افریقہ (رپورٹس)

نائیجر کے علاقہ ڈوگن ڈوچی میں جماعت احمدیہ کی پہلی مسجد کا افتتاح

(کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائیجر)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ نائیجر کو ڈیپارٹمنٹ ڈوگن ڈوچی کی ایک جماعت گوبورنچی میں مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔ اِس مسجدکی تعمیر کا آغاز دسمبر 2020ءمیں کیا گیا اور مورخہ 29؍جنوری 2021ء بروز جمعۃ المبارک اِس کا افتتاح عمل میں آیا ۔

افتتاح کی اس پروقار تقریب کے موقع پر مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجر شامل ہوئے۔

افتتاح کی بابرکت تقریب سے قبل ریجن کے مبلغ سلسلہ مکرم زوہیب اطہر صاحب کی جانب سے اُس گاؤں کے تیس سے زائد بچوں کی تقریبِ آمین کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس تقریب کی صدارت مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت نائیجر نے کی اور بعد ازاں بچوں کی علمی و روحانی استعدادوں میں ترقی کے لیے دعا بھی کی گئی۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے تمام بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے تا مسابقت کی روح کو پیدا کر کے گاؤں کے دیگر بچوں کو بھی قرآن سیکھنے کی طرف توجہ دلائی جا سکے۔

بعد از تقریبِ آمین ، مسجد کے افتتاح کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں مکرم امیر صاحب کے ہمراہ نائب امیر صاحب و صدر صاحب جماعت گوبورنچی شامل ہوئے۔ مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ اِس موقع پر میئر ڈوگن ڈوچی اور ڈوگن ڈوچی کے علاقائی چیف کے نمائندہ کے علاوہ آس  پاس کے احمدی و غیر احمدی دیہاتوں کے ائمہ اور چیفس نیز ایک بڑی تعداد میں لوگوں نے افتتاح کی اس تقریب میں شرکت کی۔ بعدازاں اِن تمام احباب نے جماعت کی مسجد میں ہی نمازِ جمعہ بھی ادا کی۔

چنانچہ دعا کے بعد لوگ مسجد میں داخل ہوئے اور امام الزماں کی جماعت کی اس خوبصورت مسجد سے اللہ اکبر اللہ اکبر کی پہلی صدا بلند کی گئی جس کے بعد امیر صاحب نے خطبہ جمعہ دیا اور ایک بڑی تعداد میں غیر احمدی مہمانوں کی موجودگی کو بہترین موقع جانتے ہوئے خطبہ میں حضرت مسیحِ موعودؑ کے دعاوی اور جماعت احمدیہ کے عقائد بیان کیے۔ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد مختلف اتھارٹیز نے جماعت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور دیگر بڑے امام اور چیفس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ایم ٹی اے کے ذریعہ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ براہِ راست مسجد میں ٹی وی پر چلایا گیا۔

اِس مسجد کے مسقف حصہ میں ایک سو افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ تعمیر کے دوران گاؤں کے احباب نے مختلف وقارِ عمل کے ذریعہ سے جماعت کے پانچ صد ڈالر سے زائد رقم کی بچت کی اور ایک انتہائی کم لاگت سے ایک خوبصورت مسجد کی تعمیر اپنے اختتام کو پہنچائی گئی۔ نیز بعض غیر ملکی احمدی احباب کے تعاون سے مسجد میں سولر بجلی، ساؤنڈ سسٹم اور ایم ٹی اے کے علاوہ بڑی تعداد میں چٹائیوں کا بندوبست کیا گیا ۔

اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے اس مسجد کی تعمیر میں اپنا وقت اور مال صرف کرنے والوں کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ نیز اس مسجد کو آنے والے وقت میں اِس علاقہ کے لیے امامِ وقت کے پیغام کی ترسیل کا ذریعہ اور مرکزِ تبلیغ بنائے۔ آمین

(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button