ایڈیٹر کے نام خطوط
مکرم و محترم ایڈیٹر صاحب الفضل انٹرنیشنل لندن
السلام و علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہٗ
الفضل انٹرنیشنل کا شمارہ مورخہ 5؍مارچ 2021ء نظر سے گزرا۔اس میں ایک خط محترم سعید انور صاحب بریڈفورڈ کا شائع کیا گیا۔اس خط میں مکرم سعید انور صاحب فرماتے ہیں کہ2004ءکے سفر کے دوران میں اُن کو استنبول میں ایک دن اور ایک رات رکنا پڑا اور انہیں مختلف مقامات کی زیارت کی توفیق ملی اور انہیں حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ کے مزارِ مبارک پر دعا کی بھی توفیق ملی ۔معلوم ہوتا ہے کہ مکرم سعید انور صاحب کو غلط فہمی ہوئی ہے کیونکہ حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا مزارمبارک استنبول میں نہیں ہے۔حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے مدینہ کے قریب ایک گاؤں(اُبذہ) میں وفات پائی اور مدینہ میں ہی دفن کیے گئے۔لہٰذا استنبول میں صرف حضرت ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ کا مزارِ مبارک ہے۔آپؓ حضرت امیر معاویہؓ کے زمانہ میں جنگِ روم میں شامل ہوئے تھے اور پیرانہ سالی میں جنگ قسطنطنیہ کے جہاد میں شمولیت فرمائی۔اس سفر میں آپؓ بیمار ہوگئے اور سرزمین قسطنطنیہ (استنبول) میں وفات پائی اور وہیں ان کو دفن کر دیا گیا حضرت ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ کا مزار استنبول( ترکی) میں آج بھی زیارت گاہ خاص و عام ہے ۔
والسلام
ڈاکٹر ایم زید طاہر
٭…٭…٭
مکرمی ایڈیٹرصاحب الفضل انٹرنیشنل
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
امیدہے بفضلہ تعالیٰ خیریت سےہوں گے۔اللہ تعالیٰ کرے کہ ایساہی ہو۔
الفضل انٹرنیشنل 18تا27؍فروری 2020ءکاشمارہ ’’خصوصی اشاعت بر موقع یوم مصلح موعود‘‘پڑھا۔ماشاء اللہ انتہائی محنت سے تیارکردہ متنوّع مضامین پرمشتمل شمارہ تھا۔ایک مضمون’’سوسال قبل تاریخِ احمدیت،خلافتِ احمدیہ کاساتواں سال‘‘کے عنوان سےبھی شامل تھا۔جس میں 1920ء کے اہم واقعات کاذکرکیاگیاتھا۔مذکورہ مضمون کے بارہ میں دوامور سے متعلق خاکسارذکرکرناچاہتاہے۔
1۔ اپریل1920ء میں سیدناحضرت مصلح موعودؓ نے سیالکوٹ کاایک تاریخی سفراختیارفرمایاتھا۔اس ضمن میں13؍ اپریل 1920ء کے حوالے سے مذکورہ مضمون میں ذکرہے کہ’’حضور ؓسیالکوٹ سے واپسی پر 13؍ اپریل کو لاہور رونق افروزہوئے۔‘‘
برائے مہربانی درست فرمالیاجائےکہ حضرت مصلح موعودؓکی واپسی ازسیالکوٹ12؍اپریل صبح 10بجے تھی۔
(الفضل19؍اپریل1920ء،صفحہ11،کالم1،سطر7-8)
2۔ اس مضمون میں اپریل1920ء کے مذکورہ واقعات میں ایک نہایت اہم لیکچر کا ذکر نہیں ہو سکا۔جو حضورؓنے10؍اپریل کو شام پانچ بجےسیالکوٹ میں ارشاد فرمایا تھا۔اس لیکچر کاعنوان صداقت حضرت مسیح موعودؑ تھا۔ دو گھنٹے کے اس لیکچر میں تین سےچار ہزارافرادشریک ہوئے۔ جس میں شہرکے معززین،سرکاری اعلیٰ عہدیدار، وکلاء، بیرسٹر اورتعلیم یافتہ لوگ اورغیرمذاہب کے افرادبھی شامل تھے۔ اس لیکچرکاخلاصہ الفضل 15؍ اپریل 1920ء کی اشاعت میں درج ہے۔
(بحوالہ الفضل 15؍ اپریل 1920ء، صفحہ 2، کالم 2)
برائے مہربانی نوٹ فرمالیاجائے۔جزاکم اللہ خیراً۔
والسلام
خاکسار
’م۔م۔محمود‘
٭…٭…٭