 155 بالز پر کیے جانے والے شاندار 193 سکور بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 7؍ اپریل کو کھیلا جائے گا۔
٭…کھیلوں کے جوتے بنانے والی معروف کمپنی نائیک نے اپنا لوگو اور ڈیزائن کاپی کرنے والے متنازع کمپنی کے خلاف مقدمہ جیت لیا اور نیویارک کی فیڈرل کورٹ نے متنازع جوتوں کی فروخت پرعارضی پابندی کا حکم دے دیا۔ کمپنی پر مقدمہ دائر کرتے ہوئے نائیک نے یہ موقف اپنایا کہ نیو یارک کی اس کمپنی نے نائیک کے ٹریڈ مارک کو اپنے جوتے پر استعمال کیا ہے۔
٭…47 سالہ بھارتی کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کورونا ٹیسٹ مثبت آنے اور گھر میں قرنطینہ رہنے کے ابتدائی چھ روز بعد طبی مشورے سے احتیاطی طور پر ہسپتال داخل ہو گئے۔ سچن ٹنڈولکر حال ہی میں ایک پروموشنل ایونٹ میں انڈیا لیجنڈز ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے میدان میں اترے تھے، روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز کے نام سے یہ ایونٹ ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور میں ہوا تھا۔روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز میں یوسف پٹھان اور عرفان پٹھان نے بھی شرکت کی تھی اور ان کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے۔