افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سیرالیون کے صد سالہ جشن تشکر کی تقریبات

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

19؍ فروری کا دن جماعت احمدیہ سیرالیون کی تاریخ میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔ آج سے سو سال پہلے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت مولانا عبدالرحیم نیر صاحبؓ گھانا جاتے ہوئے راستہ میں 19؍فروری 1921ء کو سیرالیون اترے اور مسلسل تین دن یہاں تبلیغ کرنے کے بعد آگے روانہ ہوئے۔ یہ دن سیرالیون کے مسلمانوں کے لیے انتہائی خوشی کے دن تھے۔ مولانا عبدالرحیم نیر صاحب نے اس مختصر قیام میں کئی لیکچرز دیے اور سرکردہ مسلمان نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور ہر ممکنہ طور پر اسلام احمدیت کا پیغام یہاں کے لوگوں تک پہنچایا۔ اس بابرکت موقع کے سو سال پورے ہونے پر ملک بھر میں تین روزہ صد سالہ جشنِ تشکر کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ (سیرالیون میں جماعت کا پیغام بذریعہ لٹریچر تو 1915ء میں ہی پہنچ گیا تھا اور 1916ء میں ایک مقامی شخص Pa Musa Gerberنے بذریعہ خط بیعت کی سعادت حاصل کی تھی۔)

چنانچہ محض اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے 19؍فروری 2021ء کو جماعت احمدیہ سیرالیون کے ایک سو سال مکمل ہونے پر اس موقع کی مناسبت سے ایک پروگرام تشکیل دیا گیا جو تین روز پر مشتمل تھا۔یہ پروگرام سارے ملک کی جماعتوں میں بھجوایا گیا تاکہ سارے ملک میں ایک ہی طرز کے پروگراموں کا انعقاد ہو۔ ان پروگراموں کا باقاعدہ آغاز 18؍فروری 2021ء کو ہوا۔ جمعرات کے روز سارے ملک میں احمدی احباب کو خصوصی طور پر نفلی روزہ رکھنے کی تحریک کی گئی اور موصولہ رپورٹس کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فضل سے 5202 افراد نے روزہ رکھا۔ جبکہ اسی موقع کی مناسبت سے ملک کے تمام ریجنل ہیڈ کوارٹرز اور مساجد کو رنگ وروغن کیا گیا اور جھنڈیوں، جوبلی بینرز اور جوبلی سٹکرز سے ان کو مزین کیا گیا اور کئی مساجد و مشن ہاؤسز کی تزئین کے لیے آرائشی لائٹس بھی لگائی گئیں۔ اسی روز احباب جماعت نے حضور انور کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط بھی لکھے جن کی تعداد1,966تھی۔

19؍فروری 2021ء کو احباب جماعت کو خصوصی طور پر نماز جمعہ اپنی اپنی مساجد میں باجماعت ادا کرنے کی تحریک کی گئی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے مساجد نمازیوں سے بھری رہیں۔ جماعت احمدیہ کے سو سال پورے ہونے کی مناسبت سے جماعت احمدیہ سیرالیون کی تاریخ پر مبنی ایک مختصر خطبہ جمعہ تیار کر کے ملک کی تمام جماعتوں میں بھجوایا گیا اور تمام مساجد میں جمعہ کے روز وہی خطبہ دیا گیا۔ اسی طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے ازراہ شفقت جماعت احمدیہ سیرالیون کے نام موصولہ پیغام بھی اس خطبہ جمعہ کے حصہ کےطور پر شامل کیا گیا تا کہ تمام احباب جماعت پیارے آقا کے پیغام کو سن سکیں اور اس پر عمل بھی کر سکیں۔ اسی طرح اس پیغام کا ترجمہ ملکی لوکل زبانوں میں بھی کیا گیا اور اسے بار بار ریڈیو پر پڑھ کر سنایا گیا تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اسے سمجھ بھی سکیں۔

19؍فروری 2021ء کے روز تمام ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں ایک ایک بکرا بطور صدقہ ذبح کیا گیا اور ایک احمدی خادم مکرم موسیٰ میوا صاحب کی طرف سے 4 گائیں بھی بطور صدقہ ذبح کی گئیں اور ان کا گوشت غرباء میں تقسیم کیا گیا۔

اسی روز مختلف ریڈیو چینلز پر 31 خصوصی پروگرامز کیے گئے اور تین ٹی وی چینلز پر بھی لائیو پروگرام کیے گئے جن میں جماعت احمدیہ کے تعارف، تعلیمات اور خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بہت بڑی تعداد میں جماعت کا تعارف لوگوں تک پہنچا اور بڑی تعداد میں لوگوں نے بذریعہ فون و سوشل میڈیا جماعت احمدیہ کے سو سال پورے ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

19؍فروری کی رات کو احمدیہ ریڈیو فری ٹاؤن، BO اور مکینی پر ایک مختصر لائیو پروگرام کیا گیا جس میں جماعت احمدیہ کی سو سالہ تاریخ اور خدمات پر مختصر روشنی ڈالی گئی اور اس کے آخر میں مکرم امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی جس میں سارے ملک سے احمدی و غیر احمدی احباب شامل ہوئے۔ سارے ملک سے لوگوں نے تہنیت کے پیغامات بھجوائے جن میں سےکچھ ریڈیو پر پڑھ کر بھی سنائے گئے۔

مورخہ20؍فروری2021ء کی صبح سارے ملک میں باجماعت نماز تہجد کی تحریک کی گئی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سےبڑی تعداد میں احباب جماعت نے مساجد اور گھروں میں باجماعت نماز تہجد ادا کی۔

20؍فروری کی مناسبت سے سارے ملک میں خصوصی طور پر یوم مصلح موعودؓ کے حوالہ سے اجلاسات کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ان پروگراموں میں مبلغین و لوکل مشنریز کے علاوہ اطفال، خدام اور انصار نے بھی سیرت و سوانح حضرت مصلح موعوؓد کے حوالہ سے مختلف تقاریر تیار کیں اور بھرپور جوش و جذبہ سے ان پروگراموں کو کامیاب بنایا۔ الحمد للہ علی ذالک

اس کے علاوہ کئی ریجنز میں ممبران جماعت نے مارچ پاسٹ کیا اور نعرہ ہائے تکبیر بلندکیے شاملین نے جماعت کے تعارف، پیغامات اور جماعتی خدمات کے متعلق بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔ مختلف مقامات پر جوبلی کی مناسبت سے خصوصی پروگراموں کا انعقاد بھی ہوا جس میں اطفال، ناصرات، لجنہ، خدام اور انصار نے حصہ لیا۔ ان پروگراموں میں خدام، انصار،لجنہ،ناصرات اور اطفال نے اپنے اپنے تنظیمی عہد بآواز بلند دہرائے اور بچوںو بچیوں نے مختلف نظمیں پڑھیں ۔ شاملین کو پروگرامز کے بعد کھانا بھی پیش کیا گیا۔ خدام نے مختلف ریجنز میں خصوصی وقار عمل کا بھی اہتمام کیا جس میں بچوں اور بڑوں نے یکساں شوق سے حصہ لیا۔ Mile 91ریجن میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا اور اس میں وہاں کے ریجنٹ چیف کو بھی مدعو کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ’مجھے ٹھیک طرح سے جماعتی تعلیمات کا علم نہیں تھا اس لیے سوچا آج خود جا کر دیکھتا ہوں۔ میں نے بڑی اچھی طرح مشاہدہ کیا ہے کہ جماعت احمدیہ قرآن و سنت پر عمل کرتی ہے اور رسول کریم ﷺ سے بے انتہا محبت بھی رکھتی ہے۔ آج میں بہت متاثر ہوا ہوں اور مجھے پختہ یقین ہے کہ جماعت احمدیہ ہی صحیح اور حقیقی معنوں میں اسلامی تعلیمات پر عمل کرتی ہے۔ ‘

جامعۃ المبشرین سیرالیون کو اس موقع پر نہایت سادگی کے ساتھ رنگ و روغن، جھنڈیوں اور روشنیوں سے سجایا گیا۔ (اس کی تفصیلی رپورٹ الگ سے الفضل انٹرنیشنل میں شائع ہوچکی ہے۔)دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں مقبول خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری مساعی میں برکت ڈالے۔آمین

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button